لغات اور فرہنگیں

مصنف : ڈاکٹر رئوف پاریکھ
drraufparekh@yahoo.com
صفحات : 168 قیمت:450 روپے
ناشر : سٹی بک پوائنٹ، نوید اسکوائر، اردو بازار، کراچی
فون021-32762483

ڈاکٹر رئوف پاریکھ ہمہ وقت علمی و ادبی تخلیق، تحقیق، تنقید، تدوین، ترجمے سے اردو زبان کی ثروت میں وقیع و ثمین اضافہ کرتے رہتے ہیں۔ ان کے فکری اور عملی اعمال کا نتیجہ درج ذیل کتابوں کی شکل میں محفوظ ہوا ہے:۔
70 Years of Pakistan Urdu Literature، لغات: تحقیق و تنقید (مرتب)، انتخابِ کلام: میرزا محمود سرحدی (ترتیب و تعارف)، انتخابِ کلام: عنایت علی خان (ترتیب و تعارف)، مطالعۂ غالب کی جہتیں (شریک مرتب)، تلمیحات (تدوین، حواشی، تعارف)، مطالعۂ اقبال کی جہتیں (شریک مرتب)، کتبِ لغت کا تحقیقی و لسانی جائزہ (تدوین و تحشیہ)، انتخابِ کلام: سید محمد جعفری (ترتیب و تعارف)، ہیرے والا شتر مرغ، انتخابِ کلام: راجا مہدی علی خان (ترتیب و تعارف)، انتخابِ کلام: صوفی تبسم (ترتیب و تعارف)، علمِ لغت، اصولِ لغت اور لغات، لسانیاتی مباحث، لغوی مباحث، اردو کی پانچویں کتاب (شریک مصنف)، لغت نویسی اور لغات: روایت اور تجزیہ (مرتب)، انتخابِ کلام: ظفر علی خاں (ترتیب و تعارف)، اردو لغات: اصول و تنقید (مرتب)، انتخابِ کلام: مجید لاہوری (ترتیب و تعارف)، اردو میں لسانی تحقیق و تدوین: گزشتہ چند عشروں میں، Oxford Udru-English Dictionary(مدیراعلیٰ)، اردو میں تحقیق و تدوین (مرتب)، انتخابِ کلام: اسمٰعیل میرٹھی (ترتیب و تعارف)، سعادت حسن منٹو (شریک مولف)، Iqbal by Atiya (مقدمہ، ترتیب و حواشی)، انتخابِ کلام: حالی (ترتیب و تعارف)، امیر اللغات جلد سوم (تدوین و تحشیہ)، اردو لغت نویسی: تاریخ، مسائل اور مباحث (مرتب)، معیاری اردو قاعدہ (شریک مولف)، چمن ِاردو (شریک مولف) (8 نصابی کتب)، Oxford Mini English-Urdu Dictionary، انتخابِ کلام: اکبر الٰہ آبادی (ترتیب و تعارف)، اردو لغت (تاریخی اصول پر) جلد 21(مدیراعلیٰ)، اوّلین اردو سلینگ لغت، اردو لغت (تاریخی اصول پر) جلد 20 (مدیراعلیٰ)، عصری ادب اور سماجی رجحانات، اردو لغت (تاریخی اصول پر) جلد 19(مدیراعلیٰ)،سرخاب کے پر (تراجم)، اردو نثر میں مزاح نگاری کا سیاسی اور سماجی پس منظر، نازک صاحب کا بکرا، ہوائیاں، پٹاخوں کا ہنگامہ، خفیہ پیغام
ڈاکٹر صاحب تحریر فرماتے ہیں:۔
’’اس کتاب میں شامل مقالات میں اردو کی کچھ لغات اور فرہنگوں کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے۔ کوئی دعویٰ نہیں ہے لیکن الحمدللہ بعض مسائل و مباحث پہلی بار ان مقالات میں پیش ہوئے ہیں۔ تاہم اب بھی اردو لغت نویسی اور لغات سے متعلق کئی موضوعات ایسے ہیں جن پر کام کیا جانا چاہیے، بقول میرؔ:۔

یہی جانا کہ کچھ نہ جانا، ہاے
سو بھی اک عمر میں ہوا معلوم

یہ مقالات مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں اور زیر نظر اشاعت میں ان میں سے بعض میں کچھ ترامیم اور اضافے کیے گئے ہیں۔ امید ہے کہ یہ اُن طالب علموں کے لیے بطور خاص مفید ثابت ہوں گے جو جامعات میں ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی میں لغت نویسی پر تحقیق کرنا یا اس موضوع پر کچھ لکھنا چاہتے ہوں۔
ان مقالات پر حسبِ سابق محمد احسن خاں صاحب (لاہور) سے تبادلۂ خیال ہوتا رہا اور حسبِ سابق بعض نکات پر ان سے مدد اور رہ نمائی ملی۔ ان کا شکریہ رسمی طور پر نہیں بلکہ دل سے ادا کرتا ہوں کہ زبان اور لغت کے مسائل پر رہ نمائی کرنے والے اب خال خال ہی رہ گئے ہیں۔ اللہ انہیں صحت مند اور تادیر سلامت رکھے۔ آمین
وصی اللہ کھوکھر صاحب کا شکریہ ادا کرنا لازم ہے کہ انہوں نے مسودے میں ایک دو فروگزاشتوں کی نشان دہی کی اور ان کی تصحیح کی طرف توجہ مبذول کرائی۔
سٹی بک پوائنٹ کے آصف حسن صاحب کا شکریہ کہ انہوں نے کتاب کی فوری اور خوب صورت طباعت کا ارادہ ظاہر کیا۔ محمد صابر جمیل عدنانی صاحب کا بھی شکریہ کہ انہوں نے اس کتاب کی کمپیوٹر پر صورت گری میں بہت مدد کی، ورنہ تکنیکی مسائل سے نبرد آزما ہونا میرے بس کی بات نہیں‘‘۔
کتاب مندرجہ ذیل آٹھ مقالات پر مشتمل ہے:۔
(1) فرہنگیں اور اردو میں ادبی متون کی فرہنگیں: اصول اور مباحث،
(2) امیر مینائی کی ایک نادر اور غیر مطبوعہ لغت
(3) اردو محاورات: انیسویں صدی میں مطبوعہ دو اہم لغات
(4) زبان اور صنفی اختلاف: خواتین کی اردو اور اس کی لغات
(5) ضرب المثل اور اردو ضرب الامثال کی لغات
(6) مسائلِ تلفظ، فرہنگِ تلفظ اور صوتیات
(7) مہذب اللغات اور اصول لغت نویسی
(8) تحقیقِ الفاظ و اشتقاق اور ان کی اردو فرہنگیں
کتاب خوب صورت طبع کی گئی ہے۔ مجلّد ہے۔ سادہ سرورق سے مزین ہے۔