مصنف : پروفیسرڈاکٹر نثار احمد
صفحات : 180 قیمت: 400 روپے
ناشر : ورلڈ ویو پبلشرز، لاہور
رابطہ نمبر : 03333585426
برعظیم پاک و ہند کے معروف و ممتاز سیرت نگار، محقق اور مؤرخ ڈاکٹر نثار احمد صاحب (اطال اللہ عمرہ) کی سیرت نگاری سے وابستگی اور خدماتِ سیرت کا دائرہ نصف صدی پر محیط ہے۔ آپ نے 1976ء میں شعبۂ اسلامی تاریخ جامعہ کراچی سے ڈاکٹر محمد سلیم صاحب (مرحوم) کی زیر نگرانی ”عہدِ نبوی میں ریاست کا نشو و ارتقاء“ کے موضوع پر پی ایچ۔ ڈی۔ کیا۔ پانچ سال ادارہ معارفِ اسلامیہ(کراچی) میں تحقیقی و تصنیفی خدمات انجام دیں۔ جب کہ 1964ء تا 2001ء شعبہ اسلامی تاریخ، جامعہ کراچی میں تدریسی فرائض انجام دیے، اور بحیثیت صدر شعبہ اسلامی تاریخ و رئیس کلیہ فنون و تجارت، جامعہ کراچی اپنے فرائض سے بحسن و خوبی سبک دوش ہوئے۔
استادِ محترم ڈاکٹر نثار احمد کے خاص سیرتِ طیبہ کے موضوع پر علمی و تحقیقی مضامین و مقالات پاک و ہند کے اہم ترین مجلات کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ آپ نے سیرتِ طیبہ کے جن موضوعات کو موضوعِ تحقیق بنایا ہے، ان پر مفصل مطالعہ پیش کیا ہے، اور اب تک پائی جانے والی تشنگی کو دور کرنے کی ایک کامیاب سعی کی ہے۔ آپ کی اہم تالیفات و تصنیفات میں ”عہدِ نبویﷺ میں ریاست کا نشووارتقاء“، ”نقشِ سیرت“، ”خطبہ حجۃ الوداع“ اور ”دعوتِ نبویﷺ اور مخالفت ِقریش“ شامل ہیں۔
ڈاکٹر نثار احمد صاحب کی سیرت اور متعلقاتِ سیرت پر وقیع علمی خدمات کا اعتراف قومی سطح پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔1983ء میں آپ کو نقوش صدارتی ایوارڈ برائے سیرت عطا کیا گیا۔ جب کہ قومی سیرت کانفرنس، صدارتی ایوارڈ سے چار مرتبہ(1989ء، 1991ء، 1992ء اور1996ء) نوازا گیا۔ نیز وزارتِ مذہبی امور حکومتِ پاکستان کے تحت مقابلہ کتب2005ء میں آپ کی کتاب ”خطبہ حجۃ الوداع“ پر، اور 2008ء میں ” عہدِ نبوی میں ریاست کا نشو و ارتقاء“ پر اول انعام عطا کیا گیا۔
پیش نظر کتاب النقوش المنورۃ فی سیرۃ المطھرۃ سیرت و تعلیماتِ نبویﷺ پر ڈاکٹر نثار احمد کی ایک مختصر لیکن جامع اور منفرد کتاب ہے۔ اس کتاب کے دو حصے ہیں۔ پہلے حصے میں فاضل مصنف نے سیرتِ طیبہﷺ کے اہم واقعات کو اپنے منفرد اسلوب میں تاریخی ترتیب کے ساتھ نہایت اختصار لیکن جامعیت سے بیان کیا ہے۔ جب کہ دوسرے حصے میں تعلیماتِ نبویﷺ کا ایک انتخاب پیش کیا ہے جسے صحاح ستہ اور حدیث کی دوسری مستند کتابوں سے اخذ کیا گیا ہے، جس کے بارے میں فاضل مصنف رقم طراز ہیں کہ: ۔
۔”تعلیماتِ نبوی کی اصل حیثیت قانونِ الٰہی یا کتابِ ہدایت کی تشریح وتفسیر کی بھی ہے اور شریعت ِ اسلامی کی تکمیل کی بھی۔ اس لیے قرآن اوراسلام دونوں کوحدیث وسنت کے بغیر سمجھنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ پھر جس طرح قرآنی تعلیمات زندگی کے تمام گوشوں پر حاوی ہیں اسی طرح تعلیمات ِ نبوی بھی ہمہ گیر، جامع اور قدم قدم پرحیاتِ انسانی کے لیے رہنما ہیں۔ علاوہ ازیں ہدایتِ آسمانی کی مکمل تشریح اور شریعت کی ساری تفاصیل درحقیقت تعلیمات ِ نبویؐ میں بھی بیان کی گئی ہیں۔“
فاضل مصنف نے احادیث کے انتخاب کے سلسلے میں نہ صرف یہ کہ عنوانات کا تعین اور تجزیہ کیا ہے بلکہ ہر عنوان کے تحت ایک سے زائد احادیث نقل کرکے اس موضوع کے مختلف پہلو بھی سامنے لائے ہیں، اور یہ کوشش کی ہے کہ حضور ﷺ کی سیرت کے وہ نقوش اجاگر کیے جائیں جن سے پتا چلتا ہےکہ آپ ﷺ کی سیرت انسانی زندگی کے لیے کیا رہنمائی پیش کرتی ہے، اور یہ واضح ہو کہ آپ ﷺ کی تعلیمات کیا ہیں اور آپ ﷺ نے انسانیت کو کیا پیغام عطا کیا ہے۔
سیرت و تعلیماتِ نبویﷺ کے موضوع پر اس خوب صورت کتاب کو ورلڈ ویو پبلشرز ، لاہور نے بہت سلیقے اور اہتمام سے شائع کیا ہے۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ استادِ محترم پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صاحب کے علم و عمل میں مزید برکتیں عطا کرے اور آپ کو درازیِ عمر بالخیر عطا فرمائے۔ آمین۔