سمبڑیال میں جدید اور معیاری یونیورسٹی کا قیام

گوجرانوالہ میں تعلیمی شعبے سے وابستہ ایک تقریب ہوئی جس میں انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر طلبہ و طالبات کو جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے تاکہ عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ قابلیت کے حامل نوجوان ملکی خوشحالی، تعمیرو ترقی اور معاشی خودکفالت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی خصوصی دلچسپی سے سمبڑیال میں جدید اور معیاری یونیورسٹی کا قیام سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیش رفت اور سنگِ میل ثابت ہوگا، اور بالخصوص گوجرانوالہ ڈویژن میں تعلیمی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورۂ سیالکوٹ کے موقع پر سمبڑیال میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام کے اعلان کے بعد یونیورسٹی کے لیے موزوں قطعہ اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید، ڈین خیبر پختون خوا یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سلمان اکبر وڑائچ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے یونیورسٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ڈویژن کے طلبہ و طالبات آنے والے سالوں میں اس یونیورسٹی سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک کامیاب مستقبل کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرسکیں گے۔
ڈی ایچ اے گوجرانوالہ کینٹ کی رجسٹرڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلفِ وفاداری کی تقریب کا مقامی ہوٹل میں انعقاد کیا گیا جس میں ان کے اعزاز میں شاندار عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سابق صدر ڈیلرز ایسوسی ایشن محمد اسحاق خان نے نومنتخب عہدیداران برائے سال 2021ء چودھری شہزاد احمد سیال صدر، چودھری عدنان محبوب سینئر نائب صدر، عرفان حمید چوہان نائب صدر، سردار فتح محمد چیمہ جنرل سیکرٹری، شہباز احمد جوائنٹ سیکرٹری، حبیب الماس فنانس سیکرٹری، رانا محمد انور انفارمیشن سیکرٹری سے حلف لیا۔
یہاں ضمنی انتخاب بھی ہونا ہے جس کے لیے سیاسی جماعتیں متحرک ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما سابق صوبا ئی وزیر تعلیم چودھری اقبال گجر ایم پی اے نے بھی رابطے کیے ہیں۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سال 2020ء میں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی، حکمران وعدوں پر عمل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے، ملکی معیشت زوال پذیر رہی اور شرح ترقی منفی میں چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام دعا کریں کہ نئے سال میں قوم کو کورونا سے نجات ملے اور یہ سال نااہل حکومت سے نجات کا سال ثابت ہو۔