مولانا ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی یاد میں

مولانا مودودی ؒکی ذات کا یہ احسان ہے کہ انھوں نے اس دورِ جدید میں نوجوانوں کو اسلام سے یوں روشناس کیا کہ وہ ان کے دل کی دھڑکنوں میں سما گیا۔ آج بھی دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں میں سید مودودیؒ کا نام گونجتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سید مودودیؒ کے ذہن میں اسلام بطور تحریک کا تصور بالکل واضح ہے اور اسی وجہ سے دنیا کو اس تحریک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، کیونکہ وہ اسے انبیائے کرام علیہم السلام کی تحریک ہی کی ایک شکل سمجھتے ہیں۔ ایک بڑے اور اساسی نوعیت کے کام کو انجام دینے کے لیے سید مودودیؒ نے ایک تنظیم کا تصور اور شعور ہی نہیں دیا، بلکہ اسے قائم بھی کرکے دکھایا۔ انھوں نے26 اگست 1941ء کو لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ عام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے روایتی طور طریقوں سے ہٹ کر انہوں نے مختلف انداز میں ایک ایسی انقلابی جماعت کی بنیاد رکھی جو دنیا میں اسلامی نظریے کی بنیاد پر ایک صحت مند اور انسانیت کے لیے حقیقی معنوں میں ایک خوشگوار اور ہمہ گیر تبدیلی کا ذریعہ بن سکے اور بالآخر روئے زمین کا ہر فرد اپنی زندگی کے تمام شعبوں میں اس کے مثبت اثرات محسوس کرسکے۔
مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ 25 ستمبر 1903ءکو حیدر آباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے ۔1906ءتا 1913ءابتدائی تعلیم کے مراحل سے گزرے ۔1918ءمیں صرف پندرہ سال کی عمر میں صحافت کا آغاز ” اخبار مدینہ “ سے کیا ۔ 1920ءمیں مولانا مودودیؒ کے سر سے والد کا سایہ اٹھ گیا۔1925ءمیں ” الجمعیة “ دہلی کی ادارت سنبھال لی جو چار سال تک جاری رہی ۔ بعد میں انھوں نے ترجمان القرآن جاری کیا، اور زندگی بھر قلم و قرطاس سے رشتہ جوڑے رکھا۔سید مودودیؒ کا ایک احسان یہ بھی ہے کہ انھوں نے مسلمانوں میں قادیانی فتنے کی جڑ کو محسوس کیا اور قادیانیوں کے خلاف امت کو آگاہ کیا۔ تحریک ختمِ نبوت کی پُرزور حمایت کی وجہ سے سید مودودیؒ کو پاکستان کی فوجی عدالت نے 11 مئی 1953ء کو سزائے موت سنائی تھی، مگر جلد ہی حکومت کو یہ فیصلہ تبدیل کرنا پڑا کیونکہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔ معروف مستشرق پروفیسر چارلس جے ایڈمنز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسلامی ریاست کے قیام کی جہاں بھی بات ہوگی یا دورِ جدید میں اسلامی بیداری کا موضوع زیربحث آئے گا اُس کے ساتھ سید مودودیؒ کا تذکرہ ناگزیر ہوگا، اور اسلامی بیداری میں سید مودودیؒ کے کردار کا اعتراف کیے بغیر یہ تذکرہ مکمل نہیں ہو سکتا۔سید مودودیؒ نے تعلیم یافتہ طبقے اور نوجوانوں ہی کو اپنا ہدف بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم یافتہ دانشور طبقے نے ایک ایسے وقت میں سید مودودیؒ کے افکار میں کشش محسوس کی جب مختلف تصورات و نظریات ایک دوسرے سے ٹکرا کر ذہنی پیچیدگیوں میں اضافے کا باعث بن رہے تھے۔ سید مودودیؒ کی فکر میں نوجوانوں نے سماجی ترتیب کے اعتبار سے ایک نئی بصیرت محسوس کی۔ سید مودودی کی ”دینیات“ اور ”اسلام کا نظام حیات“ آج بھی بہت پڑھی جاتی ہیں، اور انہوں نے نوجوانوں پر اثرات مرتب کیے ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیر قانون اور معروف قانون داں اے کے بروہی نے جماعت اسلامی کے بارے میں پورے تیقن سے لکھا ہے کہ یہ ایک ایسی جماعت ہے جو تشدد پر یقین نہیں رکھتی، اور جس نے اپنے آپ کو خفیہ اور زیر زمین سرگرمیوں میں ملوث ہونے نہیں ہونے دیا چاہے کامیابی کے امکانات کتنے ہی روشن کیوں نہ ہوتے نظر آتے ہوں۔ سید مودودی نے اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے تحریکِ اسلامی کے لائحہ عمل میں تشدد کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ ایوب خان کے زمانے میں جماعت اسلامی زیر عتاب تھی۔ اس کے اجتماعِ عام کی اجازت کے باوجود لائوڈاسپیکر کے استعمال پر پابندی تھی۔ اجتماعِ عام میں مولانا کی تقریر کے دوران اچانک گولی چلنے کے ساتھ کچھ سرکاری غنڈے اسٹیج کی دائیں جانب سے اندر گھسنے کی کوشش کررہے تھے اور کارکنان انہیں روک رہے تھے۔ اسی موقع پر جب کسی نے مولانا مودودیؒ کو بیٹھ جانے کا کہا،تو انہوں نے وہ تاریخ ساز جملہ کہا جو ہمیشہ کے لیے امر ہوگیا ’’اگر آج میں بیٹھ گیا،تو پھر کھڑا کون رہے گا!‘‘ اس حملے میں جماعت اسلامی کا ایک قیمتی ساتھی اللہ بخش غنڈوں کو روکتے روکتے گولی لگنے سے شہید ہوگیا۔ چند لمحوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد مجمع پھر پُرسکون ہوچکا تھا۔ مولانا مودودی کا پورا خطاب پورے اطمینان اور یکسوئی سے جاری رہا۔ آج کے دور میں اس برداشت کا تصور بھی محال ہے۔
سید مودودیؒ نے ایک دیانت دار اور نہایت باصلاحیت مسلم مورخ کی حیثیت سے بہت سے موضوعات پر قلم اٹھایا اور بصیرت افروز لٹریچر فراہم کیا۔ وہ یہ سمجھنے میں حق بجانب تھے کہ تمام تاریخی شخصیات کے مثبت کارناموں کے ساتھ ان کے منفی پہلوؤں اور ناکامی کو بھی پوری دیانت داری کے ساتھ معروضی انداز میں سامنے لانا چاہیے۔ انہوں نے اس کا اطلاق اسلامی سیاسی تاریخ پر بھی کیا ہے۔
سید مودودیؒ کے اندازِ بیان میں ایسی دلکش روانی ہے کہ ان کے الفاظ دل و دماغ میں اتر جاتے ہیں اور ذہن میں واضح تصور نقش کردیتے ہیں۔ وہ ایک بڑے نثرنگار کی طرح کھلے الفاظ جامع انداز میں بڑی قوت کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔ اپنا موقف صراحت کے ساتھ بیان کرنے میں انہیں مہارت حاصل ہے اور اختصار اور جامعیت کے ساتھ اپنے نقطہ نظر کی وضاحت سید مودودیؒ کا امتیازی وصف ہے۔ 1979ء میں علاج کی غرض سے مولانا مودودیؒ ؒ امریکہ گئے ۔ 22 ستمبر 1979ء کو بفیلو اسپتال امریکہ میں انتقال فرما گئے۔