سیالکوٹ ایوانِ صنعت وتجارت کی ڈپارٹمنٹل کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و سائبر کرائم کا اجلاس سیالکوٹ ایوانِ صنعت وتجارت میں ہوا، جس میں چیئرمین کمیٹی محمد کاشف الماس، سینئر وائس چیئرمین عمر خالد، محمد وسیم، انیل سرفراز، دانش عابد، فیصل خاور، سلمان مجید شیخ، موتی لال مہرا، ندیم، محمد وقاص ودیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ ایوانِ صنعت و تجارت کی ڈاکیومنٹری کے علاوہ سائبر کرائم کے حوالے سے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات پر بریفنگ دی گئی اور نئے آئی ٹی منصوبوں کے حوالے سے ارکان کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین کاشف الماس نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں آئی ٹی، کاروبار کی سہولت اور اس کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کررہی ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروباری برادری کو آئی ٹی کے مختلف پہلوئوں سے جامع طورپر روشناس کروایا جائے۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ مقامی تاجروں کے لیے ایک بڑی نعمت ہے، مگر یہاں گزشتہ ہفتے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا ہے، ہوا یوں کہ بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ سے قبل سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی لائٹس خراب ہوگئیں اور رات کے وقت اچانک ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوئی۔ لائٹس عین اُس وقت خراب ہوئیں جب دو غیر ملکی پروازیں سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچنے والی تھیں۔ اس صورتِ حال میں ائیرپورٹ حکام نے ہنگامی طور پر لاہور ائیرپورٹ انتظامیہ اور پروازوں کے پائلٹس سے رابطہ کیا اور انہیں صورتِ حال سے آگاہ کیا، جس کے بعد سیالکوٹ آنے والی دونوں غیر ملکی پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر لاہور موڑ دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ رن وے لائٹس کی خرابی کا معاملہ دیکھا جارہا ہے۔ لائٹس ٹھیک کیے جانے کے بعد ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت بحال ہوگئی ہے۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس وقت سیالکورٹ سے قریب ترین ائیرپورٹ لاہور ہے، اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کو کچھ روز قبل مرمتی کام کے لیے ایک سال کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
nn