امریکہ میں منشیات سے 80 ہزار اموات ہوئیں اور یورپ میں 8 ہزار 200 افراد منشیات کی زیادہ مقدار کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ڈرگ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ برس امریکہ میں 80 ہزار افراد منشیات کے بے جا استعمال کے باعث ہلاک ہوئے جب کہ براعظم یورپ میں 8200 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2018ءمیں 2017ء کے مقابلے میں زیادہ اموات واقع ہوئیں، اور یہ اموات کوکین یا ہیروئن کے بجائے افیون کے ساتھ دیگر نشہ آور چیزیں ملا کر استعمال کرنے سے ہوئیں۔ یہ تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے کیوں کہ 20 فیصد سے زائد اموات رجسٹرڈ نہیں ہوپاتیں۔ یہ نتائج یورپ بھر میں نشے کی لت میں مبتلا افراد کے حوالے سے ایک مسابقتی جائزے میں سامنے آئے جس میں کچھ حوصلہ افزا پیش رفت کی جانب بھی اشارہ ملتا ہے، جیسے ہیروئن کے استعمال اور ایڈز کے پھیلاؤ میں گزشتہ ایک دہائی کے مقابلے میں 40 فیصد تک کمی واقع ہونا ہے۔ رپورٹ کے محقق جولیان ونسینٹ کا کہنا ہے کہ افیون سے تیار کیا جانے والا نشہ آور مرکبات انتہائی خطرناک نشہ آور شے ہے، جس کے استعمال سے امریکہ میں 2017ءمیں 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جو 2018ءمیں بڑھ کر 80 ہزار تک جا پہنچے۔ جولیان ونسینٹ نے مزید کہا کہ ایشیائی نشے بھنگ کا استعمال بھی یورپی باشندوں میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے، اس کے علاوہ کوکین کے استعمال میں بھی بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے۔ منشیات ڈیلر اپنی منشیات کی ترسیل کے لیے اب ٹیکنالوجی کا سہارا لے رہے ہیں اور موبائل ایپس کے ذریعے ڈیلنگ کی جارہی ہے۔
ڈاٹ کام (.com) کس لفظ کا مخفف ہے؟
ڈاٹ کام (.com) کا مطلب کیا ہے؟انگلش زبان میں ایسا لگتا ہے کہ ہر لفظ کا کوئی نہ کوئی مخفف ہوتا ہے جو بہت عام ہوتا ہے، مگر ان کے اصل مطلب اکثر افراد کو معلوم نہیں ہوتے۔ جیسے ٹیکنالوجی کی دنیا کے معروف مخفف سم کارڈ اور یو ایس بی، مگر سب سے عام ٹیکنالوجی مخفف لگ بھگ ہر ویب سائٹ کا حصہ ہوتا ہے، یعنی ڈاٹ کام۔
ویسے کچھ ویب سائٹ ڈومین تو سمجھنا آسان ہوتے ہیں جیسے ڈاٹ ای ڈی یو (.edu) یا ڈاٹ جی او وی (.gov) وغیرہ، مگر جب پوچھا جائے کہ ڈاٹ کام کا مطلب کیا ہے تو اکثر افراد ہوسکتا ہے کہ اس کا مطلب کمپیوٹر یا کمیونیکیشن بتائیں۔ درحقیقت ڈاٹ کام لفظ کمرشل کا مخفف ہے، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر ویب سائٹ کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہو (اگر بیشتر کمرشل ویب سائٹس اس ڈومین کو استعمال کرتے ہیں)۔ مگر چونکہ ڈاٹ کام ڈومین نام ہر ایک کو دستیاب تھا اور یہ مخصوص ڈومین جیسے ای ڈی یو یا جی او وی سے مختلف تھا، تو یہ ہر جگہ چھا گیا۔ ویسے تو ڈاٹ کام کمرشل کا مخفف ہے، مگر کچھ ٹیکنالوجی ماہرین کے خیال میں یہ کسی اور لفظ کو چھوٹا کیا گیا ہے اور وہ ہے کمپنی۔ انٹرنیٹ کی ابتدا یعنی 1980ءاور 1990ء کی دہائی میں ایم آئی ٹی کے ڈویلپر جیک ہیورٹی کے مطابق اُس زمانے میں انٹرنیٹ کاروباری اداروں سے کنکٹ نہیں تھا اور اُس زمانے میں ڈاٹ کام سے کاروبار کا خیال ذہن میں نہیں آتا تھا جہاں لوگ کچھ خرید سکیں۔ درحقیقت اُس وقت مختلف کمپنیاں حکومتی معاہدوں پر انٹرنیٹ پر کام کرتی تھیں تو ڈاٹ کام کے لیے کمپنی زیادہ منطقی مخفف ہے۔ مگر اب چونکہ انٹرنیٹ بہت زیادہ پھیل چکا ہے اور تجارت کے لیے بنیادی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے تو کمرشل غیر متنازع طور پر ڈاٹ کام کے معنی کی جگہ لے چکا ہے۔
موبائل پر اشتہاری پیغامات اور کال کی روک تھام کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کو موبائل فون پر اشتہاری پیغامات اور کال کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ موبائل فون استعمال کرنے والے شکایت کرتے ہیں کہ واٹر ٹینکر سروس سمیت دیگر کمپنیوں کی جانب سے پروموشن ٹیکسٹ پیغامات اور کال کی جاتی ہیں۔ پی ٹی اے افسر نے بتایا کہ پروموشن ٹیکسٹ یا کال کو کنٹرول کرنے کا کوئی میکینزم نہیں ہے۔ تاہم جج نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی اے اشتہاری پیغامات یا کالز کے لیے استعمال کیے گئے نمبر کے خلاف ایکشن لے سکتی ہے۔ اس حوالے سے پٹیشنر کے قونصل نے مؤقف اختیار کیا کہ موبائل پر غیرضروری پیغامات اور کال کے باعث صارفین کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے ایک ریگولیٹری ادارہ ہے جو موبائل فون پر ہونے والی پروموشن روک سکتا ہے۔