سید ابوالاعلیٰ مودودی، ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، سید سلیمان ندوی، سید عبدالقدوس ہاشمی، ابوالجلال ندوی، آغا شورش کاشمیری، ڈاکٹر حمیداللہ،
مولانا نعیم صدیقی، حفیظ جالندھری سمیت 40 مرحوم قلم کاروں کے نام سے منسوب ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
صدرِ پاکستان مہمانِ خصوصی ہوں گے، ان شا اللہ
قائداعظم رائٹرز گلڈ پاکستان کے نومنتخب صدر پروفیسر ہارون الرشید کی زیر صدارت گلڈ کی گورننگ باڈی کا ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں پورے پاکستان کے مؤرخین، محققین، ادبا، شعرا، ناول نگاروں، افسانہ نگاروں، کالم نگاروں کی منفرد معیاری، معلوماتی 40 کتابوں پر ’’مرحومین قلم کار یادگاری بکس ایوارڈ‘‘ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایوارڈ کے جسٹس پینل ایوارڈ کا چیف کوآرڈی نیٹر جلیس سلاسل کو مقرر کیا گیا، جبکہ کوآرڈی نیشن سیکریٹری صدف بنتِ پروفیسر اظہار حیدری ہوں گی۔
جن مرحومین کے نام سے منسوب ایوارڈ دیئے جائیں گے ان 40 مرحوم شخصیات میں ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، سید ابوالاعلیٰ مودودی، سید سلیمان ندوی، سید عبدالقدوس ہاشمی، سید شریف الدین پیرزادہ، جسٹس اے آر کارنیلیس، مولانا ابوالجلال ندوی، آغا شورش کاشمیری، نسیم حجازی، ڈاکٹر سید عبداللہ، ڈاکٹر حمیداللہ، ڈاکٹر وحید قریشی، پروفیسر حسن عسکری، مولانا حسن ریاض، حفیظ جالندھری، مولانا حسن مثنیٰ ندوی، ضیا الدین برنی، مشفق خواجہ، ڈاکٹر امیر حسن صدیقی، مولانا نعیم صدیقی، بیگم ڈاکٹر شائستہ اکرام اللہ، مختار زمن، عفت الٰہی علوی، ریاض فرشوری، ابن صفی، سلیم احمد، شفیق بریلوی، ماہر القادری، احسان دانش، قاری احمد پیلی بھیتی، ڈاکٹر جمیل جالبی، عبدالکریم عابد، نواب زادہ میجر جنرل شیر علی خان پاٹودی، نصر اللہ خان، ڈاکٹر ابوالخیر کشفی، ڈاکٹر محمد ایوب قادری، مسرت جہاں نوری، عبدالعزیز خالد، آمنہ نازلی، رحمن کیانی قابلِ ذکر ہیں۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکتِ پاکستان ہوں گے (ان شا اللہ)۔ پاکستان کے، تمام کتابوں کے مصنفین جن کی کتابیں اکتوبر 2018ء سے اکتوبر 2019ء کے درمیان شائع ہوئی ہوں اور ایوارڈ یافتگان میں شامل ہونا چاہتے ہوں وہ اپنی تصانیف کے دو نسخے جلیس سلاسل کو 129/A فرسٹ فلور بھایانی شاپنگ سینٹر بلاک M نارتھ ناظم آباد کراچی کے پتے پر 31 اکتوبر 2019ء تک ارسال کریں، یا دوپہر 12بجے سے سہ پہر 3 بجے تک درج بالا پتے پر پہنچا دیں۔ رابطہ نمبر جلیس سلاسل 0332-2371009۔