hamidriazdogar@yahoo.com
کتاب … آئینۂ اسلام
مصنف … پروفیسر عبدالقیوم
تحقیق و تخریج … حافظ محمد فیاض الیاس
ضخامت … 120 صفحات
قیمت … 300 روپے
ناشر … ریاض احمد چودھری
سیکرٹری بزم اقبال، 2 کلب روڈ لاہور
فون: … 042-99200851
موبائل … 0335-6347530
…٭…٭…٭…
دینِ اسلام کی اساسی تعلیمات سے متعلق یہ مختصر اور جامع کتاب گورنمنٹ کالج لاہور کے پروفیسر عبدالقیوم مرحوم نے کالج کی ابتدائی جماعتوں کے طلبہ و طالبات کے لیے مرتب کی تھی، تاہم معلومات اور مشمولات کے لحاظ سے دینی مطالعے کا ذوق رکھنے والے عام قارئین اور مقابلے کے امتحانات میں شریک ہونے کے خواہش مند حضرات بھی اپنے اسلامیات کے پرچے کے لیے اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ کتاب کی اس افادیت اور اہمیت کے پیش نظر ’بزم اقبال‘ کے سیکرٹری ریاض احمد چودھری صاحب نے نہایت اہتمام سے کتاب کی ازسرنو اشاعت ضروری سمجھی ہے۔ اس ضمن میں قابلِ ستائش امر یہ بھی ہے کہ ’’آئینۂ اسلام‘‘ کی اشاعت کے دوران حکومتِ پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے علاوہ محکمہ خزانہ کا مالی تعاون بھی ’بزم اقبال‘ کو حاصل رہا ہے۔
کتاب کے ناشر محترم ریاض احمد چودھری ’عرض ناشر‘ میں کتاب کا تعارف کراتے ہوئے رقم طراز ہیں:
’’یہ تالیف نہایت آسان اور پُرمغز معلومات پر مبنی ہے۔ مواد سہل و دلچسپ بھی ہے اور گہری تعلیم و تربیت کا حامل بھی۔ پروفیسر صاحب نے مستند اور مفید معلومات اور معتبر مآخذ کا اہتمام کیا۔ قارئین کی آسانی کی خاطر صحتِ تلفظ کے لیے مشکل الفاظ پر اعراب لگائے۔ یہ کتاب اسلام کی آسان تفہیم کے لیے قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے۔ کتاب میں مذکور آیات و احادیث کی تخریج حافظ محمد فیاض الیاس شعبۂ تحقیق وتالیف دارالمعارف لاہور نے کی ہے۔‘‘
اسلامی تعلیمات پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان میں انسان کے عقیدہ و ایمان، اپنے خالق و مالک سے انسان کے تعلق اور اس کی بندگی و عبودیت کے اظہار، روزمرہ زندگی میں دیگر انسانوں سے معاملات کے دوران احکامِ الٰہی کی پابندی اور معاشرے میں رہتے ہوئے باہمی تعلقات میں اخلاقیات کے لحاظ کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے ۔ ’’آئینۂ اسلام‘‘ میں انہی بنیادی امور سے متعلق قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح رہنمائی کتاب کے قارئین کو فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کتاب کو تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا باب عقائدِ اسلام اور اجزائے ایمان پر مشتمل ہے، اس باب کو پانچ ذیلی عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے، جب کہ متعدد ضمنی عنوانات کے تحت خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم سمیت 6 ممتاز انبیائے کرام ؑ کے مختصر حالات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ دوسرا باب ارکانِ اسلام سے متعلق ہے جس میں نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ جیسی عبادات کی اہمیت اور ان کے بارے میں بنیادی تعلیمات کی وضاحت کی گئی ہے۔ تیسرا باب اسلامی اخلاق کے عنوان سے ہے جس میں صدق، امانت، ایفائے عہد، ایثار، رحم اور عفو و درگزر کے ذیلی عنوانات کے تحت قرآنی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ سے مثالیں بیان کرکے قاری کو انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی دعوت دی گئی ہے… ’’آئینۂ اسلام‘‘ اپنے مندرجات کے اعتبار سے اس قابل ہے کہ اسے ملک کے تمام تعلیمی اداروں کی لائبریریوں کی زینت بنایا جائے، تاکہ نئی نسل دینِ متین کی بنیادی تعلیمات اور اصطلاحات سے آگاہی حاصل کرسکے، اور اپنی روزمرہ زندگی میں قرآن و سنت اور سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہونے کا جذبہ ہمارے نوجوانوں کے دلوں میں موجزن ہو۔