آن لائن اردو کےفروغ کے6طریقے

شان علی
اردو ہماری قومی زبان ہونے کے ساتھ ملک بھر میں رابطے کا واحد ذریعہ بھی ہے۔ اس وجہ سے اردو کی ترقی اور ترویج کی ذمہ داری ریاست کے ساتھ ہم شہریوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔ حال ہی میں عدالتِ عظمیٰ نے اردو کو دفتری زبان قرار دینے کے لیے ایک عدالتی حکم نامہ بھی جاری کیا تھا، مگر اس پر ابھی تک قابلِ ذکر کام نہیں ہوسکا۔ دفاتر کے علاوہ انٹرنیٹ پر اردو زبان میں قابلِ ذکر مواد صرف نیوز ویب سائٹس کی حد تک ہی ہے، یہاں تک کہ حکومتِ پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ بھی اردو میں دستیاب نہیں، جبکہ دنیا کے ہر ملک کی سرکاری ویب سائٹ اس کی قومی زبان میں موجود ہے۔ یہاں ریاست کی بے حسی کا رونا رونے کے بجائے ہمیں کچھ عملی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک عام شہری کی حیثیت سے ہم اردو کے فروغ اور اس کو دیگر عالمی زبانوں کے ہم پلہ بنانے کے لیے بآسانی اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے پھیلائو کی وجہ سے اردو کا آن لائن فروغ ان 6 طریقوں سے بآسانی ممکن ہے۔ یقینا بہت سے قاری ان سے واقفیت رکھتے ہوں گے، مگر انہیں غیر اہم سمجھ کر نظرانداز کردیتے ہیں۔
اپنے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون میں اردو نصب کریں:
اردو کے آن لائن فروغ کے لیے سب سے پہلا قدم اپنے ذاتی کمپیوٹر یا اسمارٹ فون میں اردو کی بورڈ کی انسٹالیشن ہے، تاکہ آپ کسی بھی جگہ اردو ٹائپ کرنے کے قابل ہوسکیں۔ اردو میں ’’کی بورڈ‘‘ کی تیاری کا سہرا مقتدرہ قومی زبان کے سر ہے۔ اگر آپ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں تو ونڈوز 8 اور 10 میں اردو کی سپورٹ پہلے سے موجود ہوتی ہے، آپ کو صرف لینگویج آپشنز میں جاکر اسے فعال کرنا ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ آپ کو مشکل محسوس ہو تو گھبرایئے نہیں، بلکہ انٹرنیٹ سے ’’پاک اردو انسٹالر‘‘ اتارکر نصب کرلیں۔ اس سے آپ کو اردو لکھنے کے لیے ’’اِن پیج‘‘ جیسے سافٹ ویئر کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ آپ مائیکرو سافٹ آفس اور گوگل سرچ بار تک ہر جگہ اردو لکھ سکتے ہیں۔ پاکستان میں فروخت ہونے والے بہت سے موبائل فونز اور آئی فونز میں اردو سپورٹ پہلے سے موجود ہوتی ہے۔ اگر آپ کے اینڈرائیڈ سیٹ میں اردو کی بورڈ موجود نہیں تو ایپ اسٹور سے ’’ملٹی لنک کی بورڈ‘‘ ڈائون لوڈ کرلیں اور پھر اس کے ساتھ اردو زبان کا پلگ ان نصب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد آپ اپنے اینڈرائیڈ ہینڈ سیٹ میں بھی ہر جگہ بآسانی اردو لکھ سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ سرچ اردو میں:
اپنے موبائل/ کمپیوٹر پر اردو کی بورڈ نصب کرنے کے بعد اس کا سب سے مؤثر استعمال یہ ہوگا کہ آپ گوگل، یاہو یا بنگ، کوئی بھی سرچ انجن استعمال کریں تو سرچ باکس میں رومن کے بجائے اردو زبان استعمال کریں۔ اگر آپ نے پہلے انٹرنیٹ کی تلاش میں اردو استعمال نہیں کی تو سرچ رزلٹس سے ظاہر ہونے والے مواد کی تعداد سے حیرت ضرور ہوگی۔ اس کا ایک فائدہ تو یہ ہے کہ سرچ رزلٹس اردو میں ہونے کی وجہ سے آپ آسانی سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، اور دوسرا فائدہ براہِ راست اردو کو ہوگا، کیونکہ اردو میں جتنی زیادہ سرچ بڑھے گی اتنے ہی زیادہ ادارے اردو میں معلومات مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔
پیغامات اور سوشل میڈیا پوسٹس اردو میں:
آج کل اردو داں طبقہ سوشل میڈیا اور ذاتی پیغامات میں رومن اردو کا استعمال کرتا ہے، جس کے لیے کوئی باضابطہ قواعد نہ ہونے کی وجہ سے اردو زبان کا معیار مسلسل زوال پذیر ہے۔ اپنے موبائل/ کمپیوٹر پر اردو میں انٹرنیٹ سرچ شروع کرنے کے بعد جیسے ہی آپ اردو ٹائپنگ میں روانی حاصل کریں، اپنی فیس بک اور ٹوئٹر پوسٹس کے ساتھ دوستوں سے پیغامات کے تبادلے میں اردو کا استعمال کریں۔
اردو وکی پیڈیا پر لکھیں:
فرض کیا کہ آپ نے ہماری پہلی دو گزارشات مان لی ہیں اور آپ نے انٹرنیٹ پر تلاش اردو میں شروع کردی ہے، تو پھر نتائج میں آپ کا واسطہ سب سے زیادہ اردو وکی پیڈیا سے پڑے گا۔ اس وقت اگرچہ اردو وکی پیڈیا پر ایک لاکھ سے زیادہ مضامین موجود ہیں، لیکن ان میں سے اکثریت کا معیار وکی پیڈیا پر دوسری عالمی زبانوں میں موجود مضامین کے مقابلے میں بہت کمتر ہے۔ اس لیے آپ اپنے فارغ وقت میں یہاں پر موجود مضامین کی نوک پلک کے ساتھ ان میں موجود مواد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ یہ آپ کے وقت کا بہترین مصرف ہوگا اور ساتھ ہی مختلف موضوعات پر آپ کی اپنی معلومات میں بھی بے پناہ اضافے کا باعث بنے گا۔
گوگل ٹرانسلیٹ کی مدد کریں:
وکی پیڈیا پر مضامین کے بعد اردو کی ترویج کی سب سے اہم جگہ گوگل ٹرانسلیٹ ہے۔ گوگل ٹرانسلیٹ مشینی ترجمہ کرنے کی ایک ہمہ گیر ویب سائٹ ہے جہاں آپ دنیا کی تمام زبانوں کا ایک سے دوسری میں ترجمہ کرسکتے ہیں۔ لیکن اس مشینی ترجمے کے لیے گوگل کو پہلے سے ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ کی گئی فائلیں درکار ہوتی ہیں۔ یہ ترجمہ شدہ فائلیں جتنی زیادہ ہوں گی اور ترجمے کا معیار جتنا اچھا ہوگا، ان دو زبانوں کے لیے گوگل ٹرانسلیٹ اتنا ہی بہتر ترجمہ کرسکے گا۔ اس لیے اگر آپ اردو کے ساتھ کسی اور زبان مثلاً انگریزی، فارسی، عربی یا ہندی پر عبور رکھتے ہیں تو گوگل ٹرانسلیٹ پر جایئے اور گوگل ٹرانسلیٹ کمیونٹی کا حصہ بن کر چھوٹے چھوٹے جملے ترجمہ کرکے حسب توفیق اردو کی ترویج میں اپنا حصہ ڈالیے۔
اپنا اردو بلاگ لکھیں:
اگر آپ اردو ٹائپنگ میں روانی رکھتے ہیں اور اپنے خیالات اردوداں طبقے تک پہنچانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سب سے آسان راستہ اردو بلاگ ہے۔ بلاگ ایک آن لائن ذاتی ڈائری کی طرح ہے جس میں آپ اپنی خواہش اور مرضی کے مطابق کسی بھی موضوع پر لکھ سکتے ہیں۔ بلاگ لکھنے کے لیے آپ کو بہت سی مفت ویب سائٹس مل جائیں گی جن میں سب سے مشہور بلاگر ڈاٹ کام اور ورڈ پریس ڈاٹ کام ہیں، جن میں اردو کی مکمل سپورٹ موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ چاہیں تو حالاتِ حاضرہ یا پاکستانی معاشرے کے بارے میں آن لائن اردو نیوز ویب سائٹس پر بھی بلاگ لکھ سکتے ہیں، جس سے آپ کی تحریر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے گی۔ سرکاری اور نجی اسکولوں میں انٹرنیٹ پر اردو کا استعمال سکھانے سے بہت ساری آسانیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ اسے نصاب کا حصہ بنانا چاہیے، تاکہ ہر اسکول میں بچے کم از کم ایک سال کے کچھ مہینوں کے دوران انٹرنیٹ پر محض اردو لکھنے کی تربیت حاصل کرسکیں۔