نوول کورونا وائرس اس وقت جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا سب سے نیا پیتھوجن ہے، لیکن اس جیسے ہزاروں وائرس جانوروں میں چھپے ہیں، جو کسی بھی وقت بنی نوع انسان کو ایک نئی عالمگیر وبا میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ امریکی محققین نے ایک ایسا نیا آن لائن ٹول تیار کیا ہے جس میں ایسے وائرس کی ان کی ہلاکت خیزی کے لحاظ سے درجہ بندی کی گئی ہے جو ایک ہی جست میں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوکر کورونا جیسی تباہی پھیلا سکتے ہیں۔ اس آن لائن ٹول کو اسپل اوور کے نام سے متعارف کروایا گیا ہے۔ اس ٹول کو ڈیولپ کرنے والی ٹیم کے سربراہ اور یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے انسٹی ٹیوٹ آف ’ون ہیلتھ‘ کے محقق زوئے گرینگی کا کہنا ہے کہ ”اسپل اوور میں ابتدائی طور پر جانوروں میں موجود ایسے وائرس کی ’واچ لسٹ‘ تیار کی گئی ہے جن سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ یہ ٹول بلامعاوضہ آن لائن دستیاب ہے“۔ ان کا کہنا ہے کہ ”اس ٹول کو سائنس داں، پالیسی میکرز اور ماہرینِ صحت مزید تحقیق کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ایسے وائرس پر تحقیق کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس ٹول کی بدولت ممکنہ طور پر وبا کا خطرہ بننے والے وائرس کی نگرانی کرتے ہوئے قبل از وقت ویکسین بھی تیار کی جاسکتی ہیں۔ زوئے گرینگی کا کہنا ہے کہ ہمیں نہ صرف ایسے وائرسز کی شناخت کرنے کی ضرورت ہے بلکہ کسی دوسری تباہ کن وبا کے رونما ہونے سے پہلے ہی ترجیحی بنیادوں پر اِن (وائرس) پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ رواں ہفتے سائنسی جریدے ”پروسیڈنگس آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنس“ میں اسپل اوور ٹول پر شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق تقریباً 250 وائرس کو ’ذونوٹک‘ کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ ذونوٹک (حیوانوں کی بیماریاں) کی اصطلاح ایسے وائرس کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو کہ پہلے ہی جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ جب کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پانچ لاکھ سے زائد وائرس ایسے ہیں جن کے انسانوں میں منتقل ہونے کے امکانات ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر وائرس جانوروں سے انسانوں میں داخل ہوجائے۔ اسی لیے اس ٹول میں وائرس اور اس کے میزبان سے منسلک 32 رسک فیکڑز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اسپل اوور ٹول میں جنگلی حیات کے اسپل اوور خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے 887 وائرس کو رینک کیا گیا ہے۔ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے سرفہرست وائرس میں پہلے نمبر پر Lassa، دوسرے پر SARS-CoV-2 (کوڈ 19) اور تیسرے نمبر پر ایبولا وائرس ہے۔