کتاب : تاریخ شکارپور (بزبانِ سندھی)۔
مصنف : ڈاکٹر عبدالخالق رازؔ سومرو
مرتب : پروفیسر محمدشریف شادؔ سومرو
صفحات : 319 قیمت 500 روپے
مطبع : پیکاک پرنٹرز اینڈ پبلشرز کراچی
فون : 03332770660-03337265582
شکارپور باب الاسلام صوبہ سندھ کا ایک تاریخی اور یادگار شہر ہے، اسے ماضی میں تہذیب و ثقافت، علم و ہنر، تجارت اور سیاست میں بین الاقوامی عروج حاصل رہا ہے۔ اس مردم خیز خطے نے بہت سارے محقق، اسکالرز، شعراء، دانشور اور ادیب پیدا کیے ہیں جن میں زیرتبصرہ کتاب کے مصنف اور مرتب بھی شامل ہیں۔ ہر دو نے بڑی محنت اور عمدگی کے ساتھ اس کتاب کو تحریر اور مرتب کرکے اپنا فریضہ بحسن وخوبی انجام دیا ہے اور شکارپور کے حوالے سے ایسے نئے حقائق اور قیمتی معلومات منظرعام پر لے کر آئے ہیں جو قبل ازیں پردۂ اخفا میں تھے۔ مصنف ڈاکٹر عبدالخالق رازؔ سومرو مرحوم کی شکارپور سے متعلق منتشر مختلف تحاریر اور مقالہ جات کو پروفیسر محمد شریف شادؔ سومرو نے بڑی محنت اور سعی کے ساتھ ترتیب دے کر کتاب ہذا میں پیش کر یا ہے اور کتاب کا پُراز معلومات بیش بہا مقالہ بھی تحریر کیا ہے۔ اس کتاب میں کُل چھے ابواب شامل کیے گئے ہیں جو حسبِ ذیل عناوین پر مشتمل ہیں:
1۔ شکار پور جو تاریخی پس منظر
2۔ آزادی کان پوء جو دور
3۔شکار جا بانی (شجروء خاندان)
4۔ شکار پور عالم ء دینی مدرسا
5۔ شکار پور جو بنیاد (تردیدی مقالو)
6۔ خلافت تحریک مہ شکارپور جو حصو
غرض یہ کہ اس کتاب میں شکاپور کے شاندار ماضی اور سنہری تاریخ سے متعلق ہمہ اقسام کی تمام ضروری معلومات یکجا کرکے شامل کردی گئی ہیں۔ نامور محقق ڈاکٹر در محمد پٹھان نے اس کتاب کی اشاعت پر مصنف اور مرتب کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کتاب سلیقے اور اہتمام کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔ تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک عمدہ سوغات ہے۔ قیمت بھی مناسب رکھی گئی ہے۔ سرورق بامعنی اور خوب صورت ہے۔
منھنجو حبیب (بزبانِ سندھی شعری مجموعہ)۔
کتاب : منھنجو حبیب
(بزبانِ سندھی شعری مجموعہ)
شاعر : احمد سلطان کھوسو
صفحات : 191 قیمت 200 روپے
ناشر : موئن جو دڑو پبلشنگ ایجنسی لاڑکانہ
فون : 0333-7540515
زیرتبصرہ شعری مجموعے کے شاعر ایک نیک نام بیوروکریٹ، خلیق انسان اور اچھے شاعر ہونے کے ناتے علمی، ادبی اور عوامی حلقوں میں معروف ہیں۔ یہ موصوف کا دوسرا شعری مجموعہ ہے، قبل ازیں ان کا سندھی زبان میں شائع ہونے والا شعری مجموعہ ’’سرچاء‘‘ کے عنوان سے شائع ہوکر سندِ پذیرائی حاصل کرچکا ہے۔ اس شعری مجموعے میں شاعر احمد سلطان کھوسو نے سندھی زبان کی مختلف اصناف میں طبع آزمائی کی ہے اور ان کے فنِ شاعری پر تبصرہ کرنے والے معروف شعرائے کرام اور ادباء سرمد چانڈیو، عاشق ہالائی، نصیر مرزا، منظور منگی اور سید وقار حسن شاہ لطیفی (گدی نشین شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ) نے اپنے اپنے تحریر کردہ شاملِ کتاب مضامین میں موصوف کی فنِ شاعری میں پختگی اور ندرتِ بیان پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صاحبِ کلام نے مختلف اصنافِ کلام ثنا سہ حرفی، غزل، گیت اور موضوعاتی شاعری میں بے حد رواں دواں، سہل اور مؤثر انداز میں اپنے دلی جذبات اور احساسات کو بڑی نفاست اور خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اچھی اور صاف ستھری شاعری کے شائقین کے لیے یہ کتاب بلاشبہ ایک اچھا تحفہ ہے۔ کتاب خوبصورت سرورق کی حامل ہے اور سلیقے کے ساتھ عمدہ کاغذ پر طبع کی گئی ہے۔ قیمت بھی زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔ راقم کو یہ کتاب برائے تبصرہ نثار احمد کھوسو ڈی سی آفس جیکب آباد کے توسط سے موصول ہوئی ہے۔