کمشنر ڈویژن کی انسداد پولیو کی ٹیموں کو ہدایت

محکمہ ماحولیات کی عدم دلچسپی،زہر آلود بھٹیوں سے عوام کو نجات نہ مل سکی

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ کے دیگر افسران کو ہدایت کی ہے کہ رواں پولیو مہم کے اہداف کے سو فیصد حصول میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق زیرو ٹالیرنس پالیسی کے تحت انسدادِ پولیو کی تمام موبائل ٹیموں کی فیلڈ میں حاضری یقینی بنائی جائے، پولیو ویکسین کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے شکوک و شبہات دور کرنے میں رائے عامہ پر اثرانداز ہونے والی شخصیات کا تعاون حاصل کیا جائے، جبکہ پولیو مہم کی اہمیت سے آگاہی اور عوامی شعور بیدارکرنے کے لیے ذرائع ابلاغ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے پولیو مہم کے اہداف اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین کے دو قطرے بچوں کو زندگی بھر کی جسمانی معذوری سے بچا سکتے ہیں، والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں، اور جن علاقوں میں پولیو ٹیمیں نہ پہنچ سکیں ان کی نشاندہی کی جائے۔
الخدمت فاؤنڈیشن گجرات کے زیراہتمام لاکھوں روپے مالیت سے گاؤں بھوتہ میں تعمیر ہونے والی جامع مسجد حاجی راجا محمد شریف کا افتتاح کردیا گیا، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹرطارق سلیم، ضلعی امیر جماعت اسلامی سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ، الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر چودھری عمران انور، جنرل سیکرٹری راجا ساجد شریف نے حاجی راجا شریف کے ہمراہ جامع مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا اور دعائے خیر کرائی۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کے افسروں کی عدم دلچسپی کے باعث شہری آبادیوں میں زہرآلود تیزابی دھواں پھیلانے والی بھٹیوں سے عوام کو نجات نہ مل سکی۔ کئی سال سے شہری آبادیوں میں قائم تیزابی دھواں پھیلانے والی بھٹیوں نے علاقہ مکینوں کو خطرناک بیماریوں میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کے افسروں کی غفلت کے باعث شہری آبادیوں میں زہریلا دھواں پھیلانے والی بھٹیاں جوں کی توں ہیں جس کے باعث شہریوں کو دمہ اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کا سامناہے، وزارتِ صحت کی طرف سے بھی زہریلا دھواں پھیلانے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا، جبکہ محکمہ ماحولیات بھی سرمایہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریزاں رہتا ہے، اور یہ صورتِ حال انسان دشمنی کے مترادف ہے۔ اندرونِ شہر کے پسماندہ علاقوں میں بھی زہریلا دھواں پھیلانے والے کارخانے اور بھٹیاں لگی ہوئی ہیں مگر متعلقہ ادارے مسلسل چشم پوشی سے کام لے رہے ہیں۔ شہریوں نے زہریلا دھواں پھیلانے والی بھٹیوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
سٹی صدر پیپلز پارٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار اور جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ کی قیادت میں پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ کے تنظیمی عہدیداروں کے وفد نے صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ سے لالہ موسیٰ میں ملاقات کی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بہت جلد پیپلز پارٹی گوجرانوالہ کے جیالے کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ وفد میں میاں اظہر حسن ڈار، میاں سعود حسن ڈار، میاں محمد سعید، سکندر اقبال، آصف جٹ، محمد صابر باجوہ، تیمور ڈار، راحت ورک، مرزا سعید بیگ، ڈاکٹر نعیم سلامت، جاوید مکھن گجر، نصیر احمد بٹ، میر ذوالفقار، اعجاز احمد بٹ اور منیب احمد شامل تھے۔
nn