کتاب : الکیمسٹ اسلامی تصوف پر مبنی ایک معروف کہانی
مصنف : پائولوکوئلو
مترجم : ڈاکٹر محمد ذکی کرمانی (علی گڑھ)۔
صفحات : 166 قیمت:400 روپے
ناشر : عکس پبلی کیشنز۔ بک اسٹریٹ۔ داتا دربار مارکیٹ۔ لاہور
فون : 042-37300584,03004827500
0348-4078844
ایک زمانہ تھا کہ راقم دن میں تین تین چار چار ناول آنہ لائبریری سے لے کر پڑھتا تھا۔ فیض باغ میں چیمہ لائبریری ہوتی تھی، اس کی تمام کتابیں پڑھ گئے۔ ایک شیلف علمی کتابیں تھیں وہ بھی پڑھ گئے۔ دو کتابیں یاد ہیں، ایک علامہ شبلی کی سیرت النبیؐ، اور دوسری توزک ہٹلری۔ اس کے بعد بہت کم ناول، افسانے پڑھے۔ کبھی کبھی یہ تخلیقی ادب بھی نظر سے گزرتا رہتا ہے۔ انہی دنوں دو ناول بھی تبصرے کے لیے آئے ہیں، ان میں ایک مشہور ناول نگار پائولوکوئلو کا ناول الکیمسٹ ہے۔ ڈاکٹر محمد ذکی کرمانی تحریر فرماتے ہیں:
’’الکیمسٹ ڈاکٹر عبدالرئوف نے مجھے تحفتہً دی۔ اور میں نے جانا کہ حکمت و دانائی پر کسی کی اجارہ داری نہیں۔ یہ ایک خوب صورت کتاب ہے جس کے بنیادی تصورات فکرِ تصوف سے مستعار ہیں جو ممکن ہے کہ دانشِ عصر کو تسلیم نہ ہوں، لیکن ان کی سچائی سے کوئی عصر کبھی انکار نہ کرسکا۔ جدید معاشرتی ارتقا میں تجربے و تجزیے کی حیثیت بجا، لیکن مشاہدے کے ذریعے علامات کو پہچاننے اور مقدر کی تلاش میں ان کی رہنمائی سے انفرادی کامیابی کی ضمانت ملتی رہی ہے، اور کیا عجب کہ اجتماعی مقدروں کے ارتقائی سفر میں بھی ان کا کوئی رول ہو، اور آج کا انسان وہ چیز پالے جس کے کھو جانے کا احساس تو اسے شدید ہے لیکن اسے پہچان سکنے کی صلاحیت سے وہ محروم ہوگیا ہے۔
پائولوکوئلو کے مشہور ناول ’’الکیمسٹ‘‘ کی یہ کہانی ایک نوجوان اندلسی چرواہے کے گرد گھومتی اندلس کے میدانوں سے شروع ہوکر افریقی ریگستان میں پھلتی پھولتی اور اہرام مصر کے قریب کمال کو پہنچ کر پھر اندلس میں ختم ہوتی ہے۔
حصولِ مقصد کی راہ میں حائل مشکلات، رکاوٹیں نہیں بلکہ استقلال کا امتحان ہیں، اور اگر دل زندہ ہو اور آنکھوں پر پردے نہ پڑے ہوں تو خدا کی اس کائنات میں بکھری نشانیاں اس جدوجہد کے دوران رہنمائی اور معاونت کرتی نظر آتی ہیں، اور اس معاونت اور رہنمائی کو دیکھ لینا ذرا بھی مشکل نہیں۔
تجربہ، تجزیہ اور تحلیل معاشرتی ارتقا کے انتہائی اہم عناصر سہی، لیکن ان پر مکمل انحصار سے ہماری مشاہداتی قوتیں محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ فطرت سے دوستی کے بجائے اُس پر مالکانہ حقوق کے تصور سے علم و حکمت کے ایک بہت بڑے خزانے سے ہم محروم ہوگئے ہیں۔
الکیمسٹ اس خزانے کی تلاش کی کہانی بھی ہے اور یہ پیغام بھی کہ انسانی سرشت میں چھپے خزانے کی کامیاب تلاش کے لیے کسی مشفق شیخ کی صحبت ضروری ہے۔‘‘
معروف مغربی اسلامی اسکالر طارق رمضان نے لکھا:
’’ پائولوکوئلو نے اپنے عظیم ناول ’’الکیمسٹ‘‘ میں اسلامی تصوف کی قدیم روایت اور عمیق تعلیمات کو اجاگر کیا ہے۔ جائو سفر کرو، غور سے دیکھو، حقیقتوں کو تلاش کرو، اسرارِ حیات کی پردہ کشائی کرو… ہر راستہ اپنے آغاز ہی پر ختم ہوگا۔ آگہی اور رازوں کا سرچشمہ وہیں ہے جہاں سے چلے تھے۔ سفر اختتام کی طرف نہیں بلکہ آغاز کی سمت میں ہے۔ جانا یہاں واپسی کے معنیٰ میں ہے۔ دریافت دراصل اظہار ہے…جائو… تم واپس آئوگے…‘‘ Western Muslims: The Future of Islam (Oxford University Press)۔
کتاب خوب صورت طبع کی گئی ہے، مجلّد ہے۔ سادہ مگر حسین سرورق سے مزین ہے۔ کاغذ نیوز پرنٹ ہے۔
بزمِ خرد منداں
کتاب : بزمِ خرد منداں
مصنف : محمد اسحق بھٹی
صفحات : 312 قیمت:300 روپے
ناشر : محمد اسحق بھٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، 20513 جناح اسٹریٹ، اسلامیہ کالونی، ساندہ لاہور
فون : 0301-4768918-042-37143677
ای میل : mishaqbhattiri2002@gmail.com
اسٹاکسٹ : کتاب سرائے، الحمد مارکیٹ غزنی اسٹریٹ اردو بازار لاہور
042-37239884-04237320318
کتاب ملنے کا پتا
لاہور : مکتبہ اسلامیہ، حادیہ حلیمہ سینٹر، مکتبہ قدوسیہ، مکتبہ السلفیہ، علم و عرفان پبلشرز اردو بازار لاہور
فیصل آباد : مکتبہ اسلامیہ، کوتوالی روڈ فیصل آباد
گوجرانوالہ : مکتبہ نعمانیہ، اردو بازار گوجرانوالہ
جناب محمد اسحق بھٹی نے خاکہ نگاری میں نیا ڈھنگ اور نیا رنگ اختیار کرکے اردو زبان کو بیش قیمت خزانہ عطا کیا ہے جو صدیوں قائم و دائم رہے گا۔ سچی بات یہ ہے کہ جن اصحاب کو انہوں نے خاکہ نگاری کے لیے منتخب کیا ہے اُن کو صدیوں تک کے لیے زندہ کردیا ہے۔
محمد اسحق بھٹی کے بھتیجے جناب حسان سعید بھٹی تحریر فرماتے ہیں:
’’خاکہ نگاری کو اردو ادب کی حساس اور مشکل صنف میں شمار کیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ابوجی مولانا اسحق بھٹی پر اپنا یہ خاص کرم اور فضل ہی تھا کہ اردو ادب کی اس دقیق صنف کو ان کے لیے آسان اور سہل بنادیا۔ اردو ادب (زبان) کی معاصر تاریخ میں ایسی مثالیں بہت کم ملیں گی جس میں ہم عصر دینی، علمی، ادبی، فکری اور سیاسی شخصیات کا تذکرہ اس جامعیت اور جزئیات کے ساتھ کیا گیا ہو جس جامعیت اور جزئیات نگاری کے ساتھ مولانا بھٹی نے کیا۔
ابوجی مولانا اسحق بھٹی اس لحاظ سے خوش قسمت تھے کہ ان کی حیات میں ہی ان کی دینی، علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں کئی ملکی اور غیر ملکی اداروں نے ان کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کیا اور انہیں شیلڈز عطا کیں۔ اسی طرح ملک کی بہترین جامعات نے ان کی خدمات کی مختلف جہات پر اعلیٰ سطح کے مقالات تحریر کروائے اور ان میں سے ایک مقالہ ’’محمد اسحق بھٹی کی خاکہ نگاری‘‘ ان کی زندگی میں ہی کتابی صورت میں شائع بھی ہوگیا تھا۔ زیر نظر کتاب ’’بزم خرد منداں‘‘ مولانا بھٹی صاحب کی اُن غیر مطبوعہ کتب میں سے ہے جو ان کی زندگی میں شائع نہ ہوسکیں۔ اس کتاب میں جن 24 قد آور دینی، علمی، فکری شخصیات کا انتخاب کیا گیا وہ شخصیات کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں‘‘۔
زیر نظر اس خوب صورت کتاب سے قبل ان کی متعدد کتابیں چھپ چکی ہیں جن میں بزمِ ارجمنداں، ہفت اقلیم، محفلِ دانش منداں، نقوشِ عظمتِ رفتہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کتاب ’’بزم خردمنداں‘‘ میں جن اصحاب کے خاکے شامل ہیں وہ درج ذیل ہیں:
شیخ محمد اکرام، پروفیسر حمید احمد خاں، مولانا امتیاز علی خاں عرشی، پروفیسر یوسف سلیم چشتی، سراج منیر، قاضی عبدالحئی ایڈووکیٹ، قاری سعید الرحمن علوی، مولوی محمد یونس، قاضی محمد اسلم سیف فیروز پوری، مولانا عبدالواحد لائل پوری، میاں عبدالمعید مالواڈا، مولانا عبدالستار خان نیازی، پروفیسر محمد سعید شیخ، حافظ علی محمد، علیم ناصری، مولانا محمد افضل، پروفیسر عبدالجبار شاکر، میاں نعیم الرحمن طاہر، مولانا محمد اکبر سلیم، محمد عالم مختار حق، مولانا سمیع الحق، ڈاکٹر عبدالرحمن فریوائی، ڈاکٹر محمد سہیل عمر اور ڈاکٹر زاہد منیر عمر۔
کتاب سفید کاغذ پر خوب صورت طبع کی گئی ہے، مجلّد ہے۔
سہ ماہی ’’تحقیقاتِ اسلامی‘‘ علی گڑھ ،جنوری مارچ 2019ء
مجلہ : سہ ماہی ’’تحقیقاتِ اسلامی‘‘ علی گڑھ جنوری مارچ 2019ء
مدیر : حضرت مولانا جلال الدین عمری حفظہ اللہ
معاون مدیر : محمد رضی الاسلام ندوی حفظہ اللہ
ناشر : ادارہ تحقیق و تصنیف ِاسلامی نبی نگر (جمال پور) پوسٹ بکس نمبر 93، علی گڑھ 202002 بھارت
ادارہ تحقیق و تصنیفِ اسلامی علی گڑھ کے ترجمان مجلے ’’تحقیقاتِ اسلامی‘‘ کا یہ زیرنظر شمارہ دیکھتے ہی خیال میں پہلے شمارے کی تصویر آنکھوں کے سامنے آگئی، جس کو دیکھ کر ہر شخص نے بے انتہا مسرت کا اظہار کیا تھا۔ آج اس گراں قدر تحقیقی اسلامی مجلے کو شائع ہوتے 37 سال ہوگئے ہیں۔ پاک و ہند کیا تمام دنیا میں اس نے اپنا ایک مقام بنا لیا ہے۔ یہ اللہ پاک کا خاص کرم ہے جس پر اس کا شکر واجب ہے۔
زیرنظر شمارے میں درج ذیل مضامین اور مقالات شامل کیے گئے ہیں:
حرف آغاز: ’’وما ارسلناک الا رحمۃ للعالمین‘‘ سید جلال الدین عمری۔
تحقیق و تنقید: ’’مکی عہد میں مکہ سے باہر اسلام کی اشاعت‘‘ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی، ’’جدیدیت، مابعد جدیدیت اور اسلام‘‘ ڈاکٹر محمد رفعت
بحث و نظر: ’’ضعیف روایات اور ان کے احکام‘‘ پروفیسر محمد سلیم قاسمی، ’’اقوالِ فقہاء سے استفادہ میں امام ترمذیؒ کا منہج‘‘ محترمہ صائمہ ملک، ’’مہلک امراض سے تنسیخِ نکاح‘‘ ڈاکٹر سید باچا آغا۔
سیر و سوانح: ’’امام غزالیؒ اور فقہ شافعی میں ان کا مقام‘‘ ڈاکٹر محمد فہیم اختر ندوی
تعارف و تبصرہ: ’’ہندوستان میں اسلامی معاشیات اور مالیات‘‘ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی، ’’تہذیبِ حجاب اور خواتین‘‘ ڈاکٹر محمد تحسین زماں
’’خبرنامہ ادارہ تحقیق و تصنیف ِاسلامی‘‘ ادارہ۔
پہلے پیکٹ بھارت دو ہزار کا جاتا تھا، اب گیارہ ہزار کا جارہا ہے۔ یہی حال بھارت سے آنے والی ڈاک کا ہے۔ اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں غالباً یہ طے کرچکی ہیں کہ مسلمانوں کا آپس میں کوئی رابطہ نہ رہے۔ اسی بات کے مدنظر ہم درج ذیل معلومات دے رہے ہیں۔
پاکستان میں سہ ماہی ’’تحقیقاتِ اسلامی‘‘ کے لیے رابطہ کریں:
1۔جناب سجاد الٰہی صاحب، 27-A، لوہا مارکیٹ، مال گودام روڈ، بادامی باغ، لاہور۔
فون نمبر 0300-4682752, (R)042-35863609(O)37280916 ۔
ای میل:abdulhadi_133@yahoo.com
2۔ کتاب سرائے اردوبازار
اس کے علاوہ
مجلہ کے تمام شمارے www.tahqeeqat.net پر لوڈ کر دیے گئے ہیں۔
مقالہ نگار حضرات اپنے مقالات صرف tahqeeqat @gmail.com پر ارسال کر یں۔
انتظامی امور سے متعلق رابطہ۔ ای میل:
idaratahqeeq2016@gmail.com
نیز یہ اطلاع بھی زیرنظر مجلے میں دی گئی ہے کہ جن حضرات کے پاس سہولت موجود ہے وہ اس سے فائدہ اٹھا کر مجلے کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔
الحمد للہ برصغیر ہندوپاک کے معیاری علمی و تحقیقی مجلات میں مجلہ تحقیقاتِ اسلامی کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ مقامِ شکر ہے کہ اب اس نے 37برس کا سفر مکمل کرلیا ہے۔ اس کے تمام شمارے www.tahqeeqat.net پر اپ لوڈ ہیں۔ جناب رئوف احمد لائبریرین ڈاکٹر محمد حمید اللہ لائبریری ادارہ تحقیقات اسلامی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے 2016ء تک کے شماروں کا ڈیجیٹل اشاریہ تیار کیا ہے۔ اس میں عنوان، موضوع، مقالہ نگار، سال اور جلد، پانچ اعتبار سے سرچ کی سہولت حاصل ہے۔ ڈائون لوڈ کا بھی آپشن موجود ہے۔ اسے درج ذیل لنک پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:
http://irlgs.iiu.edu.pk:64447/gsdl/
cgi-bin/library?site=localhost8/a=
p&p=about&c=tahqeeq&l=en&w=utf-8
مجلہ کے 2009ء سے 2018ء تک کے مکمل شمارے کتاب سرائے اردو بازار لاہور سے غالباً مل جائیں گے۔
مجلہ خوبصورت سفید کا غذ پر حسین طبع ہوا ہے۔