سیرت ِسرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم

کتاب : سیرت ِسرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم
مصنف : مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ
مترجم : پروفیسر محمد یوسف شیخ،پروفیسر نظام الدین میمن
صفحات : 642، قیمت :800 روپے
ناشر : مہران اکیڈمی، واگنودر، شکارپور
فون : 0726-512122-520012
جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہوجاتا ہے زیر تبصرہ شاہکار کتاب ’’سیرتِ سرورِ عالمؐ‘‘ وقت کے مجدد اور مفکر سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ کے رشحاتِ قلم پر مبنی ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ پاک سے متعلق ہے۔ کتاب کا یہ حصہ مکی دور پر مشتمل ہے اور اس میں ذیلی عناوین سمیت کُل چودہ ابواب ہیں۔ کتاب کے باب 2 تا 9 کا ترجمہ سندھ کے نامور ادیب، دانشور، ماہر تعلیم اور سابق پرنسپل سندھ مدرسۃ الاسلام کراچی اور کیڈٹ کالج لاڑکانہ پروفیسر محمد یوسف شیخ، اور باب 1 اور باب 10 تا باب 14 کا ترجمہ معروف ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر نظام الدین میمن کی محنتِ شاقہ کا خوب صورت نتیجہ اور ثمر ہے۔ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مکّی دور کے ہر ہر گوشے اور پہلو پر اس عمدگی اور خوب صورتی کے ساتھ قلم اٹھایا ہے کہ اپنے موضوع کا حق بخوبی ادا کردیا ہے۔ ہر دو مترجم حضرات نے سندھی زبان میں کتاب کا رواں دواں، عام فہم اور بامحاورہ خوب صورت ترجمہ کیا ہے، اور یہ اہم ترین کام ان شاء اللہ دونوں کے لیے توشۂ آخرت ثابت ہوگا۔ بلاشبہ آپؐ کی پیروی ہی زندگی کے تمام تر معاملات میں صراطِ مستقیم کی پیروی ہے۔ قرآن حکیم کو ہم اُس وقت تک سمجھ ہی نہیں سکتے جب تک کہ ہمیں سنت یعنی سیرت اور حدیثِ پاک کا ٹھیک ٹھیک اور درست ادراک و شعور حاصل نہ ہو۔

ادب گاہیست زیر آسماں از عرش نازک تر
نفس گم کردہ می آید جنید وبایزید ایں جا

اللہ نے بنی نوع انسان کی رہنمائی کے لیے ہر دور میں پیغمبر مبعوث کیے اور کردار کے اعلیٰ ترین نمونے تخیلق کیے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام انبیائے کرام میں اللہ کے آخری رسول تھے اور تمام اعلیٰ انسانی اوصافِ حمیدہ، خوبیوں اور محبوبیوں سے آپؐ کی ذاتِ بابرکات مستیز اور ممیز تھی۔ آپؐ کامل ترین ہستی تھے اور آپؐ کی سیرتِ اقدس پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا و عقبیٰ میں سرخروئی حاصل کرسکتے ہیں۔ آپؐ تاابد بنی نوع انسان کے لیے فوز و فلاح اور سعادت دنیوی و اخروی کے حصول کے لیے اعلیٰ ترین نمونہ ہیں۔ دورِ مکّی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرامؓ جن کٹھن اور مشکل ترین حالات سے دینِ حق کی دعوت کو پیش کرتے ہوئے دوچار ہوئے اس سمیت دیگر تمام پہلوئوں کو زیر تبصرہ کتاب میں سیر حاصل انداز میں بے حد عمدگی سے بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب سندھی اہلِ زبان کے لیے ایک بے بہا تحفہ ہے اور اس کا مطالعہ ہر صاحبِ ایمان کے لیے ناگزیر ہے۔ حسبِ روایت ِسابقہ مہران اکیڈمی نے بہت سلیقے اور خوب صورتی و نفاست کے ساتھ عمدہ کاغذ پر یہ کتاب طبع کی ہے جسے پڑھ کر ایمان ازسرنو تازہ ہوتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ موجودہ دورِ مہنگائی میں اس گراں قدر تحفے کی قیمت بے حد مناسب رکھی گئی ہے۔ درحقیقت یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ پاک کے بارے میں ایک ایسی شاہکار اور مستند حالات اور واقعات پر مبنی نادر و بے مثال کتاب ہے جس کا ہر گھر میں موجود ہونا یقینا باعث ِخیر و برکت اور حصولِ سعادت کا سبب ہوگا۔