ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے تحتیوم استیصال کشمیر کی تقریب

۔5 اگست 2019ء کو بھارتی وزیراعظم نے اپنے ہی ملک کے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جبری طور پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کی کوشش کی، جو کہ کشمیری مسلمانوں کے حقِ خودارادیت پر کھلا ڈاکہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اس گھنائونے فعل پر بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوچکا ہے، اتنے ظلم کے باوجود کشمیری مسلمانوں کے جذبات میں تیزی آئی ہے، ہم سب کشمیریوں کی اس جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ہمارا بچہ بچہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ’’یوم استیصال ِکشمیر‘‘ کی مرکزی تقریب کچہری چوک میں ہوئی۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی عثمان ڈار، صوبائی وزیر خصوصی تعلیم چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، ڈی پی او کیپٹن(ر) مستنصر فیروز، صدر ایوانِ صنعت وتجارت ملک محمد اشرف، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سید نجم گیلانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کریم بخش، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں رفیق احسن، وائس چیئرمین ضلعی امن کمیٹی اصغر علی چیمہ، احمد سعید منج (سب رجسٹرار)، سی ای او میونسپل کارپوریشن فیصل شہزاد، سی ای او ایجوکیشن یونس وڑائچ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، ڈی ڈی کالجز اقبال کلویا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر سائرن بجایا گیا اورکشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قومی ترانے کے بعد کشمیری ترانہ بھی پڑھا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی حمایت اُس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں آزادی نصیب نہیں ہوجاتی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ڈی پی او کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور اقوام متحدہ میں منظور شدہ قرارداد عالمی برادری کے ضمیر پر ایک بوجھ ہے۔ کشمیری عوام کو گزشتہ ایک سال سے بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم کرکے بھارت نے جس سفاکی اور ظلم کا مظاہرہ کیا ہے اس سے اُس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے استصوابِ رائے کا اختیار دیا جانا چاہیے۔ صدر ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ ملک محمد اشرف، صدر بار ایسوسی ایشن سید نجم الحسن گیلانی اور وائس چیئرمین ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر پاکستانی اپنے تن من اور دھن کی بازی لگانے سے گریز نے کرے گا، کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور غلامی کا اندھیرا چھٹ جائے گا۔ بعد ازاں کچہری چوک (مظفرآباد) تا چوک علامہ اقبال (سرینگر) تک مہمانوں اور شرکائے ریلی نے مارچ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ یوم استیصالِ کشمیرکو منانے کے لیے شہر بھر کی سڑکوں پر کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسٹیکر اور بینر آویزاں کیے گئے۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔