وزیراعظم کے معاون خصوصی کا دورہ

کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے

استعفوں کا موسم ہے، لہٰذا سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کے تین اراکین قومی اسمبلی رانا شمیم احمد خان، علی زاہد اور ارمغان سبحانی، اور اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب ارشد وڑائچ، منشاء اللہ بٹ، عمران اشرف، رانا عارف اقبال سمیت 12 اراکین نے اپنے استعفے مسلم لیگ (ن)کے مرکزی راہنما خواجہ محمد آصف کے حوالے کردئیے ہیں۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز گوجرانوالہ ڈویژن حامد جاوید اعوان کی زیر صدارت ڈویژن کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز گوجرانوالہ سید افتخار علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منڈی بہا الدین راجا منصور علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز گجرات سید وقار جاوید نقوی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر گوجرانوالہ منور حسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ہدایات کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن میں حکومتی پالیسیوں کی مؤثر انداز میں ترویج، پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا پر بہتر کوریج اور ڈیجیٹل میڈیا کے بھرپور استعمال کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا، جبکہ ڈی جی پی آر میں اصلاحات کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز گوجرانوالہ ڈویژن حامد جاوید اعوان نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز حکومت ِپنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات کے بارے میں شہریوں کو آگاہی کے لیے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔اجلاس کے دوران ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات کے لیے سامنے آنے والی تجاویز مجاز اتھارٹی کو پیش کی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امورِِ نوجواناں عثمان ڈار، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی کی زیر صدارت سیالکوٹ قلعہ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے مختلف محکموں کے متعلق اپنی شکایات پیش کیں، جن کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہفتہ وار پبلک ٹائم کے انعقاد کا مقصد سرکاری اداروں کا اعتماد عوام میں بحال کرنا ہے تاکہ ان کو اپنے جائز کاموں میں سرکاری ڈیروں کے چکر نہ کاٹنا پڑیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ سرکاری اداروں میں عوام الناس سے عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے کہ عوام الناس کا معیارِ زندگی بلند کیا جائے اور ان کوضروریاتِ زندگی کی وہ بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جن کا وہ حق رکھتے ہیں۔ کھلی کچہری میں رہنما پی ٹی آئی عامر ڈار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز، ایس پی انوسٹی گیشن محمد عمران، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سلمان اکبر، چیئرمین پی ایچ اے ذوالفقار بھٹی، اور صاحب زادہ حامد رضا بھی موجود تھے جنہوں نے مختلف محکموں کے متعلق شکایات سنیں، اور حکام نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔