سرکاری زمین پر تجاوزات کے خلاف آپریشن

ضلعی انتظامیہ نے محکمہ انہار کی سرکاری رہائش گاہوں میں قائم 25 نرسریوں کو بند کروا دیا ہے، جبکہ آل فیصل آباد نرسری ایسوسی ایشن کے صدر سید یوسف شاہ المعروف گوگے شاہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت گرین پاکستان کا نعرہ لگا رہی ہے اور دوسری طرف نرسریوں کے خاتمے سے شہر میں آلودگی میں اضافہ ہوگا۔ حکومتی نوٹسز پر انہوں نے گرین بیلٹ کو خالی کردیا ہے، اور اگر نرسریاں ختم کی گئیں تو لاکھوں روپے مالیت کے درخت وپودے تباہ ہوجائیں گے اور بے روزگاری کا سیلاب آئے گا۔ انہوں نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی، اور محکمہ انہار کے افسران سے مطالبہ کیا کہ شہر سے نرسریوں کو ختم ہونے سے بچایا جائے اور نرسری ایسوسی ایشن سے مذاکرات کرکے اس کا حل نکالا جائے، اس کے ساتھ ساتھ سینکڑوں خاندانوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے۔
فیصل آباد میں رواں ماہ اکتوبر کے دوران کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ شہریوں کو پہلے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے، ماسک اور سینی ٹائزر استعمال کیے جائیں، شہری غیر ضروری اجتماعات میں شرکت نہ کریں۔ وائی بلاک مدینہ ٹائون میں اسمارٹ لاک ڈائون کردیا گیا ہے، اگر شہر کے کسی دوسرے علاقے میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو اس علاقے میں بھی اسمارٹ لاک ڈائون کیا جائے گا۔