کتاب:کہانیوں ئی کہانیوں (بزبان سندھی)
(بچوں کے لیے دلچسپ کہانیوں کا خزانہ)
مصنف:سید نظر زیدی
مترجم:عبدالجبار عبدؔسومرو
صفحات:80 قیمت 100 روپے
ناشر:مہران اکیڈمی،واگنودر شکارپور
فون:
0726-512122-520012
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
33 سچی، دلچسپ اور سبق آموز کہانیوں پر مشتمل یہ کتاب دراصل مشہور ادیب جناب نظر زیدی کی بچوں کے لیے ان کی اردو زبان میں کہانیوں کی کتاب ’’اسلامی تاریخ کی سچی کہانیاں‘‘ کا رواں دواں، عام فہم اور سلیس سندھی زبان میں ترجمہ ہے، جو سندھی کے معروف ادیب، شاعر اور ماہر تعلیم عبدالجبار سومرو نے بڑی خوش اسلوبی اور مہارت سے کیا ہے۔ ہر کہانی بے حد دلچسپ اور نصیحت آموز ہے۔ بچے بلاشبہ ہمارا مستقبل اور قوم کے معمار ہیں، اور ان کی عمدہ طور سے پرورش و پرداخت اور تعلیم و تربیت کرنا والدین اور اساتذہ سمیت ہم سب بڑوں کا فرض ہے، لیکن بدقسمتی سے دورِ جدید کی بے پایاں (اور بیشتر لایعنی) مصروفیات کی وجہ سے بڑوں نے اپنے اس اہم ترین فریضے کی ادائی سے روگردانی اور غفلت کی روش اختیار کرلی ہے جو کسی المیے سے کم ہرگز نہیں ہے۔ اس وتیرے کے ضمنی منفی اثرات بچوں پر پڑتے ہوئے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس پر مستزاد الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے خراب اثرات نے بھی آج کل کے بچوں کو تعلیم اور مطالعہ کتب سے دور کرنے میں بے حد اہم کردار ادا کیا ہے۔ ماضی میں اسکولوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبہ و طالبات جس شوق، دلچسپی اور انہماک کے ساتھ بچوں کے رسائل اور کہانیوں کی کتابوں کی خریداری اور انہیں پڑھنے میں محو نظر آیا کرتے تھے، وہ منظر دیکھنے کو تو اب گویا آنکھیں ترستی ہیں۔ ایسی تشویش ناک صورتِ حال میں مہران اکیڈمی شکارپور بچوں اور بڑوں، ہر دو کو علم، تعلیم اور کتاب سے قریب تر کرنے کے لیے زیرسرپرستی ڈائریکٹر پروفیسر نظام دین میمن المعروف قمر میمن سندھی زبان میں معلومات افزا دینی، علمی، تعلیمی، تاریخی اور اصلاحی کتب کی اشاعت کے ذریعے پیہم کوشاں ہے۔ زیرنظر کتاب بھی اسی مثبت سعی کی ایک عمدہ اور لائق ستائش کڑی ہے۔ بامعنی سرورق سے آراستہ یہ مختصر کتاب نفاست کے ساتھ عمدہ کاغذ پر چھاپی گئی ہے، جس کی قیمت بھی بے حد مناسب ہے۔