اب پیٹرولیم اور سونے کی طرح پانی کی عالمی تجارت

امریکی سرمایہ دار اداروں نے ایک نیا نظام پیش کردیا ہے جس کے تحت آئندہ چند برسوں میں پانی کی عالمی تجارت بھی اسی طرح کی جائے گی جیسے آج دنیا بھر میں ’’پیشگی سودوں‘‘ (فیوچرز کنٹریکٹس) کے ذریعے تیل اور سونے کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔ اس ضمن میں امریکی مالیاتی کمپنی ’’سی ایم ای گروپ‘‘ نے ایک معاہدہ بھی ترتیب دے دیا ہے جس کا تعلق کیلی فورنیا میں آبی فراہمی (واٹر سپلائی) کی مقامی مارکیٹ سے ہے، جس کا موجودہ تجارتی حجم 110 کروڑ ڈالر (تقریباً 175 ارب پاکستانی روپے) بتایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ کیلی فورنیا کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ امریکی ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران اوسط درجہ حرارت میں نمایاں اضافے اور جنگلات میں آتش زدگی کی شدت بڑھنے کے علاوہ پانی کی قلت میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جس نے لگ بھگ پورے کیلی فورنیا کو ایک غیر اعلانیہ صحرا میں تبدیل کردیا ہے۔ یہی وہ صورتِ حال ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے ’’سی ایم ای گروپ‘‘ نے بڑے پیمانے پر پانی کی خرید و فروخت کے ایسے معاہدوں پر کام شروع کردیا تھا جن میں گھریلو، صنعتی اور زرعی استعمال کے پانی کو ’’جنسِ تجارت‘‘ (کموڈیٹی) کا درجہ دیتے ہوئے اس کے آزادانہ نرخ مقرر کرنے اور پیشگی سودوں کو ممکن بنایا گیا تھا۔ عالمی ماحول میں تیز رفتار تبدیلی انسان کے بس سے باہر ہوتی جارہی ہے اور سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 2025ء تک ساری دنیا میں پانچ ارب سے زیادہ لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہوگا جس کا اثر نہ صرف ممالک پر بلکہ عالمی سیاست پر بھی پڑے گا۔
ان حالات میں معدنی تیل (پیٹرولیم) اور سونے کی طرز پر پانی کو بھی جنسِ تجارت (commodity) قرار دینا ایک تشویش ناک امر ہے۔ البتہ یہ کہنا فی الحال قبل از وقت ہے کہ مستقبل بعید میں پانی کی عالمی تجارت کس طرح کے سیاسی، سماجی اور معاشی نتائج کو جنم دے گی۔

جی میل میں ایک اور بہترین فیچر کا اضافہ

اب صارفین جی میل میں مائیکرو سافٹ آفس فائلز کو گوگل ڈرائیو میں محفوظ کیے بغیر بھی تبدیلیاں کرسکیں گے۔ اس سے قبل گوگل کی جانب سے مائیکرو سافٹ آفس فائلز میں ایڈیٹنگ کی سہولت تو دی گئی تھی مگر اس کے لیے گوگل ڈرائیو کا سہارا لینا پڑتا تھا۔ مگر اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین جی میل کے اندر ہی دستاویزات کو ایڈٹ کرسکیں گے اور گوگل ڈرائیو پر محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یعنی جب کسی صارف کو ای میل میں ورڈ یا ایکسل فائل ملے گی تو سنگل کلک پر وہ اپنی مرضی کی ایڈیٹنگ کرسکے گا۔ اسی طرح صارفین اوریجنل ای میل تھریڈ پر اپ ڈیٹ فائل کے ساتھ ریپلائی بھی کرسکیں گے۔ گوگل کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ گوگل ڈاکس میں مکس پیج سپورٹ بھی متعارف کرائی جارہی ہے۔ اس سپورٹ کے ساتھ صارفین نئی دستاویز کے ساتھ ورڈ فائلز لینڈ اسکیپ اور پورٹریٹ پیج کے ساتھ ایڈٹ کرسکیں گے۔ کمپنی کے مطابق اگلے سال وہ گوگل ڈاکس میں ٹیکسٹ اور واٹر مارکس کے پیچھے تصاویر انسرٹ کرنے کی سپورٹ بھی متعارف کرائے گی۔ گوگل نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک اور فیچر کو بھی صارفین کے لیے پیش کرے گا جس سے ان کے لیے ایکسل سے شیٹس میں منتقل ہونے کا عمل آسان ہوجائے گا۔

آپ کا دل کمزور تو نہیں؟

اگر آپ ایک منٹ سے کم وقت میں 60 سیڑھیاں چڑھ سکتے ہیں تو اس سے عندیہ ملتا ہے کہ دل کی صحت اچھی ہے۔ یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
لاکورنا یونیورسٹی اسپتال کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سیڑھیوں کا ٹیسٹ دل کی صحت کو جاننے کا ایک آسان طریقہ ہے، اگر کسی کو 60 سیڑھیاں یا سیڑھیوں کی چار منزلیں چڑھنے میں ڈیڑھ منٹ سے زیادہ وقت لگتا ہے تو صحت زیادہ اچھی نہیں، اور بہتر ہے کہ کسی ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں۔ اس تحقیق میں روزمرہ کی سرگرمیوں جیسے سیڑھیاں چڑھنے اور لیبارٹری میں ورزش ٹیسٹ کے درمیان تعلق کا تجزیہ کیا گیا اور محققین کے مطابق ہم نے دریافت کیا کہ یہ طریقہ کار دل کی صحت کو جانچنے کا آسان اور سستا نسخہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ڈاکٹروں کو مریضوں کے زیادہ تفصیلی معائنے کے لیے ترجیح دینے میں مدد مل سکے گی۔