شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ ،نئے منصوبوں کا اعلان
رواں برس 10 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے جائیں گے،مزید 100یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی
خدمت کا کام کرنے والے اللہ کے دوست ہیں۔ خدمت کے کاموں سے معاشرے میں نہ صرف جذبۂ ایثار وقربانی پیدا ہوتا ہے، بلکہ ہمدردی اور دوسروں کے لیے نیکی کے احساسات بھی پیدا ہوتے ہیں۔ الخدمت خدمات کی روشن مثالوں میں سے ایک ہے جو کئی دہائیوں سے اہلِ کراچی کی خدمت میں مصروف ہے۔ الخدمت شہریوں کو جہاں صاف پانی مہیا کرنے میں پیش پیش ہے، وہیں صحت کے شعبے میں بے مثال کام اس کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ الخدمت زندگی کے سات شعبہ جات صاف پانی، صحت، تعلیم، کفالتِ یتامیٰ، مواخات، کمیونٹی سروسز اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔ اس کا نظام شفاف ہے اور ہرکام منظم انداز میں دستیاب وسائل کے ساتھ کیا جارہا ہے، اور ہر شعبے کی کارکردگی کی جانچ کا بھی نظام موجود ہے۔
الخدمت کا سالانہ جائزہ اجلاس ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا، جبکہ چیف ایگزیکٹو انجینئر سلیم اظہر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس میں سالانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور اس موقع پر تمام شعبہ جات کے پروگرام و ڈپارٹمنٹ منیجرز نے اپنے اپنے شعبہ جات کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کیں اور سال 2020ء کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
الخدمت کے تحت پی آئی بی کالونی احمد چورنگی پر میڈیکل کمپلیکس کے قیام کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی اور بتایا گیا کہ ڈائیگنوسٹک نیٹ ورک کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک سینٹر کو جلد مکمل کرکے 2021ء کے آغاز میں فعال کردیا جائے گا۔ اس سے کراچی کے لوگوں کو رعایتی نرخوں پر ٹیسٹ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
آرفن کیئر پروگرام کے تحت آغوش گلشنِ معمارکے حوالے سے بتایا گیا کہ تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے، اور اس کے افتتاح کی تیاری کی منصوبہ بندی کی گئی۔ الخدمت اس وقت کراچی میں 1034بچوںکی کفالت کررہی ہے۔ سال 2020ء میں مزید 100 یتیم بچوں کی کفالت کا بیڑا اٹھایا جائے گا۔ الخدمت کمیونٹی سینٹرز نے بھی لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کمیونٹی سروسز کے تحت جہاں17 میت بسوں کے قافلے نے شہریوں کو میت بس سروس کی سہولت فراہم کی، وہیں ہزاروں مستحقین میں رمضان اور دیگر ایام میں راشن بھی تقسیم کیا گیا، ساتھ ہی 223 بستیوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اسپرے کروایا گیا۔ مستحق بچیوں کے لیے جہیز باکس فراہم کیے گئے، جبکہ ہنرمند اور ضرورت مند خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ قربانی پراجیکٹ کے تحت ہزاروں جانوروں کی فی سبیل اللہ قربانی کرکے الخدمت کے رضاکاروں نے اس کا گوشت مستحقین تک پہنچایا۔ 5 ہیلپ سینٹرز میں آزمائشی طور پر مفت بلڈ پریشر چیک اپ اور شوگر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اجلاس میں نئے ہیلپ سینٹر کے قیام کے عمل کے بارے میں بتایا گیا اور سال 2020ء میں مزید اضافے و بہتری کی منصوبہ بندی کی گئی۔
شعبۂ صاف پانی پروگرام کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت کراچی شہرمیں 45 واٹر فلٹریشن پلانٹ آپریشنل ہیں، 2019ء میں 9 پلانٹس کا اضافہ ہوا، جبکہ 2020ء میں نئے 10 پلانٹ نصب کرنے کے ہدف سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آپریشنل واٹر فلٹریشن پلانٹس سے سالانہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد استفادہ کررہے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ شہر میں پانی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مواخات پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کے لیے مالی طور پر کمزور 350 افراد میں ایک کروڑ 52لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔ رواں برس مزید50افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
الخدمت کے شعبۂ میڈیا اینڈ مارکیٹنگ کی جانب سے بھی پریزنٹیشن دی گئی، جبکہ 2020ء کی قربانی مہم اور چیریٹی ڈنر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت معاشرے کے ہرفرد کی خدمت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات کی کارکردگی لائق تحسین ہے، شعبہ جات کے ذمہ داران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں اور ان منصوبوں میں معیار کا بھی خیال رکھیں، جبکہ 2020ء کی طے شدہ حکمت عملی کے مطابق اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔