سیالکوٹ:مہنگائی کی لہر میں تیزی

غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی

رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور اشیائے خورو نوش کے نرخ بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مہنگائی کو کم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی کنٹرول ریٹ پر عوام کو فراہمی کے دعووں کے برعکس مہنگائی کی لہر مزید تیز ہوگئی ہے اور ملک میں برائلر مرغی کی اڑان نیچے آنے کے باوجود سرکاری مقرر کردہ نرخوں 212 روپے کے بجائے 250روپے، اور گوشت 318کے بجائے 350روپے تک میں سرعام فروخت کیا جارہا ہے۔ اسی طرح قصاب حضرات کی طرف سے چھوٹے، بڑے گوشت کی فروخت بھی اپنے من مانے ریٹ پر جاری ہے، جبکہ دیگر دکان داروں کی طرف سے گھی، چینی، آٹا، دالیں،انڈے، سبزیاں، فروٹ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء خود ساختہ بڑھائی گئی قیمتوں کے باعث غریب دیہاڑی دار اور سفید پوش عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں، اور غریب آدمی کی قوتِ خرید یکسر جواب دے چکی ہے، جبکہ حکومتی دعووں کے برعکس انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سب اپنی مرضی کے ریٹ عوام پر مسلط کررہے ہیں، غریب کا کوئی پرسانِ حال نہیں، ہر حربہ استعمال کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے، اور حکومت اور انتظامیہ خاموشی سے غریب عوام کے لٹنے کا تماشا دیکھ رہے ہیں، اگر عوام کو اب بھی کچھ ریلیف نہ ملا تو غریب طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہوجائے گا، حکومت کو چاہیے کہ ہنگامی بنیادوں پر سمبڑیال اور گرد و نواح میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق پنجاب کے انتخابی حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب 18 مارچ کو ہوگا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حلقے میں 21 پولنگ اسٹیشنوں پر نیا عملہ کام کرے گا۔ ڈی ای اے کے مطابق 339 پولنگ اسٹیشنوں پر 19 فروری والا عملہ کام کرے گا، ڈیوٹی آرڈر کی اطلاع واٹس ایپ کے ذریعے کردی گئی ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 346 کا پریزائیڈنگ افسر بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
کورونا وبا سے بچائو کے لیے ویکسی نیشن سینٹر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں قائم کردیا گیا، پہلے مرحلے میں 60سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا اینٹی وائرس انجکشن لگائے جائیں گے۔ پہلے روز 6 افراد کو ویکسین دے دی گئی، جبکہ محکمہ صحت کو رجسٹریشن کے حامل 100 افراد کی فہرست موصول ہوگئی۔ ڈپٹی ڈی ایچ او سمبڑیال رانا زاہد منیر نے بتایا کہ قائم کردہ مرکز پر پہلے مرحلے میں پہلے روز60 سال سے زائد عمر کے افراد جو کہ سرکاری اداروں سے ریٹائرڈ ہیں، انہیں کورونا اینٹی ویکسی نیشن کے حفاظتی انجکشن لگادیے گئے ہیں، جبکہ تحصیل بھر سے کورونا ویکسی نیشن کے امدادی ٹال فری نمبر اور ویب سائٹ پر اندراج کروانے والے 60 سال سے زائد العمر افراد کی فہرست ہمیں موصول ہوگئی ہے جن کو اُن کے موبائل فون پر محکمے کی طرف سے مقررہ تاریخ اور وقت کا تصدیقی پیغام آنے پر آئندہ چند روز میں حفاظتی ویکسین کے انجکشن لگا دیے جائیں گے۔ 60سال سے زائد عمر کے افراد پہلے مرحلے میں ویکسین لگوانے کے لیے خود یا ان کے اہلِ خانہ امدادی ٹال فری نمبر یا ویب سائٹ کے ذریعے اندراج کے عمل کر یقینی بنائیں۔