حکومت نے لوگوں کو لاوارث چھوڑدیا ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا دورہ فیصل آباد
مختصر وقفے کے بعد جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔ وہ الخدمت فائونڈیشن کے ڈاکٹر احمد سعید کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے لواحقین کے پاس پہنچے۔ ڈاکٹر سعید نے کورونا وبا کے دوران اگلی صفوں میں عوام کی مسلسل خدمت کی، اور بعدازاں وہ خود اس وبا کا شکار ہوکر اللہ کو پیارے ہوگئے۔ سراج الحق نے کہا کہ غربت کے مارے لوگ شہر شہر، کوچہ کوچہ راشن کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رمضان میں اشیائے خورونوش کی قلت نہیں ہوگی، مگر مہینے کے آغاز میں ہی لوگوں کو چینی، آٹا ٹکٹوں پر مل رہا ہے۔ خواتین اور بزرگ گھنٹوں لائنوں میں کھڑے رہتے ہیں تاکہ انھیں چند کلو راشن مل جائے۔ رمضان پیکیج کے لیے اعلان کی گئی سبسڈی بھی مافیاز کی جیبوں میں جائے گی۔ مافیاز نے اس حکومت پر انویسٹ کیا، اور یہی لوگ حکومتی معاملات چلا رہے ہیں۔ مصنوعی اقدامات اور وزارتوں میں تبدیلیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، سارا ٹبر ہی نالائق لوگوں کا ہے جن کے پاس معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے کوئی ویژن نہیں۔ آئی ایم ایف اور این جی اوز جو ڈکٹیٹ کردیتے ہیں حکومت وہی نافذ کردیتی ہے۔ کچھ عرصے بعد عوام شور مچاتے ہیں تو اعلانات واپس لے لیے جاتے ہیں اور وزیراعظم کہہ دیتے ہیں کہ یوٹرن لینا ہی لیڈر کی نشانی ہے۔ پی ڈی ایم ناکام ہوگیا۔ اپوزیشن اتحاد نے عوامی مسائل اجاگر کرنے کے بجائے مفادات کی سیاست کی۔ لوگ کورونا وبا کی وجہ سے شدید مشکلات میں ہیں۔ اسپتالوں میں بنیادی سہولیات نہیں۔ حکومت نے لوگوں کو لاوارث چھوڑ دیا۔ قوم وبا کے دوران احتیاط کرے۔ شریعت نے بیماری کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کا حکم دیا ہے۔ دین پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے۔ امتِ مسلمہ کے مسائل کا حل حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل اتباع میں ہے۔ قرآن کی تعلیمات عام ہوں گی تو معاملاتِ زندگی میں برکت آئے گی، غربت ختم ہوگی اور دنیا امن کا گہوارہ بنے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے فیصل آباد میں تنظیمی اجلاس کی صدارت بھی کی، اس کے بعد میڈیا سے گفتگو ہوئی۔ امیر ضلع فیصل آباد پروفیسر محبوب الزماں بٹ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ سراج الحق نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کو پاکستان میں آئے ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر گیا ہے، مگر بیماری سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جرمنی کی چانسلر نے ویکسین لگوانے کے لیے اپنی باری کا تین ہفتے انتظار کیا، مگر ہمارے ہاں حکمرانوں اور ان کے خاندانوں نے سب سے پہلے ویکسین لگوائی۔ انھوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ویکسین چوری ہوجاتی ہے، بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی شدید کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی جو اگلی صفوں پر وائرس کا مقابلہ کررہا ہے، لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ایک ناکام حکومت ہے جس کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے، اسکول کالج بند پڑے ہیں، مگر حکومت صرف جھوٹے اعلانات سے کام چلا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ملک میں چار بار وزیرخزانہ تبدیل ہوچکے ہیں۔ ایچ ای سی میں اعلیٰ عہدوں پر کئی بار تبدیلیاں کی گئیں۔ بیوروکریسی میں آئے روز اکھاڑ پچھاڑ ہوتی ہے۔ حکومت کو مان لینا چاہیے کہ ایسے اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ایک نالائق کو اِدھر سے ہٹاکر اُدھر تعینات کرنے کی پالیسی کارگر نہیں ہوگی۔ سراج الحق نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وبا سے محفوظ رہنے کے لیے اللہ کی خصوصی رحمت کے طلب گار رہیں۔ انھوں نے کہا کہ روزہ انسان کی جسمانی اور روحانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔ رمضان المبارک میں لوگوں کو نیکی کرنے کی تلقین کریں اور برائی سے منع کریں۔ حق کے مقابلے میں باطل کا ساتھ دینا سب سے بڑا جرم ہے۔ قوم صالح قیادت کو آگے لائے۔
ہفتہ رواں کے دوران الائیڈ اسپتال میں کورونا کے نئے 36 مریض داخل ہونے سے مجموعی تعداد 243 ہوگئی۔ اس دوران زیرعلاج کورونا کے کنفرم ومشتبہ مریضوں میں 15 مریض دم توڑ گئے، اسپتال میں کورونا کے کنفرم 144 جبکہ 99مشتبہ مریض بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹروں نے کورونا کی تیسری لہر کے دوران بڑھتی ہوئی اموات پر شہریوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ فیصل آباد ضلع میں اب تک مجموعی طور پر 24597 بزرگ افراد کو کورونا سے بچائو کی ویکسین لگائی جاچکی ہے جن میں 20483کو پہلی اور 4114 کو دوسری خوراک شامل ہے، جبکہ اسپورٹس کمپلیکس جڑانوالہ میں بھی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہے، اور اب مجموعی طور پر 6 سینٹر کام کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عطا المنعم کے مطابق اسپورٹس کمپلیکس سمن آباد، تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال سمندری نیو بلڈنگ، اسپورٹس کمپلیکس چک جھمرہ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال نیو بلڈنگ تاندلیانوالہ، اسپورٹس کمپلیکس جڑانوالہ اور رورل ہیلتھ سینٹر نیو بلڈنگ کھرڑیانوالہ کے سینٹرز میں روزانہ کی بنیاد پر بزرگ افراد کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے جہاں کورونا ایس اوپیز پر بھی ذمہ دارانہ عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
فیصل آباد میں 19 سستے رمضان بازاروں میں سبسڈائز ریٹ 375 روپے پر آٹا مہیا کیا جارہا ہے اور اکبر چوک گلستان کالونی رمضان بازار میں گزشتہ روز 1500 تھیلے فروخت ہوئے۔ اسی طرح جناح کالونی میں 1112، فیضان مدینہ چوک سوساں روڑ رمضان بازار میں 1890 تھیلے، فوارہ چوک بٹالہ کالونی نزد کشمیر پارک پیپلز کالونی نمبر 2 میں 2582 تھیلے، آئرن مارکیٹ ڈی ٹائپ کالونی کے رمضان بازار میں 2324، ملت روڈ گرین ٹائون اسٹاپ نزد اسٹار پیٹرولیم اینڈ سی این جی رمضان بازار میں 912، ماڈل بازارملت روڈ بالمقابل ساندل کالج میں 288 تھیلے،ریاض شاہد چوک اسلام نگر رمضان بازار میں 1320 تھیلے،سستا ماڈل بازار جھنگ روڑ میں 3532تھیلے فروخت ہوئے۔