کتاب : کیر ء بیضا (دودھ اور انڈے) بزبان سندھی
(خاصیتون، فائدا ء علاج)
مصنف : حکیم غلام رسول لاکھو
صفحات : 52 قیمت:80 روپے
مطبع : مہران اکیڈمی، واگنو درشکارپور
فون : 0726-512122-520012
حکیم غلام رسول لاکھو سندھ کے نامور حکیمِ حاذق ہیں، جنہیں اللہ نے دستِ شفایابی عطا کر رکھا ہے۔ ان کی میدانِ طب میں سرانجام دی گئی عملی، علمی اور تحقیقی کدو کاوش کی وجہ سے بجا طور پر انہیں بڑے پیمانے پر لائقِ ستائش گردانا جاتا ہے۔ حکیم صاحب موصوف نے علمِ طب کی ترقی اور فروغ کے لیے مورو طبیہ کالج بھی قائم کررکھا ہے۔ زیر تبصرہ مفید طبی کتابچہ میں انہوں نے دودھ اور اس سے بننے والی دیگر اشیا از قسم گھی، مکھن، لسی، چھاچھ اور دیسی انڈوں کی غذائی و ادویاتی اہمیت اور افادیت کو بے حد مؤثر، عمدہ اور دلچسپ انداز میں بیان کیا ہے، تاکہ ایک عام فرد بھی ان قدرتی نعمتوں کو بطور غذا یا دوا استعمال کرکے استفادہ کرسکے۔ مختلف کشتہ جات، سفوف، حلوے اور حبوب وغیرہ تیار کرنے کے سہل نسخہ جات بھی انہوں نے بڑی فراخدلی کے ساتھ بغیر کسی بخل کے افادۂ عام کی غرض سے تحریر کردیئے ہیں۔ یہ کتابچہ انہوں نے اپنے عربی و فارسی کے استادِ گرامی مولانا مفتی محمود بگھیو مرحوم کے نامِ نامی سے منسوب کیا ہے۔ قابلِ ستائش امر یہ بھی ہے کہ حکیم غلام رسول لاکھو نے قرآن و احادیث کے مستند حوالوں کے توسط سے بھی دودھ اور انڈے جیسی اللہ پاک کی نعمتوں کی افادیت کو اجاگر کیا ہے۔ مہران اکیڈمی شکارپور بغیر کسی نوع کی سرکاری سرپرستی یا این جی او وغیرہ کی امداد کے، تاحال مختلف دینی، علمی، اصلاحی، طبی اور معلوماتی موضوعات پر 500 سے زائد کتب بزبانِ سندھی چھاپ چکی ہے جو بلاشبہ کسی کارنامے سے کم ہرگز نہیں ہے۔
مناسب قیمت کا حامل یہ پُراز فوائد کتابچہ خوبصورت سرورق کے ساتھ عمدہ کاغذ پر شائع کیا گیا ہے جو علم طب سے شغف رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ عام افراد کے لیے بھی فائدہ مند، دلچسپ اور معلومات افزا ہے۔