کتاب : قرآن مجید اور مستشرقین (غلط فہمیوں کا جائزہ)۔
مصنف : مولانا محمد جرجیس کریمی
صفحات : 120 قیمت:200 روپے
ناشر : کتاب محل۔ دربار مارکیٹ لاہور
فون : 0321-8836932
kitaabmahal786@gmail.com : ای میل
fkitabmahal 03004827500
علمائِ کرام اور اہلِ علم کی توجہ اب استشراق کی طرف مبذول ہونے لگی ہے اور بہت سے مطالعات بازارِ علم میں آنے لگے ہیں، ان ہی میں زیر نظر کتاب جو مولانا محمد جرجیس کریمی مدظلہ کی تحقیق ہے قرآن مجید اور مستشرقین کے موضوع پر جامع تصنیف ہے۔ اس مختصر تحقیق میں انہوں نے گویا کوزے میں دریا بند کردیا ہے۔ وہ تحریر فرماتے ہیں:
’’استشراق اور مستشرقین کا موضوع نہایت سنجیدہ موضوع ہے لیکن اس کی طرف توجہ کم کی گئی ہے۔ علمائے اسلام میں چند ہی نے اس کو اپنی تحقیق کا مستقل موضوع بنایا ہے، ورنہ عام طور سے اس کو نظرانداز کردیا گیا۔ بظاہر اس موضوع پر جتنا کام ہونا چاہیے تھا اس کا عشرِ عشیر بھی نہیں ہوا ہے۔
مستشرقین نے اسلامی علوم و فنون خاص کر قرآن و سیرتِ نبویؐ کو مطالعے کا موضوع بنایا ہے۔ بایں اعتبار اس کی اہمیت مزید دوچند ہوجاتی ہے کہ انہوں نے اس پر طرح طرح کے اعتراضات بھی کیے ہیں۔
اسلام سے متعلق مستشرقین کی غلط فہمیوں اور بدگمانیوں کا ازالہ ایک دینی فریضہ ہونے کے ساتھ دعوت و تحریک کا بھی ایک حصہ ہے۔ اسی غرض سے اس موضوع کا انتخاب کیا گیا۔ 1999ء میں اس کا طبع اوّل منظرعام پر آیا تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر و احسان ہے کہ اس نے اس کو علمی حلقے میں غیر معمولی مقبولیت عطا کی۔ عرصے سے خواہش تھی کہ اس پر نظرثانی کرکے بعض مشہور مستشرقین کا مختصر تعارف اور قرآن مجید سے متعلق ان کا نقطہ نظر بیان کیا جائے۔ اللہ کا شکر ہے کہ 17 مستشرقین کا مختصر تعارف اور قرآن مجید سے متعلق ان کا نقطہ نظر اس میں شامل کیا جارہا ہے۔ اس طرح ضمیمہ نمبر2 کے تحت قرآن مجید اور مستشرقین پر لکھی گئی عربی کتب کی ایک طویل فہرست بھی شامل کی جارہی ہے، تاکہ اس موضوع پر تحقیق کرنے والوں کو رہنمائی حاصل ہو۔
اس کتاب کی تیاری کے تعلق سے میں ادارہ تحقیق کے ذمہ داران خصوصاً صدرِ ادارہ استاذ محترم مولانا سید جلال الدین عمری مدظلہ العالی و سیکریٹری ادارہ ڈاکٹر صفدر سلطان اصلاحی زید مجدہٗ کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ ان کی خصوصی توجہ سے یہ کتاب تیار ہوئی اورشائع بھی ہورہی ہے۔ ادارہ علوم اسلامیہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کی لائبریری کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنھوں نے خندہ پیشانی کے ساتھ ضرورت کی ہر کتاب سے استفادہ کا موقع عنایت فرمایا۔ جزاہم اللّٰہ احسن الجزا‘‘۔
کتاب میں پیش کیے گئے مضامین کے عنوانات پیش خدمت ہیں:
استشراق کا تاریخی پس منظر
استشراق کی لغوی تعریف، اصطلاحی تعریف، مشرق و مغرب کی تقسیم، مشرق و مغرب کی مغربی تقسیم، مشرقی علوم، مشرقی علوم کی مغربی تقسیم، استشراق کی تحریک کے بارے میں محققین کی آرا کا خلاصہ، یہودیت اور استشراق، عیسائیت اور استشراق، استشراق اور صلیبی جنگیں، اسلام اور اہلِ اسلام کے خلاف فتنوں کی یلغار، استشراق کے اور دوسرے اسباب، مذہبی، معاشی، علمی، ذاتی دلچسپی، استشراق عہد بہ عہد، منزل بہ منزل، مستشرقین کی قسمیں، استشراق، مقاصد اور طریقہ کار، استشراق کا مستقبل۔
قرآن مجید پر مستشرقین کے اعتراضات
داخلی اعتراضات:۔
عقیدۂ توحید اور اللہ پر اعتراض، عقیدۂ آخرت پر اعتراض، تخلیقِ آدم، سجدۂ ملائک اور مستشرقین، ذریت آدم کی گواہی پر اعتراضات، آسمان و زمین کے سات طبق پر اعتراض، عرش، لوح اور میزان پر اعتراض، قرآنی تعلیمات پر مستشرقین کے اعتراضات، قصص اور تاریخی واقعات پر اعتراضات۔
خارجی اعتراضات:۔
قرآن مجید کی عربیت اور مستشرقین، بلاغتِ قرآن پر اعتراض، جمع و ترتیب پر اعتراض، منسوخ آیتوں پر اعتراض، خلاصۂ بحث۔
قرآن مجید پر اعتراضات کرنے والے بعض مشہور مستشرقین
پروفیسر اجناس گولڈزیہر، ولیم کلیرٹسڈال، جورج سیل، رچرڈ بیل، الفریڈ کیٹویل اسمتھ، تھیوڈور نولڈکے، سرہیملٹن الیگزنڈر روسکین گب، آرتھر جان آربری، جوزف شاخت، ریجس بلاشیر، ڈاکٹر اسپرنگر، ولیم منٹگمری واٹ، ایڈورڈ ونیز برف، سر ولیم میور، آرتھر جیفری، جان برٹن، ابن وراق۔
قرآن مجید پر مستشرقین کے اعتراضات کا جائزہ
قرآن کا ادبی اعجاز۔ فصاحت و بلاغت، قرآن کا خبری اعجاز۔ پیش گوئیاں، قرآن کا علمی اعجاز۔ سائنسی انکشافات، قرآنی احکام اور طبی حکمتیں، ایمان اور ذہنی سلامتی، شراب، میڈیکل سائنس اور قرآن، سائنس کو قرآن کا چیلنج، مستشرقین کے بعض دیگر اعتراضات کے جوابات، اللہ، توحید اور عقیدۂ آخرت پر اعتراض کا جواب، عرش، لوح، میزان اور تخلیقِ آدم پر اعتراض کا جواب، آسمان و زمین کے سات طبق، قرآن اور سائنس، قرآنی تعلیمات پر اعتراضات کے جوابات، قصص اور تاریخی واقعات پر اعتراض کا جواب، قرآن مجید کی عربیت پر اعتراض کا جواب، قرآن مجید کے نسخ پر اعتراض کا جواب، قرآن مجید میں تکرار اور صرف ونحو کی غلطیاں، جمع و ترتیب پر اعتراض کا جواب۔
قرآن مجید سے متعلق متشرقین کی کاوشیں، مآخذ و مراجع، ضیمہ1، ضمیہ2۔
مولانا محمد جرجیس کریمی قرآن و سنت پر گہری نظر رکھنے والے بھارتی عالم ہیں، ان کی جتنی بھی تحریریں نظر سے گزری ہیں ان کے مطالعے سے قرآن و سنت کے علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ان کو صحت و سلامتی سے اپنے دین کی خدمت کی توفیق دے۔ یہ مختصر کتاب خوب صورت طبع کی گئی ہے، مجلّد ہے، سادہ مگر رنگین سرورق سے مزین ہے۔ اردو کی اسلامی لائبریری میں وقیع و ثمین اضافہ ہے۔
ہر لائبریری میں اس کو موجود ہونا چاہیے۔