عمان کے سلطان کی طرف سے ’’آم انسائیکلوپیڈیا‘‘ کے عنوان سے مرتب کی گئی کتاب پیش کرنے کی تقریب ہوئی۔
’’اس کتاب سے نہ صرف یونیورسٹی کے طلبہ، بلکہ اساتذہ اور محققین کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔ زرعی یونیورسٹی دنیا بھر کی جامعات کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کیے ہوئے ہے، تاکہ زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین افرادی قوت پیدا کی جا سکے۔ عمان کی تقریباً 30 فیصد آبادی کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے جو کہ سو سال قبل یہاں سے ہجرت کرکے عمان میں آباد ہوئے تھے، اور اس بناء پر دونوں ملکوں میں بھائی چارے کی فضا پائی جاتی ہے۔ اس کتاب کی پرنٹنگ اور مواد اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ پاکستان اور عمان کی جامعات کے باہمی تعلقات کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زرعی، تحقیقاتی اور تعلیمی ترقی کو نئی جدتوں سے ہم کنار کیا جا سکتا ہے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے عمان کے سلطان کی طرف سے آم انسائیکلوپیڈیا کے عنوان سے مرتب کی گئی کتاب کا تحفہ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عمان میں تعینات پاکستانی سفیر کے کے احسن واغان نے زرعی یونیورسٹی کو پیغام میں لکھا کہ ’’سلطان قابوس بن سعدالسعد مرحوم کی ہدایت پر عمانی حکومت نے یہ انسائیکلوپیڈیا شائع کیا ہے۔ اس کی بدولت وسیع پیمانے پر آموں کے حوالے سے علم میسر آ سکے گا جو کہ محققین اور ماہرین کو تحقیقی کام آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ یہ کتاب مختلف زبانوں بشمول عربی، انگلش، فرنچ اورا سپینش میں شائع کی گئی ہے جو کہ پانچ جلدوں پر مشتمل ہے، جس میں آم کی پیداوار سے لے کر پوسٹ ہارویسٹ ہینڈلنگ، آم کی مختلف بیماریوں، مارکیٹنگ کے مسائل اور جملہ موضوعات شامل ہیں۔ اس کتاب میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سائنس دانوں کے بھی تحقیقی مضامین شائع کیے گئے ہیں۔‘‘
رجسٹرار عمرسعید قادری نے کہا کہ ’’یونیورسٹی اس تحفے پر سلطنت آف عمان کی شکرگزار ہے اور امید کرتی ہے کہ تحقیق و دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے عہدِحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی، ’’آم کا انسائیکلوپیڈیا‘‘ کیمپس کمیونٹی کو معلومات فراہم کرتے ہوئے پاکستان میں آم کی پیداوار کے متعلق تحقیق کو فروغ دے گا‘‘۔پرنسپل آفیسر پبلک ریلیشنز پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹی کلچر اور شعبہ حشریات مل کر اس کتاب سے استفادہ کرتے ہوئے آم کے جملہ مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ زرعی یونیورسٹی کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ضلع بھر میں کورونا سے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظر ضلع بھر میں شادی اور دیگر اِن ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، جبکہ صرف میدانوں اور پارکوں میں شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی، اور آؤٹ ڈور میں بھی زیادہ سے زیادہ 3 سو افراد شرکت کرسکیں گے، جبکہ تقریبات میں شامل افراد کو کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ فیس ماسک پہننا اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہوگا۔ پنجاب سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 1971کے سیکشن 16کے تحت شادی اور دیگر تقریبات کرنے والوں کو ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینے کا پابند کیاگیا ہے۔