یہ روزمرہ کا مشاہدہ ہے کہ زندگی کے بارونق بازار سے لوگ رخصت ہوجاتے ہیں۔ شہرآباد رہتے ہیں، لیکن شہری بدل جاتے ہیں، چلے جاتے ہیں۔ ہر دس سال کے بعد چہرے بدل جاتے ہیں، گلیاں وہی، مکان وہی، شہر وہی، شہر کی رونق وہی لیکن وہ چہرے کہاں گئے۔ وہ مانوس و محبوب چہرے… رخصت ہوگئے، چلے گئے، اپنے گھر …کون سے گھر… اپنے وطن… کون سے وطن! اگر ان کا وطن کوئی اور دیس تھا تو یہ دیس… ان کا، ہم سب کا پردیس ہے! عجب حال ہے۔ دیس میں پردیس، سب کے لیے، ہمیشہ کے لیے۔
ہر شہر، آباد شہر میں، بارونق اور جگمگاتے شہر میں قبرستان کا ہونا ایک عجب داستان ہے۔ یہ داستان اہلِ دل کے لیے عبرتوں اور حقیقتوں کا دبستان ہے۔ اہلِ فضل اور اہلِ فکر حضرات اپنے اصل دیس کا چکر لگاتے رہتے ہیں۔ سرِ پُر غرور کا انجام نگاہ میں رکھتے ہیں۔ وہ تاجوری سے نوحہ گری تک اپنے حاصل کا لاحاصل دیکھتے رہتے ہیں۔
لڑکیوں، عورتوں اور خواتین کو باربار سمجھایا جاتا ہے کہ یہ دنیا بابل کا گھر ہے اور وہ دنیا سسرال ہے، اور ہر لڑکی کو سسرال جانا ہی ہوگا… دراصل یہ اطلاع ہے، یہ اعلان ہے، یہ وارننگ ہے کہ جانا ہی ہوگا… پردیس میں رہنے والو! اسے غلطی سے اپنا دیس سمجھنے والو! یہ سمجھ لو کہ جانا ہی ہوگا… اس کے بغیر چارہ ہی نہیں… دیس پردیس ہے اور ہم سب پردیسی ہیں۔ ہم سنتے ہیں اور بھول جاتے ہیں۔ دیکھتے ہیں اور بھول جاتے ہیں۔ ہمیں دعوت ہے کہ اے آنکھوں والو! سیر کرو دنیا کی اور دیکھو عاقبت ان جھوٹے مالکوں کی، جن کی اصل ملکیت کچھ نہ تھی۔ یہ عبرت کدہ ہے۔ وقت کا عبرت کدہ… آج کے کھنڈر کل کے محلات تھے۔ آج جہاں اُلّو بولتے ہیں، وہاں کل تک رونق تھی، روشنی تھی، ظل سبحانی کے جلال کا شہرہ تھا۔ آج وہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ وہ پردیسی اپنے دیس کو چلے گئے اور چھوڑ گئے ویرانیاں اپنے بعد… ہم سمجھتے نہیں، مالک بن بیٹھتے ہیں۔ زمین کو انتقال کراتے کراتے ہمارا اپنا انتقال ہوجاتا ہے اور یہ پردیس نئے پردیسیوں کا انتظار کرتا ہے۔
بڑے بڑے شہروں میں تو ویسے بھی پردیسی رہتے ہیں۔ دُور سے آنے والے یہاں مقیم ہوتے ہیں۔ پلاٹوں کی سیل (SALE) ہوتی ہے اور پھر وہی حال یعنی وہی برا حال… جانا ہی ہوگا، اپنے گائوں… اپنے گائوں کے ویران قبرستان میں۔ نامعلوم دیس کا پہلا اسٹیشن… اور پھر منزلیں… منزل در منزل… سفر در سفر، اور پھر آئے گا اپنا دیس، اصل دیس… جہاں سے سفر کا آغاز ہوا تھا… اس واقعہ کو ہر روز آدمی دیکھتا ہے… دیکھتا ہے اور بھول جاتا ہے اور اُس وقت تک بھولے رہتا ہے جب تک اسے زور سے جھنجھوڑا نہ جائے کہ آگئی تیرے سفر کی باری… گھر جانے کی گھڑی، اور اب جانا ہی ہوگا، ناگزیر ہے۔
غور سے دیکھا جائے تو کرائے کے مکان میں رہنے والا ساری عمر خود کو پردیسی سمجھتا ہے۔ نہ جانے کب اسے مکان سے نکال دیا جائے… آدھی سے زیادہ قوم کرایہ دار ہے، پردیسی ہے۔
ملازم پیشہ انسان کا کوئی دیس نہیں۔ آج یہاں، کل وہاں۔ ان لوگوں کی زندگی کا اندازہ لگائیں کہ بیوی کہیں، خود کہیں۔
سوچنے کا مقام ہے۔ ریل گاڑیوں کو دیکھیں، کھچا کھچ بھری ہوئی۔ پردیسی آرہے ہیں، پردیسی جارہے ہیں۔ ہزار ہا بسیں ہمہ وقت سفر میں ہیں۔ پردیسی آرہے ہیں، جارہے ہیں۔ ہوائی جہازوں کی بکنگ… ٹکٹ نہیں ملتا… پردیسیوں کو۔ یااللہ! تمام مسافروں کا کون سا دیس ہے۔ یہ کہاں سے آتے ہیں اور کہاں جارہے ہیں۔
آج کی بین الاقوامیت نے دیس کے تصور کو ویسے بھی رد کردیا ہے۔ ہم کسی دیس کے شہری نہیں۔ ہم دنیا کے رہنے والے ہیں۔ سب پردیسی ہیں، وطن میں، وطن سے باہر!
ہمارے سیاستدان سب پردیسی ہیں۔ کسی کی کتاب ہندوستان میں چھپتی ہے، کسی کی انگلستان میں… اپنے اپنے دیس میں… سیاست پرورش پاتی ہے۔ بیرونی ممالک میں اور پھر واپسی پر… بہاریں ساتھ لائوں گا اگر لوٹا بیاباں سے… لیکن نہیں… پردیسیوں کے کیا ٹھکانے… جانے کب کیا ہوجائے۔ لندن میں بیٹھ کر دیسی لوگ پلاننگ کرتے ہیں، دیس کے بارے میں، اپنے دیس کے بارے میں، اپنے پردیس میں… عجب حال ہے۔ پردیس ہی پردیس ہے۔
سب سے خطرناک حالت اُن پردیسیوں کی ہے، جو کسب معاش کے لیے باہر گئے… بیرون ملک گئے۔ ان کے عزیز ان کے انتظار میں یہاں پردیسی ہیں، وہ وہاں پردیسی۔ دولت کی ہوس نے جدائیاں پیدا کردی ہیں۔ پیسہ آرہا ہے اور عمر بیتی جارہی ہے۔ حالات بہتر کرنے کی تمنا نے حالت خراب کردی ہے۔ خواہشات کا پھیلائو، نمائش کی خواہش، آرائش کی تمنا نے مجبور کردیا کہ اپنے محبوب بیٹے، محبوب خاوند کو وطن سے باہر بھیجا جائے۔ اب گھر میں انتظار ہے، خط کا انتظار ہے، پیسے کا انتظار، پیسہ بھیجنے والے کا انتظار… جس کی خاطر گھر سجایا، وہی گھر میں نظر نہ آیا۔ حیرت ہے، افسوس ہے۔ ہم کیوں نہیں سادہ زندگی بسر کرتے۔ کیا غریب الوطنی کے بغیر گزر نہیں ہوسکتی؟
(”دل دریا سمندر“۔ واصف علی واصف)
مسجد قوت الاسلام
یہ دہلی کی اس بڑی مسجد کا نام ہے، جس کی بنیاد دہلی کی فتح کے بعد سلطان قطب الدین ایبک نے رکھی۔ اس کے بعد مدت تک اس کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا۔ قطب مینار جو دنیا کے عجائبات میں شمار ہوتا ہے، مسجد قوت الاسلام ہی کا ایک مینار یا ماذنہ تھا۔ سلطان علاء الدین خلجی نے اس کے مقابلے میں دوسرے مینار کی بنیاد رکھ دی لیکن وہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔ علاء الدین کی یادگاروں میں سے صرف مسجد میں داخلے کا ایک دروازہ باقی ہے، جسے علائی دروازہ کہتے ہیں۔ بہرحال یہ مسجد بہ وجوہ قابلِ توجہ تھی۔ دہلی میں یہ سب سے پہلے بنی۔ اپنی اصل شان میں مکمل ہوجاتی تو دنیا بھر میں یگانہ مسجد مانی جاتی۔ نامکمل رہنے کے علاوہ بے توجہی کے باعث اس پر خاصی خستگی طاری ہے۔ تاہم آج بھی اس کے صحن میں کھڑے ہوجائیں تو اس کے چپے چپے سے پرانی عظمت کے دور کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔
ہے مرے سینہ بے نور میں اب کیا باقی
لا الٰہ مردہ و افسردہ بے ذوق نمود
چشمِ فطرت بھی نہ پہچان سکے گی مجھ کو
کہ ایازی سے دگرگوں ہے مقامِ محمود
کیوں مسلماں نہ خجل ہو تری سنگینی سے
کہ غلامی سے ہوا مثل زجاج اس کا وجود
ہے تری شان کے شایان اسی مومن کی نماز
جس کی تکبیر میں ہو معرکہ بود و نبود
اب کہاں میرے نفس میں وہ حرارت، وہ گداز
بے تب و تاب دروں میری صلوٰۃ اور درود!
ہے مری بانگِ اذاں میں نہ بلندی نہ شکوہ
کیا گوارا ہے تجھے ایسے مسلماں کا سجود؟
خجل:شرمندہ، پشیمان۔
-1 میرے بے نور سینے میں اب کچھ بھی باقی نہیں۔ توحید کا نعرہ میرا سب سے عزیز سرمایہ تھا۔ اس میں اب زندگی کی کوئی روح نظر نہیں آتی۔ وہ بالکل ٹھٹھر کر رہ گیا ہے اور اس میں آشکارا ہونے کا کوئی ذوق نہیں۔
یہ اقبال کا ذاتی نقشہ نہیں بلکہ وہ ملت کے حالات کی تصویر پیش کررہے ہیں۔
-2مسلمان کی حالت اتنی بگڑ چکی ہے کہ شاید قدرت کے لیے بھی اسے پہچاننا سہل نہیں۔ اس کی وجہ کیا ہے؟ یہ کہ غلامی اور محکومی نے سلطانی و فرماں روائی کا مقام تلپٹ کر ڈالا اور حالت کچھ سے کچھ ہوگئی۔
-3اے مسجدِ قوت الاسلام! کم و بیش نو سو سال گزر جانے کے باوجود تیری مضبوطی اور پائیداری میں کوئی فرق نہیں آیا۔ مسلمان تیری اس مضبوطی سے کیوں شرمندہ نہ ہو؟ اسے تو غلامی نے شیشے کی طرح نازک اور بے حقیقت بنادیا۔
-4 تیری شان کے لائق اسی ایمان دار آدمی کی نماز ہے جس کی تکبیر حق کو قائم اور باطل کو نیست و نابود کر ڈالے۔
-5 مسلمان کے سانس میں پہلی سی حرارت اور پہلا سا سوز و گداز اب کہاں باقی رہا؟ اس کی نماز اور اس کا درد دونوں دل کی گرمی اور تڑپ سے بالکل خالی ہیں۔
-6 اس کی بانگ میں نہ بلندی ہے اور نہ شان و شکوہ۔ اے مسجد قوت الاسلام! کیا تُو ایسے مسلمان کا سجدہ گوارا کرسکتی ہے؟