گوگل اسسٹنٹ سے کسی بھی زبان میں بات کریں

پیشکش: ابوسعدی
گوگل نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اپنے ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں انٹرپریٹر موڈ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو آپ کے فون میں رئیل ٹائم میں زبانوں کا ترجمہ کرے گا۔
یہ بہترین فیچر گوگل نیسٹ ہب میں پہلے رواں سال جنوری میں متعارف ہوا تھا، اسی طرح گوگل ہوم اور گوگل ہوم منی میں بھی یہ موجود ہے، مگر یہ ایسی ڈیوائسز ہیں جو ہر ملک میں دستیاب نہیں، تو اب کمپنی نے اسے اسمارٹ فونز کا حصہ بنادیا ہے، اور اب کسی زبان کا ترجمہ کرنے کے لیے کوئی اور ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ گوگل اسسٹنٹ ایپ میں اس موڈ کو شامل کردیا گیا ہے۔ بس آپ کو یہ کہنا ہے کہ ”ہے گوگل بی مائی اسپینش ٹرانسلیٹر“ یا ”ہے گوگل ہیپ می اسپیک رشین“ اور پھر بات شروع کردیں۔ آپ، اور جس سے آپ بات کررہے ہوں گے، وہ فون میں اس ترجمے کو دیکھ اور سن سکیں گے۔ انٹرپریٹر موڈ 44 زبانوں کو سپورٹ کرے گا جن میں اردو، عربی، بنگالی، برمی، کمبوڈین، چیک، ڈینش، ڈچ، انگلش، جرمن،اور دیگر زبانیں شامل ہیں، جن کی فہرست اس لنک پر دیکھی جاسکتی ہے۔ بات چیت کے مطابق گوگل اسسٹنٹ کی جانب سے چند اسمارٹ ریپلائیز کا مشورہ بھی دیا جائے گا تاکہ فوری جواب دیا جاسکے اور آپ کو تلفظ کے بارے میں سوچ سوچ کر پریشان بھی نہیں ہونا پڑے گا۔ یہ فیچر مختلف کمیونی کیشن موڈز صارفین کو فراہم کرے گا تو فون اسپیکر پر ترجمے کو سننے کے بجائے آپ کی بورڈ پر ٹائپ یا اپنی پسند کے مطابق آپشن کا انتخاب مینوئلی کرسکیں گے۔

اگلے سال لاکھوں فون پر واٹس ایپ سروس بند ہوجائے گی!۔

ایکسپریس کی خبر کے مطابق واٹس ایپ کمپنی کے اندرونی ذرائع نے کہا ہے کہ سال 2020ء میں بہت سے پرانے سافٹ ویئر پر چلنے والے فون میں واٹس ایپ کی سہولت برقرار نہیں رہے گی اور سب سے پہلے 31 دسمبر کو ونڈوز فون کی اکثریت پر واٹس ایپ بے عمل ہوجائے گا۔ واٹس ایپ کے اعلامیے کے مطابق فروری 2019ء کے بعد سے واٹس ایپ کو جاری رکھنے کے لیے آئی او ایس نائن اور اینڈرائیڈ 3.0 ورژن لازمی تھے۔ اب واٹس ایپ کی مزید اپ ڈیٹس اس جگہ پہنچ چکی ہیں جہاں انہیں چلانے کے لیے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے قدرے اگے کے ورژن درکار ہیں جن میں اینڈرائیڈ فور یعنی ’آئسکریم سینڈوچ‘ ورژن شامل ہے۔اس طرح اگر آپ کے پاس آئی فون فائیو سے کم کا ماڈل ہے تو اس پر واٹس ایپ نہیں چلے گا، جبکہ 31 دسمبر 2019ء تک سارے ونڈوز فون پر واٹس ایپ سروس بند ہوجائے گی جن میں لومیا سیریز بھی شامل ہے۔ اسی طرح ایچ پی ایلیٹ اسمارٹ فون، گوگل نیکسس ون، سام سنگ ایپک فوری، اور موٹرولا ڈروئڈ ایکس پر بھی واٹس ایپ سروس ختم ہوجائے گی۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ واٹس ایپ اب فیس بک کی ملکیت ہے اور وہ اسے جدت سے ہم کنار کرتے ہوئے مزید تبدیلیوں کا خواہاں ہے، جن میں فیس بک اور واٹس ایپ کا باہمی تعلق بھی قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح فیس بک میسنجر انسٹا گرام سے نتھی کیا جارہا ہے۔ اسی وجہ سے چند مہینوں میں لاتعداد فون واٹس ایپ کی رسائی سے دور ہوجائیں گے۔

خون میں بہت زیادہ چکنائی سے جسمانی اعضا ناکارہ ہونے کا خدشہ

تحقیق کے مطابق خون میں اگر بہت زیادہ چکنائی ہو تو وقت کے ساتھ ساتھ اعضا کے ناکارہ ہونے کے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ خون میں تیرتی ہوئی کئی طرح کی چکنائیاں سب سے پہلے اندرونی جسمانی جلن یا سوزش کی وجہ بنتی ہیں، جب کہ جسمانی سوزش کئی طرح کی اندرونی بیماریوں مثلاً انفیکشن، جراثیم کے حملے یا امینیاتی نظام کی خرابی کو ظاہر کرتی ہے۔ بسا اوقات یہ موٹاپے، ذیابیطس اور امراضِ قلب کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوتی ہے۔ اگر جسم کے اندر مسلسل سوزش جاری رہے تو اس کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے، کہ خون میں ٹرائی گلیسرائیڈز اور لائپڈز بڑھنے سے سوزش جنم لیتی ہے۔ خون میں موجود چکنائی اہم اعضا کو بھی شدید نقصان پہنچاسکتی ہے،کہ بعض پروٹین اور ریسپٹر کی سرگرمی کو روکتے ہوئے ہم اہم جسمانی اعضا کو بچاسکتے ہیں۔ تاہم اس ضمن میں اب بھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔