ایوان صنعت و تجارت میں تقریب

سابق آئی جی پولیس شعیب سڈل مہمان خصوصی

سیالکوٹ میں گزشتہ ہفتے شہر اقبال تنظیم کے تحت ایک تقریب ہوئی، سابق آئی جی پولیس شعیب سڈل مہمان خصوصی تھے۔ و ہ خصوصی طور پر اسلام آباد سے یہاں تشریف لائے۔ اسلام آباد کے معروف تاجر رہنما احمد عمران باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد کا پرتپاک استقبال ہوا۔ ان کے وفد نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ کا دورہ کیا، امام بی بی کے مزار پر حاضری دی، اور سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد میں سیالکوٹ ہاؤس یا شہر اقبال ہاؤس کے نام سے ایک پلیٹ فارم بنایا جائے تاکہ سیالکوٹ کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جاسکے، یہ ایک ایسا مرکز ہوگا جہاں سیالکوٹ کی مصنوعات کی نمائش بھی کی جائے گی اور مسائل کے حل کے لیے مل کر کوششوں کو بھی منظم کیا جائے گا۔
کراچی کے واقعے کی بازگشت سیالکوٹ میں بھی سنی گئی، خاتون مسلم لیگی رہنما وسابق ایم پی اے شبینہ زکریا بٹ نے اس پر احتجاج کیا کہ حکومت کنفیوژن اور بد انتظامی کا شکار ہے، وزیراعظم ہر معاملے میںفوج کو سیاست میںگھسیٹ رہے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر کے معاملے پر زیادتی کی گئی، مریم نواز کے کمرے پر صبح سویرے دھاوا بولاگیا، یہ معاملہ چادر اور چاردیواری کا ہے، حکومت جو کہتی ہے سب کچھ اس کے الٹ ہورہا ہے، مہنگائی بڑا مسئلہ ہے بلکہ گھر گھر اورہر فرد کا مسئلہ ہے جس پر نیازی حکومت توجہ ہی نہیں دے رہی۔ شبینہ زکریا نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ عمران نیازی حکومت پاکستان اور عوام کی قسمت سے کھیل رہی ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے نااہل اور کرپٹ حکومت ہے، اس سے جتنی جلدی جان چھوٹ جائے ملک و قوم کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا۔
جماعت اسلامی سیالکوٹ کے نومنتخب امیر میاں آصف اقبال نے بھی مہنگائی پر ردعمل دیا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام پر ظلم کررہی ہے، ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خورونو ش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریبوں کے ساتھ ساتھ امیر طبقے کی بھی چیخیں نکال دی ہیں اورمہنگائی نے متوسط طبقے کی مشکلات میں بھی حیرت انگیز اضافہ کردیا ہے، جبکہ غریب عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ حکومت نے مہنگائی کا سونامی پیدا کرکے سابقہ تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیئے، اورغریب عوام مہنگائی کے ہاتھوں خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں اور سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے عوام کے حقوق کی ترجمان جماعت ہے، اورپاکستانی قوم کے لیے امید کی آخری کرن ثابت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار بھی متحرک رہے، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ممبر قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ خواجہ آصف ایک اقامہ زدہ شخص ہے، خواجہ آصف کو سیالکوٹ کے عوام نے مسترد کردیا ہے، اور 2018ء کے انتخابات میں خواجہ آصف نے بھکاریوں کی طرح قومی اسمبلی کی نشست حاصل کی، لیکن آئندہ انتخابات میں یہ شخص ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سیاست سے باہر ہوجائے گا۔ اس نے سیالکوٹ اور پاکستان بھر میں کئی جگہوں پر قبضے کررکھے ہیں۔ اپوزیشن کے تمام لیڈر اپنے اثاثے اور ابو بچانے کے لیے کوشاں ہیں، لیکن وزیراعظم عمران خان ان کو چھوڑیں گے نہیں، بلکہ ان سے لوٹی ہوئی ملکی دولت کی پائی پائی وصول کریں گے اور کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔ مہنگائی صرف پاکستان کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ پوری دنیا میں کورونا کے باعث مہنگائی بڑھی ہے، اور وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پوری طرح متحرک اور مخلص ہیں اور وہ جلد عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بہت بڑی خوش خبری دیں گے جو عوامی امنگوں کی ترجمان ہوگی۔
سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان قمر کی میت ان کے آبائی شہر شورکوٹ پہنچا دی گئی، جن کی نماز جنازہ قبرستان عبدالنبی میں ادا کی گئی، جس میں پاک آرمی کے دستوں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بعد ازاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی طرف سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ قمر شہید کی چھے ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔