گوجرانوالہ:قمر زمان کائرہ کی میڈیا سے گفتگو

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حزب اختلاف جماعتوں نے عمران خان کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ڈی ایم نے 26نکاتی اعلامیہ طے کیا، کامیاب جلسوں سے حکومت کی ہوائیاں اڑنے لگیں، ہم نے سینیٹ اور ضمنی انتخابات لڑنے پر دیگر جماعتوں کو راضی کیا۔ ضمنی انتخابات میں حکومت کی سلیکٹرز حمایت نہ کرتے تو پتا چل جاتا کہ یہ کتنے مقبول ہیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں سب نے دیکھا کہ سندھ اور بلوچستان میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ کروڑوں روپے میں بکے۔ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں گیلانی کو پیش کیا، پی ڈی ایم کی مدد سے الیکشن جیتا، صدر نے وزیراعظم کے کہنے پر اعتماد کا ووٹ لینے کو کہا، ہم نے سینیٹ الیکشن میں 49 لوگوں نے گیلانی کے خانے میں ٹک کیا۔ عدلیہ کا احترام ہے، مگر 18 ویں ترمیم کو کیوں سنا گیا؟ آپ فیصلہ کربھی رہے ہیں اور نہیں بھی کررہے۔ ڈاکے مارنے کے خلاف بھی فیصلے کریں، اب اگلی عدالت میں جائیں گے۔ استعفوں کے فیصلے سے فرار نہیں چاہتے۔ اعلامیے میں واضح لکھا ہے کہ کب کیا کرنا ہے۔ پنجاب میں ان کے بیسیوں لوگ ان کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف آگے آئیں ہم ساتھ ہیں۔ یہ کامیاب نہ ہو تو آخری حل استعفے ہیں۔ ہمارے دوست طے شدہ رستے سے نہیں جانا چاہتے، مگر ہماری منزل ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی ای سی کے بعد پی ڈی ایم سے رجوع کریں گے۔ اب تلخی والی کوئی بات نہیں کرنی۔ ابتدا کبھی پیپلز پارٹی نے نہیں کی۔ پی ڈی ایم کبھی ختم نہیں ہوگی، عوام کی اس حکومت سے جان چھڑائیں گے۔ جماعت اسلامی حزب اختلاف کی بڑی جماعت ہے، تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔ سنجرانی کو جعلی طریقے سے جتوایا گیا۔
پنجاب کے وزیر قانون راجا محمد بشارت نے کہاہے کہ عوام کے جان ومال اور عزت و آبرو کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اور قومی اہمیت کے حامل مواقع اور ایام پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے ذریعے قیام امن کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی کے سلسلے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔ سب کو مل کر ایسی قوتوں پرکڑی نظر رکھنا اور ان کے ارادوں کوناکام بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے بھرکے کمشنر، آر پی او اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک ویڈیو لنک اجلاس کے دوران کیا۔ قائم مقام کمشنر گوجرانوالہ محمد سہیل خواجہ، آر پی او عبدالکریم، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ افضال قمروڑائچ، اے سی جی تنویر یٰسین اور دیگر افسران بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر نے صوبائی وزیر کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال، دہشت گردی کے ممکنہ امکانات اور دیگر پہلوئوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔