سراج الحق کا دورۂ فیصل آباد

فیصل آباد میں گزشتہ ہفتے سیاسی سرگرمیاں رہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور مدرسہ اشاعت العلوم میں ایک تقریب میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی اور تنظیمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے دورے کے دوران میڈیا سے بھی گفتگو کی اور میڈیا کے ہر سوال کا تسلی بخش جواب دیا، پی ڈی ایم سے متعلق بھی کھل کر اپنے مؤقف کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن سے پاک اسلامی اور خوشحال پاکستان چاہتی ہے۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کی تقریب ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور اسٹاف کی جانب سے شہبازٹاؤن چرچ میں منعقدہ کرسمس اور نئے سال کے حوالے سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر مبنی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ زرعی یونیورسٹی کے تین سو ملازمین کو ترقی دی گئی ہے، اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے 60پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ثاقب منان نے بتایا کہ فیصل آباد ترقیاتی ادارے نے آئندہ بیس سال کے لیے شہر کے نئے ماسٹر پلان کا مسودہ تیار کرلیا ہے جسے 23مارچ کو پیش کیا جائے گا۔ بزنس کمیونٹی کی تجاویز کے لیے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نامزد ارکان سے بھی مشاورت ہوگی۔ فیصل آباد کا آخری ماسٹر پلان 1988ء میں بنا تھا۔ اُس وقت فیصل آباد شہر کی آبادی چند لاکھ نفوس پر مشتمل تھی، جبکہ اب صورتِ حال یکسر تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نیا ماسٹر پلان ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا جا رہا ہے جس کے لیے ایف ڈی اے کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد کے لیے 13ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے، اس پیکیج کے تحت 4ارب 10کروڑ روپے کی پہلی قسط مل گئی ہے جس سے 11سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی، آئندہ دو ڈھائی سال میں باقی رقم بھی مل جائے گی۔ سڑکوں پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے انہوں نے فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام 17نئے روٹس کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔غلہ منڈی کو بیرونِ شہر منتقل کرنے کے بارے میں کمشنر نے کہا کہ وہ اِس کے لیے جگہ کی نشاندہی کریں تاکہ اس تجویز کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اندرون شہر دکانوں کو گرانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دکان داروں کی طرف سے ملنے والی رجسٹریوں میں سے صرف 98کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وہ اس معاملے کو بھی تاجر نمائندوں کی مشاورت سے حل کریں گے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے نئے ماسٹرپلان کی تیاری، پنڈی بھٹیاں موٹر وے کے عین وسط میں قائم ٹال پلازہ کو ختم کرنے، فیصل آبا د سے وصول ہونے والے ٹیکسوں میں سے فیصل آباد کا حصہ اس شہر پر نہ لگنے، جھامرہ سمیت دیگر سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت، پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے اُن سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سابق صدر میاں جاوید اقبال، نائب صدر رانا ایوب اسلم منج، محترمہ نگہت شاہد، ذوالفقار احمد، اسلم بھلی، انجینئر بابر شہزاد، رانا وہاب، اشفاق اشرف، ملک عبدالجبار، مرزا زاہد اقبال، انجینئر احمد حسن، مرزا اسلم نے کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے ڈویژنل کمشنر ثاقب منان کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی۔