نام کتاب : خاندانِ رسالت مآبؐ
مصنفہ : نغمانہ عنبرین
ضخامت : 188 صفحات
قیمت : 250 روپے
ناشر : حرا پبلی کیشنز
رحمت اللعالمینؐ کی سیرتِ طیبہ پر تحقیق، تصنیف اور تالیف کا کام گزشتہ 14 صدیوں سے دنیا کی کم و بیش تمام زبانوں میں جاری و ساری ہے اور قیامت تک یہ کام ہوتا رہے گا۔ اردو زبان میں بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ پر درجنوں نہیں سینکڑوں تصنیفات موجود ہیں، بلکہ اگر سنجیدگی سے تحقیق کی جائے تو عین ممکن ہے اس موضوع پر ہونے والی چھوٹی بڑی کاوشوں کی تعداد ہزاروں میں جا پہنچے، کیونکہ جو فرد بھی اسوۂ حسنہ کا مطالعہ کرتا ہے اُس کے سامنے کوئی نہ کوئی نیا پہلو سیرتِ طیبہ کا اجاگر ہوجاتا ہے۔ چنانچہ شمع رسالتؐ سے روشنی حاصل کرنے والے پروانے آئے روز اپنے اپنے انداز میں عقیدت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ’’خاندانِ رسالت مآبؐ‘‘ بھی ایسی ہی ایک کوشش ہے جو گومل یونیورسٹی کی طالبہ نغمانہ عنبرین نے ایم اے علوم اسلامیہ کی تکمیل کے لیے نصابی مقالے کے طور پر تحریر کی، جسے بعد ازاں ’’حرا پبلی کیشنز‘‘ لاہور نے نہایت اہتمام سے شائع کیا تاکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے اہلِ بیت سے محبت رکھنے والے اس سے استفادہ کرسکیں۔
رسول اکرمؐ کے خاندان کے بارے میں معلومات اور تذکرہ یوں تو سیرتِ طیبہ کی تمام ہی کتب میں دستیاب ہے، مگر یہ ہزاروں صفحات اور مختلف ابواب پر منتشر ہے۔ محترمہ نغمانہ عنبرین کی اس کاوش کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام اہلِ خاندان کے بارے میں معلومات کو یکجا کردیا گیا ہے، اور یوں اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کو ضخیم کتب کی ورق گردانی سے بے نیاز کردیا گیاہے۔ کتاب پر گومل یونیورسٹی کے پروفیسر محمد اسلم خاں کی نظرثانی نے اسے زیادہ وقیع بنا دیا ہے۔
کتاب کے آغاز میں مولدِ رسولؐ، مکہ مکرمہ کی مختصر تاریخ پر مشتمل ایک باب بھی شامل کیا گیا ہے۔ دوسرے باب میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نسب نامہ بیان کیا گیا ہے اور آپؐ کے جدِّ امجد حضرت ابراہیم ؑسے آپؐ کے والدِ ماجد حضرت عبداللہ بن عبدالمطلب تک کے حالات مختصراً بیان کیے گئے ہیں۔ پھر ایک قدرے تفصیلی باب سیرتِ مصطفیؐ پر ہے جس میں آپؐ کی ولادتِ مبارکہ، بچپن، پرورش، جوانی، بعثت، حلیۂ مبارک، معمولات اور اسوۂ حسنہ کے مختلف پہلوئوںکے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے بعد کے صفحات میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خاندان کے بارے میں تفصیلات ہیں۔ پہلے ازواجِ مطہرات کا تذکرہ ہے اور تعددِ ازدواج کے مسئلے پر مغربی مفکرین اور مستشرقین کے پیدا کردہ اشکالات کا جائزہ لے کر ان کا رد کیا گیا ہے۔ تمام ازواجِ مطہرات کے حالاتِ زندگی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے نکاح کا تذکرہ، ان کے فضائل و مناقب اور حلیہ و اخلاق کے بارے میں جامع تعارف کرایا گیا ہے۔ اگلا باب اولادِ رسولؐ کے متعلق ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صاحبزادگان چونکہ بچپن میں ہی انتقال فرما گئے اس لیے پہلے ان سب کا مختصر تذکرہ کرنے کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں اور ان کی اولاد کے حالاتِ زندگی بیان کیے گئے ہیں۔ آخری صفحات میں نبیٔ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے سفرِ آخرت اور وصال کا نقشہ کھینچا گیا ہے۔ اس طرح ’’خاندانِ رسالت مآب‘‘ کے نام سے یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک منفرد کاوش ہے جسے چار رنگ کے مجلّد سرِورق کے ساتھ نہایت اہتمام سے شائع کیا گیا ہے۔ کتاب کی اہمیت کے پیش نظر کاغذ بھی اچھا یعنی 80 گرام فلائنگ پیپر استعمال کیا گیا ہے۔ عمدہ کاغذ پر طبع شدہ اس تحقیقی تصنیف کی قیمت صرف 250 روپے ہے جو کاغذ کی موجودہ زبردست مہنگائی کے دور اور کتب کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مقابلے میں نہایت کم ہے، جس کے سبب عام آدمی کی اس قیمتی کتاب تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔ کتاب اس قابل ہے کہ بچیوں کو شادیوں میں تحفہ دی جائے، اور خاص طور پر ربیع الاوّل کے موجودہ ماہِ مکرم میں جب کہ سیرتِ طیبہ سے آگاہی کی خواہش ہر خاص و عام مسلمان کے دل میں عام دنوں سے زیادہ مچل رہی ہوتی ہے، احباب کو ہدیۃً پیش کی جائے۔ توقع ہے کہ علمی حلقوں میں بھی اس کتاب کو پذیرائی ملے گی، خصوصاً تعلیمی اداروں کی لائبریریوں اور دینی مکتبوں کے منتظمین سیرتِ طیبہ کے اہم موضوع پر کی گئی اس تحقیق سے اپنے اداروں کو مزین کریں گے۔