کتاب : نورالعرفان
ترجمہ جواہر القرآن (بزبانِ سندھی)۔
منظوم ترجمہ : ڈاکٹر علی اکبر اسیر قریشی
مقدمہ : علامہ محمد ہدایت علی نجفی تارک
صفحات : 160 قیمت:300 روپے
مطبع : مہران اکیڈمی، واگنودر شکارپور
فون : 0726-512122-520012
باب الاسلام سندھ کے علمائے کرام نے قرآن پاک کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے ہر دور میں بسیار جانفشانی اور سعی کی ہے، اور قرآن پاک کے بکثرت تراجم اور تفاسیر لکھی گئی ہیں۔
قبل ازیں جب نثر رائج نہ تھی، قرآن مجید کے منظوم تراجم کیے جاتے تھے۔ اس حوالے سے پارہ عم کی تفسیر الف اشباع کی طرز پر سندھ کے نامور مفسر اور محدث مخدوم محمد ہاشم نے کی، جسے بعد ازاں سندھ کے معروف عالم اور ادیب ڈاکـٹر میمن عبدالمجید سندھی نے موجودہ نثر میں ڈھالا۔ دیگر علماء جنہوں نے منظوم تراجم کیے ان میں مخدوم عبدالرحیم گرھوڑی، قاضی عبدالکریم، مولانا میاں مہرودَل، مولانا سید تاج محمد امروٹی، علامہ محمد ہدایت، علی نجفی تارک، مولانا علی محمد مہسری اور مولانا حاجی احمد ملاح کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں۔ ان علما میں یہ سعادت مولانا حاجی احمد ملاح کو نصیب ہوئی کہ انہوں نے مکمل قرآن مجید کا ترجمہ ابیات کی صورت میں کیا۔
زیر تبصرہ کتاب جو ’’جواہر القرآن‘‘ کے نام سے علامہ محمد ہدایت نجفی تارک کی بلاشبہ ایک شاہکار تصنیف ہے، میں انہوں نے قرآن حکیم کی منتخب آیات کا سندھی میں ترجمہ کیا ہے۔ فاضل مترجم ڈاکٹر علی اکبر اسیر قریشی نے ان آیات کو بڑی خوبصورتی سے منظوم کیا ہے اور اس طرح سے آیات کا نثری ترجمہ اور نظم میں ترجمہ یکجا کردیا گیا ہے۔ ان منتخب آیات کو ہفتے کے ایام کی ترتیب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ دراصل قرآنی دعائیں ہیں، جن کا پڑھنا اور یاد کرلینا یقیناً باعثِ خیر و برکت ہے۔ مہران اکیڈمی نے حسبِ سابق روایتی اہتمام کے ساتھ اس کتاب کو بڑی عمدگی سے سفید کاغذ پر طبع کیا ہے۔ بیش قیمت مواد پر مبنی اس کتاب کا مطالعہ ہر صاحبِ ایمان کے لیے ناگزیر ہے۔ کتاب کی قیمت مناسب رکھی گئی ہے۔