شکر عافیت

ابوحمزہ محمد بن میمون سکریؒ (متوفی 168ھ) مشہور محدث ہیں۔ ’’سکری‘‘ کے لفظی معنی ہیں ’’نشہ والا‘‘۔ اصل میں سکری نشہ آور اشیا فروخت کرنے والے کو کہتے ہیں، لیکن حضرت ابوحمزہؒ کے لیے یہ لقب اس لیے مشہور ہوا کہ ان کا اندازِ گفتگو بڑا شیریں اور مؤثر تھا۔ انہی حضرت ابوحمزہؒ کا معمول تھا کہ اگر ان کے پڑوس میں کوئی شخص بیمار ہوتا تو اس کی جتنی رقم علاج معالجہ پر صرف ہوتی، یہ اتنی ہی رقم اللہ تعالیٰ کی راہ میں صدقہ کردیا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس بیماری سے بچا کر مجھ پر احسان فرمایا، اس کا شکریہ ہے کہ کم از کم اتنی رقم صدقہ کردی جائے۔
حضرت ابوحمزہؒ کے پڑوسی ان سے اس قدر خوش تھے کہ ان کے ایک پڑوسی نے اپنا مکان بیچنے کا ارادہ کیا تو خریدار نے قیمت پوچھی، اس نے جواب دیا ’’ دو ہزار تو گھر کی قیمت ہے اور دو ہزار ابوحمزہؒ کے پڑوس کی‘‘۔ حضرت ابوحمزہؒ کو پڑوسی کے اس جملے کی اطلاع پہنچی تو انہوں نے چار ہزار روپے اپنے پاس سے پڑوسی کے پاس بھیج دیئے اور فرمایا: ’’رکھ لو اور گھر مت بیچو‘‘۔
(مفتی محمد تقی عثمانی۔ تراشے)