سینیٹر سراج الحق کا خصوصی خطاب
گزشتہ دنوں کوٹ رب نواز ملتان کی نوجوان سیاسی شخصیت چودھری سلمان الٰہی سہو نے جماعت اسلامی کی دعوت اور نظریے سے متاثر ہو کر برادری اور سینکڑوں دوستوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہونے کااپنے ڈیرے پر باقاعدہ اعلان کیا۔ جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد بلال اعجاز نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول ﷺ قاری عبدالمجید انجم نے پڑھی۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قیم جماعت اسلامی ضلع ملتان چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے ادا کیے۔ جلسہ شمولیت سے اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سب سے پہلے اپنے بھائی چودھری سلمان الٰہی سہو کی برادری سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس دُعا کے ساتھ کہ اللہ پاک ان کا یہ فیصلہ آخرت میں بھی کامیابی کا ذریعہ بنائے۔ ملتان اولیائے کرام کی سرزمین ہے۔ داتا علی ہجویری، شاہ عبداللطیف بھٹائی ودیگر اولیاء اللہ نے مخلوقِ خدا کو اللہ کی طرف بلایا۔ جماعت اسلامی بھی وہی تحریک ہے جس کی قیادت بندگان دین کرتے تھے جنہوں نے دنیا کو اللہ کے نور سے بھرا۔ آپ اپنے اخلاق اور کردار کو بھی خوبصورت کریں، آپ کو نبی آخرالزماں ﷺ کا حوض کوثر نصیب ہوگا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میرے پیارے بھائیو! اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، صنعت کار پریشان ہے، تاجر بے حال ہے، مزدور نڈھال ہے ۔ عمران خان کہتے ہیں ملک میں میری حکومت نہیں ہے، یہاں لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا، آٹا، چینی چور مافیاز کی حکومت ہے۔ اس وقت عمران خان کی حکومت میں مزدور بھوکا سوتا ہے۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، آٹا 67روپے فی کلو، چینی110، ادرک600روپے، پیٹرول110پر بھی نہیں ملتا۔ دس روپے والی دوائی 110روپے اور110روپے والی دوائی500روپے میں بھی نہیں ملتی۔ اس وقت ملک کی تمام سڑکیں، چوراہے تک محفوظ نہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ایک وقت آئے گا جب ایک عورت صنعا سے عراق تک ہاتھ میں سونا اچھالتی جائے گی اور اس کوچھونے والا کوئی نہیں ملے گا۔ عمران خان کی حکومت میں ایک بیٹی کی موٹر وے پر عصمت دری کی گئی، اس دن جنوبی پنجاب میں 11 بچیاں اغوا ہوئیں، روز کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ پیش آتا ہے، روز کوئی نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرتا ہے۔ صحابہ کرام ؓ کی شان تک محفوظ نہیں۔ مقدس ہستیوں کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ اس وقت عمران خان کے وزراء خود کہتے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی ہے، پاکستان غیر محفوظ ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے، عمران خان کے بیانات صرف ہوائی فائرنگ تک محدود ہیں۔ عمران خان کی حکومت میں پارلیمنٹ کی سیاسی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔ میڈیا کی آزادی کو سلب کیا گیا۔ تبدیلی کہاںگئی؟
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پنجاب میں پانچ بار آئی جی کو تبدیل کیا گیا۔ تبدیلی کا مطلب عوام کی حالت بدلنا تھا۔ اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت کو بنے738روز ہوچکے ہیں، انہوں نے738 مرتبہ ہی جھوٹ بولا ہے، ہر بات پر یوٹرن لیا ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ یوٹرن لینا بڑے لیڈروں کی نشانی ہے۔ عمران خان نے ملک کے ہر ادارے اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کیا ہے۔ پاکستان میں آج بھی انسان بھیک مانگ رہا ہے۔ یہاں ماں، بہن اور بیٹی کی عزت محفوظ نہیں ہے۔ یہاں ظلم، جبر اور استحصال کا نظام ہے۔ ہم اس نظام کے بجائے اللہ کا نظام قائم کرنے میں تعاون چاہتے ہیں۔ ملکی مسائل کا حل یہی ہے۔ رونا، دھونا مسائل کا حل نہیں۔ ملک میں سب کو انصاف ملے، سب کو ان کا حق ملے۔ آپ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں یہ ایک جمہوری جماعت ہے۔ جب لوگ کورونا وبا کی وجہ سے پریشان تھے اُس وقت یہی جماعت اسلامی کے کارکن تھے جو قوم کی خدمت کررہے تھے۔ ہر مشکل وقت میں جماعت اسلامی نے آپ لوگوں کی خدمت کی۔ وہ کون سی پارٹی ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہیں؟ آپ لوگوں نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کو دیکھ لیا۔ یہ دونوں ایک ہی کلچر اور ایک ہی نظام کی غلاظت ہیں۔ ان دونوں نے آپ کی آنے والی نسلوں کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا غلام بنایا، ملکی قرضوں میں اضافہ کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ قوم مقروض ہوگئی ہے۔ سینیٹ کے الیکشن میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے الحاق کیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا، اور ڈپٹی چیئرمین پیپلز پارٹی کا ہے۔ یہی کام اب نون لیگ نے ایف اے ٹی ایف بل میں حکومت کا ساتھ دے کر کیا، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے موقع پر حکومت کا ساتھ دیا۔ حکمران کشمیر کا سودا کر گئے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انقلاب کا ایک ہی راستہ ہے، وہ راستہ جماعت اسلامی کا راستہ ہے، آپ لوگ جماعت کا ساتھ دیں ہم آپ کو ان کرپٹ لوگوں سے نجات دلائیں گے۔ سب چور اور کرپٹ جیلوں میں جائیں گے۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے تمام پارٹیوں کے نمائندے اس وقت جیلوں میں ہونے چاہئیں۔ ان سب نے قوم کا حشر نشر کیا ہے۔
شمولیتی جلسے سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ رب نواز کے جواں سال نوجوان چودھری سلمان الٰہی سہو نے اس بات کا تجزیہ کیا کہ اہلِ ملتان کا مستقبل اگر کوئی بدل سکتا ہے تو وہ جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے خود امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے پاس جاکر جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اللہ نے انہیں حوصلہ دیا، انہوں نے سیاسی قیادت کو پہچانا۔ اس موقع پر تقریب کے آرگنائزر اور جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے نوجوان چودھری سلمان الٰہی سہو نے کہا کہ ہم امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو اپنے ڈیرے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مجھے جماعت اسلامی میں استقامت عطا فرمائے۔
شمولیتی جلسے میں جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما رائو ظفر اقبال، امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر، صوبائی قیم صہیب عمار صدیقی،نائب امیر میاں آصف محمود اخوانی، جے آئی یوتھ اور جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنی آمد کے فوری بعد وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری سے ان کے مدرسے میں جاکر ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ لاہور سے آئے ہوئے احمد سلمان بلوچ، رائو محمد ظفر، صہیب عمار صدیقی،ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، مولانا عبدالرزاق، حافظ محمد اسلم، حسان اخوانی ودیگر ذمہ داران بھی تھے۔