سرد موسم، رحمت بھی… زحمت بھی

محمد عبدالشکور
روئے زمین پر زندگی کے وجود کو قائم رکھنے اور اس کی نشوونما کے لیے مختلف موسموں کا ایک مربوط اور منظم نظام بھی خدا تعالیٰ کی اپنی مخلوق کو عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔ اس کائنات میں بسنے والا ہر ذی روح ان ماحولیاتی اثرات کے زیرِاثر رہتا ہے۔ موسموں کے نظام میں تغیر کے موجودہ حالات کے باعث مختلف امراض کے جنم لینے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اپنی خوراک، لباس اور دیگر معمولاتِ زندگی کو اس تبدیلی کی مناسبت سے ڈھالا جاتا ہے، کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی سے یہ موسم آپ کے لیے رحمت سے زحمت بن سکتا ہے۔ پاکستان شدید موسموں والے خطوں میں شمار ہوتا ہے۔ بہار اور خزاں کا موسم مختصر سہی، لیکن طویل موسم گرما اورپھر صبر آزما جاڑا… پہاڑی علاقے مہینوں برف سے ڈھکے رہتے ہیں، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج رہتا ہے۔ موسم کی شدت سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے گرم کپڑوں، خشک میوہ جات اور ایندھن کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ لیکن انھی حالات میں ایک کثیر تعداد ایسے نفوس کی بھی ہے جن کے لیے موسم سرما کی آمد کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہوتی۔ ان کی اکثریت یا توکھلے آسمان تلے سڑکوں پر، یا پھر کپڑے کے جھونپڑوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہے۔ ایسے میں بارش کی آمد ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتی ہے۔ سردی ہر کسی پر اپنا اثر چھوڑتی ہے، لیکن بچے اور بزرگ افراد کم قوتِ مدافعت کے باعث موسم کی شدت کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی، اور غیر سرکاری تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اگلی دہائی کے آخر تک دنیا بھر میں ایک کروڑ آٹھ لاکھ بچے نمونیا کے باعث ہلاک ہوسکتے ہیں۔ نائیجیریا کے 17 لاکھ، پاکستان کے 7 لاکھ، جبکہ کانگو کے قریب ساڑھے 6 لاکھ بچوں کی زندگیوں کو 2030ء تک نمونیا کے باعث خطرہ ہے۔
شدید موسم اور زمینی حالات کی سنگینی ہی ان پاکستانیوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ سہولیات کا فقدان،کم مالی وسائل اور مہنگائی بھی اِن کے مصائب میں ایسا اضافہ کرتی ہے کہ ہم اس کا تصور نہیں کرسکتے۔
ان سنگین حالات کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہر سال ونٹر پیکیج کی تقسیم کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں اپنے مصیبت میں گھرے بھائیوں کو شدید موسم کے جبر سے بچانے کے لیے ان میں گرم کپڑے، لحاف اور کمبل تقسیم کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ موسم سرما میں بھی الخدمت فائونڈیشن نے ملک کے مختلف شہروں سمیت دور افتادہ پسماندہ علاقوں میں ایک لاکھ سترہ ہزار سات سوپچاس (117750) مستحق افراد کو ونٹر پیکیج مہیا کیے۔ ونٹر پیکیجز کی تقسیم کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں منظم ومربوط پروگرام کے تحت چھان بین کے بعد دیانت داری سے مستحقین کی فہرستیں تیار کی جاتی ہیں، انہیں کوپن جاری کیا جاتا ہے اور ونٹر پیکیج ان مستحقین کے حوالے کیا جاتا ہے۔ اس تمام عمل میں مستحقین کی عزتِ نفس کو مقدم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔
خدمتِ انسانی کے مقدس مشن میں مصروف ِ عمل الخدمت فائونڈیشن اپنی ایک قابلِ فخر تاریخ رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے الخدمت فائونڈیشن کو پاکستان کی نمایاں خدمت ِ خلق کی تنظیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اور ہمارا سب سے بڑا سرمایہ، ہمارا ہراول دستہ ملک بھر میں پھیلے وہ ہزاروں بے لوث رضاکار ہیں جو صرف رضائے الٰہی کے حصول کی خاطر بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ رواں موسم سرما میں بھی جب ہر کوئی اپنے گھر میں گرم لحافوں میں دبکے خشک میوہ جات سے لطف اندوز ہونے کو ترجیح دیتا ہے، الخدمت کے رضاکار انھی سرد راتوں میں سڑکوں پر کھلے آسمان تلے پڑی ٹھٹھرتی زندگیوں کی فکر میں ہلکان ہوتے نظر آئے۔ شہر تو شہر، یہ شیر دل جوان پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے باوجود پیادہ قافلوں کی صورت میں میلوں کی دشوار گزار مسافت طے کرکے اپنے بے آسرا بھائیوں کے لیے کمبل، رضائیوں اور گرم بستروں پر مشتمل ونٹر پیکیج لے کر پہنچے۔
اِن رضا کاروں کے ساتھ ساتھ ہمیں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے ایسے صاحبِ خیر حضرات کا تعاون بھی حاصل ہے جو اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے دردِ دل رکھتے ہیں اور کسی بھی ناگہانی آفت یا ضرورت کے وقت امدادی سامان اور رقوم ارسال کرتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں آنے والی قدرتی آفات مثلاً زلزلے اور سیلاب میں بھی الخدمت فائونڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے تحت متاثرین کو ریسکیو کیا، اُنہیں طبی امداد مہیا کی اور اُن میں پکا پکایا کھانا، خشک راشن، خیمے، ترپال، ہائی جین کٹس تقسیم کیں، وہیں متاثرین میں ونٹر پیکیج بھی تقسیم کیے گئے۔ یہ آپ کا الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد اور بھروسا ہی ہے کہ جب الخدمت فائونڈیشن نے کسی مشکل گھڑی میں اپیل کی تو آپ نے زندہ قوم کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے دل کھول کر مدد کی ۔
الخدمت فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ الخدمت کی جانب سے شروع کی گئی بہت سی چھوٹی چھوٹی کاوشیں اللہ کے فضل و کرم، الخدمت کے کارکنان کی بے لوث خدمت اور صاحبِ استطاعت افراد کے تعاون سے اب باقاعدہ پروگرام کی شکل میں جاری ہیں۔ ونٹرپیکیج بھی ایسی ہی ایک خوبصورت مثال ہے۔ الخدمت فائونڈیشن آپ کو دعوت دیتی ہے کہ اس کڑے موسم کی شدت سے اپنے مجبور و مستحق بھائیوں کو محفوظ رکھنے کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔ اپنے علاقوں میں نہ صرف الخدمت کے مراکز پر اپنا مالی حصہ ڈالیں، ونٹر پیکیج کو ایک لاکھ 17ہزار سے بڑھا کر ان ہزاروں، لاکھوں مستحقین تک پہنچائیں جو اس شدید سردی میں ہماری توجہ اور امداد کے منتظر ہیں۔ ایک ونٹر پیکیج کی فی کس مالیت محض 35 سو روپے ہے لیکن یقین کریںکہ آپ کی یہ کاوش نہ صرف دنیا میںآپ کے لیے دلی راحت کا باعث بنے گی بلکہ توشۂ آخرت بھی ثابت ہوگی۔