بہت زیادہ ہیجان سے اجتناب کے ساتھ اکتاہٹ کا ہونا لازمی بات ہے۔ فرطِ ہیجان نہ صرف مضر صحت ہے بلکہ ہر قسم کی مسرت کے ذائقے کو کند کردیتا ہے۔ گہری تسکین کے بجائے چلبلاہٹ، دانائی کے بجائے چالاکی، اور خوب صورتی کے بجائے بنی سنوری، حیران کن چیزوں کا محتاج بنا دیتا ہے۔ میں ہیجان کی مخالفت کو انتہا تک نہیں لے جانا چاہتا۔ اس کی مناسب حد صحت کے لیے مفید ہے۔ لیکن دوسری ہر چیز کی طرح اصل بات مناسب مقدار کی ہے۔ ہیجان کی عدم موجودگی سے اس کی مریضانہ طلب ،اور اس کی زیادتی تھکن کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے پُرمسرت زندگی گزارنے کے لیے اکتاہٹ کو سہہ جانے کی تھوڑی بہت قوتِ برداشت کا ہونا لازمی ہے۔ یہ قوتِ برداشت بچپن ہی میں سکھائی جانی چاہیے۔
تمام بڑی کتابیں بعض غیر دلچسپ حصوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ تمام اعلیٰ ناول بھی روکھے پھیکے پیروں کے حامل ہوتے ہیں۔ ایک ایسا ناول جو پہلے سے آخری صفحے تک دلچسپ ہے، ممکن ہے اعلیٰ ناول نہ ہو۔ بڑے آدمیوں کی زندگیاں تمام تر پُرلطف نہیں ہوتیں۔ سقراط کبھی کبھار کسی ضیافت میں محظوظ ہوتا تھا، لیکن اس نے زیادہ تر زندگی زینتھاپی (Xanthippe) کے ساتھ خاموشی سے گزاری۔ وہ بعد دوپہر ہوا خوری کے لیے نکلتا تو شاید راہ میں اسے کبھی کوئی دوست بھی مل جاتا۔ کانٹ (Kant) کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ عمر بھر کونگز برگ (Konigsberg) سے دس میل سے زیادہ دور نہیں گیا تھا۔ ڈارون (Darwin) نے دنیا کا چکر لگانے کے بعد باقی تمام زندگی اپنے گھر کے اندر گزار دی۔ مارکس (Marx) نے چند ایک انقلابات پیدا کرنے کے بعد باقی زندگی برٹش میوزیم میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔ مجموعی طور پر یہی دیکھا گیا ہے کہ بڑے آدمیوں کی زندگی کی ایک خوبی خاموش زندگی ہوتی ہے۔ ان کی خوشیاں ایسی نہیں ہوتیں جو دوسروں کے لیے ہیجان کی حامل ہوں۔ کسی عظیم کامیابی کا حصول مسلسل محنت کے بغیر ناممکن ہے۔ یہ محنت اتنی کٹھن اور اس قدر انہماک کی طالب ہوتی ہے کہ ان میں اتنی قوت ہی باقی نہیں رہتی جو ہیجان والی تفریحات کے لیے چاہیے۔ ان کی تفریحات تو اس نوعیت کی ہوتی ہیں جن سے ان کی جسمانی قوت بحال ہوجائے، جیسے چند روز کی فرصت میں صحت افزا مقام کی سیر وغیرہ۔
کم وبیش یکسانیت کی زندگی گزارنے کی صلاحیت بچپن میں ہی پیدا کرنی چاہیے۔ اس سلسلے میں آج کل کے والدین قصوروار ہیں۔ وہ بچوں کو کہیں زیادہ مجہول (Passive) تفریحات مہیا کرتے ہیں، مثلاً کھیل تماشا اور کھانے کی اچھی اشیا۔ انہیں اس بات کا احساس نہیں ہوتا کہ بچے کے لیے یکسانیت کی اہمیت کس قدر زیادہ ہے۔ البتہ کبھی کبھار تفریح کے مواقع بھی ہونے چاہئیں۔ بچپن کی خوشیاں ایسی ہونی چاہئیں کہ بچہ اپنے ماحول سے اپنی کوشش اور اختراع کے ذریعے خوشی حاصل کرے۔ بچے کی زندگی میں ایسی تفریحات بہت کم ہونی چاہئیں جو ہیجان تو پیدا کردیتی ہیں لیکن جسمانی عمل کی شمولیت کا موقع نہیں دیتیں، جیسے تھیٹر، سینما وغیرہ۔ نشہ آور ادویہ میں ہیجان ہی ہوتا ہے جس کی ہر بار پہلے کی بہ نسبت زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اور ہیجان کی کیفیت میں جسمانی جمود خلافِ فطرت ہے۔ بچے کی بہترین نشوونما یہ ہے کہ اسے ننھے پودے کی طرح اپنی ہی زمین میں آرام سے رہنے دیا جائے۔ بہت زیادہ سفر اور مختلف قسم کے تاثرات کا تنوع بچے کے لیے مضر ہے۔ ایسی باتوں سے بچے اس قابل نہیں ہوپاتے کہ بڑے ہوکر مفید یکسانیت کو برداشت کرسکیں۔ میرا مطلب یہ نہیں کہ یک رنگی، بجائے خود کوئی خوبی رکھتی ہے۔ میرا مطلب صرف یہ ہے کہ بعض اعلیٰ باتیں صرف وہاں پنپ سکتی ہیں جہاں کسی قدر یکسانی اور یک رنگی ہو۔
(’’تسخیر مسرت‘‘۔برٹرینڈرسل۔ مترجم:پروفیسر محمد بشیر)
مومن(دنیا میں)
اقبال نے خود فرمایا، یہ شعر بھوپال (شیش محل) میں لکھے گئے۔
ہو حلقہ یاراں تو بریشم کی طرح نرم
رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن!
افلاک سے ہے اس کی حریفانہ کشاکش
خاکی ہے مگر خاک سے آزاد ہے مومن!
جچتے نہیں کنجشک و حمام اس کی نظر میں
جبریل و سرافیل کا صیاد ہے مومن!
بریشم: ابریشم، ریشم کے کیڑے کا کویہ، جس سے ریشم کے تار نکالے جاتے ہیں۔
کنجشک: چڑیا۔ حمام: کتوبر۔
-1 دوستوں و خویشوں کے حلقے میںمومن ابریشم کی طرح نرم اور ملائم ہوتا ہے۔ اگر حق اور باطل کے درمیان لڑائی چھڑ جائے تو مومن فولاد بن جاتا ہے۔
مومن کے یہ اوصاف قرآن سے ماخوذ ہیں۔ ایک جگہ ارشاد ہوتا ہے: اشداء علی الکفار رحماء بینھم… زور آور ہیں کافروں پر، نرم دل ہیں آپس میں… دوسری جگہ ارشاد ہوا: ذلۃ علی المومنین اعزۃ علی الکافرین…نرم دل ہیں مسلمانوں پر، زبردست ہیں کافروں پر…
-2 وہ آسمانوں سے مقابلے کی کھینچ تان میں لگا رہتا ہے۔ اگرچہ اس کا جسم خاکی ہے لیکن خاک سے آزاد ہی رہتا ہے۔
مراد یہ ہے کہ جو حادثے یا بلائیں اس پر نازل ہوتی ہیں یا مشکلات پیش آتی ہیں، مردانہ وار ان کا مقابلہ کرتا ہے اور ہمت کبھی نہیں ہارتا۔ عام انسانوں کی یہ حالت نہیں۔ وہ مشکلات سے گھبرا جاتے ہیں اور حوصلہ ہار بیٹھتے ہیں۔ صرف مومن ان چیزوں سے بالا رہتا ہے۔
-3 اس کی نظر چڑیا اور کبوتر پر کبھی نہیں پڑتی۔ وہ جبریلؑ اور اسرافیلؑ کا شکار کھیلتا ہے۔
مراد یہ ہے کہ اس کے مقاصد بہت بلند ہوتے ہیں اور وہ قدوسیوں سے بھی آگے نکل جانا چاہتا ہے۔ یہ دنیا میں مومن کی کیفیت ہوتی ہے۔ وہ جنت میں پہنچ جاتا ہے تو اس کی حالت کا نقشہ یوں پیش کیا گیا ہے:
کہتے ہیں فرشتے کہ دلاویز ہے مومن
حوروں کو شکایت ہے کم آمیز ہے مومن!
-4 فرشتے کہتے ہیں کہ مومن کی شخصیت بڑی ہی دلکش اور دلاویز ہے۔ ان کے برعکس حوروں کو شکایت ہے کہ مومن ان سے زیادہ میل جول نہیں رکھتا۔ وجہ یہ کہ مومن کا مقصود باری تعالیٰ کا دیدار ہے اور وہ اسی شوق میں گم رہتا ہے۔