ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کچہری چوک میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید لاشاری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف، صاحب زادہ حامد رضا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل شہزاد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی نوید اقبال، اشفاق نذر گھمن، حافظ اصغر علی چیمہ، علی ارشد چودھری اور شریف گھمن و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ غاصبانہ ہے اور اقوام عالم کی کشمیریوں پر مظالم پر خاموشی مجرمانہ ہے، کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، جبکہ پاکستان کی حکومت اور عوام جدوجہدِ آزادی ِکشمیر کی حمایت کرتے ہے اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں استصوابِ رائے کی منظور شدہ قرارداد پر عمل درآمد کروائے، تاکہ کشمیری عوام اپنے حقِ رائے دہی کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تک اظہارِ یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیرپر ریلی کا انعقاد کیا۔
تحصیل انتظامیہ اور سیاسی و دینی جماعتوں کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے حوالے سے ریلیوں کا انعقاد، شرکاء کی ہندو بنیے کے غاصبانہ قبضے اور مظالم کی بھرپور مذمت جبکہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہدِ آزادی اور قربانیوں پر خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ تحصیل انتظامیہ سمبڑیال کے زیراہتمام بھی میونسپل کمیٹی دفتر سے چوک موڑ سمبڑیال تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر وڑائچ، سابق ایم پی اے او رپی ٹی آئی رہنما چودھری محمد عظیم نوری گھمن، ایس ایچ او محمد ریاض باجوہ، صدر انجمنِ تاجران شیخ طاہر دانش، صدر انجمنِ شیخاں حاجی ثناء اللہ شیخ، سرکاری اداروں کے ملازمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر وڑائچ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما چودھری محمد عظیم نوری گھمن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہونے کا پورا حق ادا کررہے ہیں، ان کی قیادت میں آج تمام پاکستانی عوام نے اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرکے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حوصلے بلند کردیے ہیں۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی سے محمد اویس گھمن، ارشد اقبال تکھڑ، محمد ایوب انجم، علی حبیب ایڈووکیٹ، عثمان نجمی، رانا بابر نعیم، محمد عاصم گجر نے خطاب کیا۔ شرکائے ریلی نے کشمیر کی آزادی اور وطن عزیز کے استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔