گوجرانوالہ: نظریہ پاکستان موومنٹ کے زیر اہتمام انڈیا مردہ باد سیمینار

چیئرمین مرکزی جمعیت اہلحدیث عالمی علامہ طارق یزدانی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے۔کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، لیکن بھارت کشمیریوں کے حق آزادی کو طاقت سے نہیں دبا سکتا، آزادی کشمیریوں کا حق ہے، بھارتی مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی شرمناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریۂ پاکستان موومنٹ کے زیراہتمام انڈیا مُردہ باد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی صدر نظریۂ پاکستان موومنٹ چودھری شفقت ندیم گورائیہ نے کہا کہ حکومت کرپشن کرپشن کے نعرے لگانے کے بجائے سسٹم کو درست کرے، نظریۂ پاکستان قیامِ پاکستان کی اساس ہے، اس کو مقدم رکھا جائے۔ سیمینار سے مولانا مشتاق چیمہ، نعمت اللہ ظفر، شمشاد ناہرا، انس ظہیر، حافظ شفیق، حجاج صمدانی، الطاف سندھو، اعظم طارق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

………

ایف یو بی گروپ، پاکستان کٹلری کلسٹر وزیر آباد کے زیراہتمام تحریک انصاف کی صوبائی و وفاقی حکومتوں کی جانب سے ملکی معیشت کے حوالے سے کامیاب اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بزنس کمیونٹی اینڈ لیبر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ لالہ محمد خلیل، حمزہ شکیل بھٹہ، مہر اعظم شکیل اور چیئرمین کٹلری حاجی نصیر احمد کی قیادت میں ریلی کی صور ت میں سیکڑوں افراد نے تحریک انصاف کے جھنڈے پکڑ کر وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کنونشن سے محمد احمد چٹھہ، امیدوار حلقہ 51 وزیر آباد چودھری محمد یوسف، چیئرمین کٹلری ایسوسی ایشن حاجی نصیر احمد آرائیں، چیئرمین ایف یو بی حمزہ شکیل بھٹہ، چیئرمین کٹلری کلسٹر خالد مغل، مہر شکیل اعظم، لالہ محمدخلیل، حافظ سلیم، راحت نذر اور عمران چوہان نے خطاب کیا۔ بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر آباد سے وابستہ اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات شروع کیے ہیں جو آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے ساتھ ساتھ ہزاروں مرد و خواتین کے لیے نئے روزگارکے حصول کا سبب بنیں گے۔ ریلی کے شرکا سے شبیر اکرم چیمہ اور پروین شیخ نے بھی خطاب کیا۔

………

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں 23 اقسام کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے غائب کرکے تاجروں اور دکان داروں نے مصنوعی مہنگائی کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں آٹا، چینی، دالوں، گھی،گوشت روٹی، نان وغیرہ کے سرکاری نرخ جاری کیے گئے، مگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ غفلت سے دکان داروں اور خوانچہ فروشوں نے سرکاری نرخ نامے غائب کردیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ماہانہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا ازسرنو جائز لے کر نرخ مقرر کرتی ہے اور مقررہ نرخوں پر اشیا کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے تاجر تنظیموں اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ریٹ لسٹیں جاری کی جاتی ہیں جن پر عمل درآمدکے لیے 45 افسروں کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے اختیارات دیے گئے ہیں، لیکن پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں، بازاروں کا دورہ کرنے کے بجائے اپنے دفاتر میں بیٹھے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے دکان داروں نے نرخ نامے غائب کردیے ہیں۔