ماحولیاتی آلودگی پر کمشنر کیزیر صدارت اجلاس’’باہمت بزرگ پروگرام‘‘ کا اجرا

فوگ اور اسموگ کی وجہ سے موسم خراب ہوتا جارہا ہے، جس کے باعث سڑکوں پر حادثات بھی بڑھ رہے ہیں۔ اسموگ کی وجہ دھواں ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ ماحولیات کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے سلسلے میں حکومتی ترجیحات اور احکامات کے تحت اپنے اضلاع کے تمام بھٹہ خشت زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیے جانے کے حوالے سے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے، اور اس ضمن میں عدم تعاون اور تساہل برتنے والوں کے بھٹہ خشت تب تک بند رکھے جائیں جب تک وہ حکومتی ہدایات کے مطابق اپنے بھٹہ جات زگ زیگ ٹیکنالو جی کے مطابق نہ کرلیں۔ کمشنر گوجرانوالہ کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، اے سی (جی)، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور دیگر افسران نے شرکت کی۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ ماحولیات کے اقدامات اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہو ئے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات گوجرانوالہ عمراشرف نے بتایاکہ گوجرانوالہ ڈویژن کے رجسٹرڈ 1259 بھٹہ خشت میں سے 406 بھٹہ جات زگ زیگ ٹیکنالو جی پر منتقل ہوچکے ہیں، جبکہ 153 بھٹہ خشت جلد ہی اس طریقہ کار کو اپنالیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے 517 بھٹہ خشت سیل کیے گئے ہیں، اور 148 ایف آئی آرز کا اندراج کرتے ہوئے104 افراد کی گرفتاری بھی عمل میںلائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ڈویژن بھر میں 10 لاکھ71 ہزار روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ900 سے زائد مالکان کو حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کرنے کے حوالے سے نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کو ہدایت کی کہ سیل کیے گئے بھٹہ خشت تب ہی چلنے دیئے جائیں جب اُن کے مالکان حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنالیں، بصورتِ دیگر خود سے ڈی سیل کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
گوجرانوالہ میں بہت سے تعلیمی ادارے ہیں، مگر یہاں جسمانی معذور بچوں کے لیے مناسب تعلیمی ادارے کا نہ ہونا لمحۂ فکریہ ہے۔ حصولِ تعلیم کے لیے خصوصی افراد کو برابرکے مواقع ملنے چاہئیں۔ تعلیم کے ذریعے ہی ہر قسم کی معذوری کو شکست دی جاسکتی ہے۔ خصوصی افراد کی بحالی کے لیے معاشرتی حُسنِ سلوک کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم و تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ خصوصی افراد کوگھروں میں ہی تعلیمی ماحول مہیا کرنے کی کوشش کرنی ہوگی تاکہ کوئی بھی معذور بچہ علم سے محروم نہ رہ سکے۔ رائز انسٹیٹیوٹ فار اسپیشل چلڈرن کے پرنسپل محمد زبیر شیخ اور چیئرمین میاں رومان ظفر نے انٹر نیشنل ڈس ایبل ڈے کے حوالے سے پروگرام کیا۔
حکومتِ پنجاب کی طرف سے گوجرانوالہ میں ’’باہمت بزرگ پروگرام‘‘ کا اجرا کردیاگیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران حسین، ڈویزنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوجرانوالہ محمد ہاشم خاں،محمد عالم فوکل پرسن تحصیل گوجرانوالہ صدر اور عدنان ریاض بٹ فوکل پرسن تحصیل گوجرانوالہ سٹی موجود تھے۔حکومت اس پروگرام کے ذریعے 65 سال سے زائد عمر کی خواتین کے لیے 2روپے ماہانہ وظیفہ شروع کررہی ہے۔ پہلے مرحلے میں شامل بزرگ خواتین کی فہرستیں متعلقہ سینٹرز فوکل پرسنز کو مہیا کی گئی ہیں، اس کے مطابق پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ ضلع میں تین ہزار سے زائد بزرگ خواتین کو کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد حکومت کی جانب سے بزرگ خواتین کی مالی مشکلات میں کچھ آسانی پیدا کرنا ہے۔
nn