مہنگائی، غربت اور سودی معیشت کیخلاف مہم

جماعت اسلامی کا 25 دسمبر کو جلسہ عام کا اعلان

پی ڈی ایم اپنے احتجاج کا پہلا مرحلہ مکمل کرچکی ہے، اور جماعت اسلامی جس نے اپنی مہم دو ہفتے کے لیے مؤخر کی تھی، اب اعلان کیا ہے کہ وہ دسمبر کے آخری ہفتے میں دوبارہ رابطہ عوام مہم اور مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کرے گی۔ جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری، صوبائی سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ نے اعلان کیا ہے کہ گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ 25 دسمبر کو ہوگا، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کا حصول ہے، عوام کو سودی معیشت سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ معیشت کی بدترین صورت حال، مہنگائی اور بے روزگاری درحقیقت سودی معیشت کے تحفے ہیں جو موجودہ اور سابق حکمرانوں نے عوام کو دیے ہیں، جماعت اسلامی نے ظالم اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی و زونل جماعت اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا، صوبائی صدر جماعت اسلامی نوجوانان جبران بٹ، قیم ضلع صدیق احسن بٹ اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کی آواز کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک بھرپور عوامی مہم شروع کی ہے۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز گوجرانوالہ سے ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ گلی گلی، محلے محلے جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچائیں اور ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی آواز بنیں۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دے گی، کیوںکہ اس ملک کا نوجوان ہی قوم کی امید ہے، جماعت اسلامی ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے عوام کو کورونا کی وبا کے پیش نظر بھرپور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی۔
جماعت اسلامی کی طرح شہر اور ضلع کی دیگر سیاسی قوتیں اور شخصیات بھی متحرک ہوئی ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی رانا نذیر احمد خان گوجرانوالہ کی نمایاں سیاسی شخصیت ہیں، بلدیاتی سیاست میں انہیں اہم سمجھا جاتا ہے، وہ بھی متحرک ہوئے ہیں اور نواحی علاقہ ہنجانوالی میں ترقیاقی کاموں کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے اور خطاب بھی کیا ہے۔ مقامی رہنما چودھری ریاست علی ویننگ آف نٹھرانوالی، رانا امین خان آف منڈھیر اور دیگر سیاسی وسماجی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب سے خطاب میں سابق وفاقی وزیر رانا نذیرخان نے کہا کہ لوگوں کے مسائل اُن کے گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے ، حلقے کے عوام کی خدمت ہی میری سیاست ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھاکر حلقے کو مثالی بنائوں گا۔ ترقیاقی کاموں کی افتتاحی تقریب میں شہریوں نے سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خان کا پُرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں، جس پر رانا نذیر احمد خان نے اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ترقیاقی کاموں کی افتتاحی تقریب میں کورونا سے بچائو کے سلسلے میں ایس اوپیز کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔