وماارسلنٰک الا رحمۃ للعالمین ﷺکورونا کے مریضوں اور اموات میں اضافہ

مجلس تحفظ حرمین شریفین و بین المسالک رواداری کے زیراہتمام دوسری سالانہ وماارسلنٰک الا رحمۃ للعالمینﷺکانفرنس نظریہ پاکستان ہال میونسپل لائبریری میں منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی ٹیکنیکل لاہور سردار غلام محمود ڈوگر اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ مولانا محمد ریاض کھرل، ڈاکٹر افتخار حسین نقوی، پیر سید ایوب شاہ، پیر سید معصوم شاہ، محمد انس مدنی، پیر صدیق الرحمٰن، رانا محمد انعام منج و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی آئی جی ٹیکنیکل نے کہا کہ سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہوکر معاشرے میں عدل وانصاف، رواداری، پیار و محبت، احترامِ انسانیت اور صبر و تحمل کے جذبات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہؐ میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی موجود ہے جسے اپناکر دنیا وآخرت میں کامرانی یقینی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ نبویؐ اور اسوۂ رسولؐ کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ مولانا محمد ریاض کھرل، معروف اسکالر ڈاکٹر افتخار حسین نقوی و دیگر نے کہا کہ محسنِ انسانیت کا درس ہے کہ انسانیت کا احترام کیا جائے، نبی کریمؐ کی ساری زندگی دراصل قرآن پاک کی تفسیر ہے جس سے روشنی حاصل کرکے ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں۔
پاکستان اسٹیل ملز سے ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف فیصل آباد میں بھی ردعمل دکھایا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما سردار ظفر حسین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کا یہ اقدام ساڑھے چار ہزار سے زائد خاندانوں کا معاشی قتل ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی دعویدار نااہل اور عوام دشمن حکومت نے لاکھوں پاکستانیوں کا روزگار چھین لیا ہے۔
پاکستان بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی کورونا کے مریضوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ ہسپتالوں میں تعینات طبی عملہ بھی کورونا سے متاثر ہورہا ہے۔ ڈاکٹروں کے خوف کے باعث محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کی پہلی لہر کی طرح دوبارہ اسپیشل میڈیکل آئوٹ ڈور وارڈز فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصل آباد میں کورونا مریضوں میں کمی کے باعث دو ماہ قبل سول اور الائیڈ ہسپتال میں اسپیشل آئوٹ ڈور وارڈ بند کردئیے گئے تھے، تاہم کورونا کے دوسرے حملے کے باعث اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور طبی عملہ اس وجہ سے انتہائی خوف کا شکار ہے، جن کی جانب سے حکومتِ پنجاب سے N95 فیس ماسک اور دیگر حفاظتی سامان کی طلب کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے اِن ڈور وارڈز بند کرکے اسپیشل آئوٹ ڈور وارڈز فعال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں مریضوں اور لواحقین کا داخلہ کم سے کم کیا جائے، صرف انتہائی ضرورت والے مریضوں کو ہی ہسپتال میں داخل کیا جائے۔ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر آصف حمید سلیمی اور ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف کے مطابق کورونا کی صورتِ حال خطرناک ہوتی جارہی ہے، شہری انتہائی ضرورت پر ہی ہسپتالوں کا رخ کریں، جلد اسپیشل آئوٹ ڈور وارڈ فعال کردئیے جائیں گے۔
nn