سیالکوٹ ٹینری زون ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے جس میں چودھری رضا منیر چیئرمین منتخب ہوگئے۔ ان کے انتخاب پر بزنس کمیونٹی نے کہا کہ چمڑے کی صنعت کی ترقی اور بہتری کے لیے شروع کردہ ٹینری زون کا منصوبہ سیالکوٹ اور پاکستان کے لیے نیک فال ثابت ہوگا اور اس کے ملکی معیشت پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹڈ کے وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین کی قیادت میں ایک وفد اُن سے ملا اور ٹینری زون ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد دی۔ اس وفد میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ لمیٹڈ کے سابق چیئرمین محمد اشفاق چودھری، سابق وائس چیئرمین نعیم یوسف، ڈائریکٹر محمد جاوید چودھری، میاں عتیق الرحمٰن اور فراز اکرم اعوان شامل تھے۔ چودھری رضا منیر نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے سیالکوٹ اور پاکستان کے عوام کی خدمت کا جو سلسلہ شروع کررکھا ہے اس کے تحت ڈرائی پورٹ، سیالکوٹ ائیرپورٹ اور اپنی فضائی کمپنی قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ شہر سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے لیے ٹینری زون کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ جلد ہی اس منصوبے کی تکمیل کے بعد سیالکوٹ شہر سے تمام ٹینریاں سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقل ہونا شروع ہوجائیں گی، جس سے ایک طرف سیالکوٹ شہر میں بکھری ہوئی چمڑے کی فیکٹریوں اور یونٹوں کے ختم ہونے سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوسکے گا، جبکہ دوسری طرف ان کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں تیزی سے کمی آئے گی، ٹینری زون میں بین الاقوامی معیار کا چمڑا تیار ہونے سے اس کی مصنوعات کا معیار بھی بڑھ سکے گا، اور ان کی برآمدات زیادہ ہونے سے ملکی زرِمبادلہ میں بھی اضافہ ہوسکے گا۔
سمبڑیال میں کورونا کے وار تیز ہونے لگے،43 نئے متاثرہ مریض سامنے آگئے جن میں سے 34مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ متاثرہ مریضوں کا تعلق سمبڑیال اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں جیٹھی کے، کوٹلی میانی، ویرووالہ، کھرولیاں سے بتایا جاتا ہے۔ ان مریضوں کو گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت کے پلیٹ فارم سے اب تک مجموعی طور پر 4059افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، اور کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران اب تک سامنے آنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 317 ہے۔
قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے گئے۔ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والوں میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 75 سیالکوٹ اور پی پی 51 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں سمیت دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 75 سیالکوٹ کی نشست مسلم لیگ (ن) کے سید افتخارالحسن شاہ کے انتقال سے، اور پی پی 51 گوجرانوالہ کی نشست مسلم لیگ(ن) کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ امیدوار 20 جنوری تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے،21 جنوری کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ ان دو حلقوں میں پولنگ 19فروری کو ہوگی۔