کتاب : دیارِ نُور
(حمد و نعت اور دینی نظموں کامجموعہ)
شاعر : محمد ایوب ساگرؔ
ضخامت : 124 صفحات قیمت: 150 روپے
ناشر : الفلاح اکیڈمی۔ 17 اپر مال اسکیم لاہور
فون : 0323-4594996،042-35761829
ملنے کا پتا : (1) آصف بک سینٹر اردو بازار۔ لاہور
بھٹی بک ڈپو۔ مصطفی آباد، لاہور
سادہ طبیعت اور اخلاص کے پیکر محمد ایوب ساگرؔ لاہور کے معروف شاعر ہیں، سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو علم و ادب کی خدمت کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔ شعر و شاعری ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ حمد و نعت اور دینی موضوعات میں خصوصی شغف رکھتے ہیں، اس کے علاوہ بچوں کے لیے نظمیں لکھنا ان کی دلچسپی کا محور ہے۔ اب تک حمد و نعت پر مشتمل چھ مجموعہ ہائے کلام: گوہرِ انوار، بحر ِکرم، ماہِ مدینہ، سرکارِ دو جہاں، درِ نایاب اور دیارِ نور کے نام سے طبع ہو چکے ہیں، جب کہ بچوں کے لیے نظموں کی پانچ کتب: پھول پیارے پیارے، روشن روش چاند ستارے، مہکی مہکی پیاری کلیاں، نکھرے نکھرے پیارے موتی اور پیارے پیارے کھیل کھلونے کے نام سے شائع ہو چکی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’دیارِ نور‘‘ ان کا تازہ مجموعہ ہے جو حال ہی میں منظر عام پر آیا ہے۔
’’دیارِ نور‘‘ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا حصہ حمدِ باری تعالیٰ پر مشتمل ہے جس میں مخصوص بحروں میں کہی گئی چھ حمدیہ نظمیں شامل ہیں۔ دوسرا حصہ نعتیہ نظموں پر مشتمل ہے اور اس میں 44 نظمیں شامل ہیں جن میں سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے خاتم النبیین کے حضور نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ ’’دیارِ نور‘‘ کا تیسرا حصہ مختلف دینی موضوعات کا احاطہ کرتی ہوئی چار نظموں پر مشتمل ہے۔ کتاب کا انتساب تمام مرحومین اور عاشقانِ مصطفیؐ کے نام کیا گیا ہے جن کے دل محبتِ رسولؐ سے لبریز و منور ہیں اور جو اسلام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔
کتاب کے تینوں حصوں میں شامل حمدیہ، نعتیہ اور دیگر دینی موضوعات پر لکھی گئی نظمیں سادہ، سلیس اور عام فہم زبان میں کہی گئی ہیں اور پیچیدہ تراکیب اور مشکل الفاظ و محاوروں سے پرہیز کرتے ہوئے رب کائنات کی شان اور رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کا اعتراف کرتے ہوئے عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔ نظموں کے اوزان و بحور اور ردیف قافیے بھی سادہ الرسیل ہیں جس سے مطالعے کے دوران قاری کسی مشکل سے دوچار اور ذہنی بوجھ کا شکار نہیں ہوتا، بلکہ روانی سے مطالعہ کرتا چلا جاتا ہے۔ تاہم حروف خوانی میں کہیں کہیں رہ جانے والی غلطیاں کھٹکتی ہیں۔
رنگیں سرِورق خانۂ کعبہ اور مسجدِ نبویؐ کے میناروں سے مزین ہے۔ یوں یہ کتاب کے موضوع سے ہم آہنگ ہوگیا ہے۔
کتاب پیپر بیک پر عمدہ سفید کاغذ پر شائع کی گئی ہے اور اس قابل ہے کہ موضوع سے دلچسپی رکھنے والے احباب اس کا مطالعہ اور مصنف کی حوصلہ افزائی کریں۔