یوٹیوب کا مولانا طارق جمیل کے لیے اعزاز

ابوسعدی
دنیا کی مقبول ترین ویڈیو اسٹریمنگ و شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا طارق جمیل کو منفرد اعزاز سے نواز دیا۔
اب سرچ انجن گوگل کی ذیلی کمپنی یوٹیوب نے ان کی خدمات کو تسلیم کرلیا اور انہیں یوٹیوب کے مخصوص ’گولڈن پلے بٹن‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے یہ بٹن ان کی ویب سائٹ پر موجود ’طارق جمیل آفیشل‘ چینل پر ایک ملین (10 لاکھ) سے زائد سبسکرائبر ہونے کے اعزاز میں دیا گیا ہے، جبکہ اس وقت چینل پر سبسکرائبر کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے۔ ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے کسی چینل کو اس بٹن سے نوازنا ایک انعام کے ساتھ ساتھ اس بات کا اعتراف بھی ہوتا ہے کہ اسے سب سے زیادہ مشہور چینلز میں شامل کیا گیا ہے۔ مولانا طارق جمیل کے چینل کو دیے گئے اس اعزازی بٹن کو خود مولانا طارق جمیل نے کھولا اور اس کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ ویڈیو کے دوران وہ کہتے ہیں کہ طارق جمیل آفیشل چینل پر سامعین اور ناظرین سے وقتاً فوقتاً بات کرتا رہوں گا اور مختلف بیانات کے کلپس بھی اپ لوڈ ہوتے رہیں گے۔ یوٹیوب کی جانب سے یہ ریوارڈ چینل کے سبسکرائبر کی تعداد پر انحصار کرتا ہے لیکن یہ یوٹیوب کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسے اس ایوارڈ سے نوازتا ہے۔ اس سلسلے میں ایوارڈ دینے سے قبل چینل کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ چینل نے یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا یا نہیں۔ اسی طرح یوٹیوب یہ اختیار بھی رکھتا ہے کہ وہ کسی بھی کری ایٹر کے ریوارڈ سے انکار کردے۔ ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کی جانب سے اس پلے بٹن کی مجموعی طور پر 4 کٹیگری سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور کسٹم ہیں، جن میں سے 3 مختلف ہیں، جبکہ ایک 2 مرتبہ پیش کیا جاتا ہے، تاہم ہر ٹرافی کا سائز مختلف ہوتا ہے اور سبسکرائبر کے حساب سے بٹن کے سائز میں تبدیلی ہوتی ہے۔
سلور پلے بٹن: یوٹیوب پر جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے تو وہ سلور کٹیگری میں شامل ہوجاتا ہے اور ویب سائٹ کی جانب سے چینل کا نام تحریر کرکے کری ایٹر کو وہ بٹن دیا جاتا ہے۔
گولڈن پلے بٹن: اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کے لیے یوٹیوب پر چینل کے سبسکرائبر کی حد 10 لاکھ سے تجاوز کرنی چاہیے، جس کے بعد آپ یوٹیوب کی اس کٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس میں آپ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے آپ کے چینل کے نام کے ساتھ گولڈن پلے بٹن دیا جاتا ہے۔
ڈائمنڈ پلے بٹن: یوٹیوب کے اس اعزاز کو حاصل کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے ویب سائٹ پر چینل کے ایک کروڑ سے زائد سبسکرائبر ہونا ضروری ہیں، جبکہ اب تک دنیا بھر میں صرف 374 چینلز ہی اس تعداد تک پہنچ سکے ہیں۔کسٹم پلے بٹن: یہ ایوارڈ یوٹیوب کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے جو 5 کروڑ سبسکرائبر کی تعداد حاصل کرنیپر دیا جاتا ہے، اس منفرد ایوارڈ کے حصول کے لیے اب تک صرف 3 چینل ایسے ہیں جو یوٹیوب کی بتائی گئی حد کو عبور کرسکے ہیں۔

شدید گرمی سے شہری پیٹ کے امراض میں مبتلا ہونے لگے

کراچی میں شدید گرمی شروع ہوگئی جب کہ گرمی میں پیٹ کے امراض اور ڈائریا کا مرض تیزی سے سر اٹھا رہا ہے
ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ ڈائریا سے محفوظ رہنے کے لیے شہری بازارکی تلی ہوئی اشیا، سڑے گلے پھلوں اورکھلے ٹھیلوں پر بکنے والی کھانے پینے کی اشیا سے گریز کریں، ٹھیلوں پر فروخت کیے جانے والے مشروبات مضر صحت ہوتے ہیں، دھوپ میں رکھے مشروبات میں جراثیم نشوونما پاتے ہیں، شدید گرمی میں بیسن کی تلی ہوئی اشیا کھانا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ شدید گرمی میں پسینہ نکلنے کی صورت میں گھرکا ابلا ہوا ٹھنڈا پانی پئیں، شہری دوپہر کو کھانے میں ہلکی غذا کے ساتھ دہی استعمال کریں، رات کو مرغن کھانوں سے گریز کیا جائے۔ گرمی میں سب سے زیادہ ڈائریا کا مرض لاحق ہوتا ہے،یہ مرض کھانے پینے کی مضر صحت اشیا سے جنم لیتا ہے۔ گرم موسم میں زیادہ کھانے سے پیٹ اور آنتوں کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ گرمی میں زیادہ پسینہ نکلنے سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے۔ جسم سے جتنا پسینہ نکلے، اتنا ہی پانی پئیں۔ شہری گرمی میں کم کھائیں پانی زیادہ پئیں، پورے دن گرمی میں 15گلاس پانی لازمی پیا جائے۔ والدین اسکول جانے والے بچوںکو پانی کا تھرماس لازمی دیں۔

جی میل کی 15 ویں سالگرہ پر گوگل کا صارفین کے لیے بڑا تحفہ

یکم اپریل 2004ء کو گوگل نے اپنی ای میل سروس جی میل کو متعارف کرایا تھا، اور آج اس کو 15 سال مکمل ہوگئے ہیں جو اس کمپنی کی کامیاب ترین پراڈکٹس میں سے ایک ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔ جی میل کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اس ای میل سروس میں اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا انتظار صارفین برسوں سے کررہے ہیں۔
ایک فیچر تو اسمارٹ کمپوز کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہے جو اس ای میل سروس کو صارف کے اندازِ تحریر کے مطابق ای میل تحریر کرنے میں مدد دے گا۔ تاہم گوگل نے اس فیچر کی زیادہ تفصیلات بیان نہیں کیں مگر اس کا کہنا تھا کہ اسمارٹ کمپوز مخصوص افراد کو کی جانے والی ای میلز کی تحریر کے انداز کو یاد رکھے گا۔ مگر سب سے اہم فیچر جی میل میں پہلی بار شیڈول ای میل کی سہولت دینا ہے۔ اس مقصد کے لیے سینڈ بٹن کے آگے ایک ایرو ہوگا جس پر کلک کرنے پر ای میل کو مخصوص وقت کے لیے شیڈول کرنا ممکن ہوگا۔ ابھی جی میل میں تھرڈ پارٹی ایپس کی مدد سے شیڈول ای میل کرنا ممکن ہے، مگر گوگل کی جانب سے براہِ راست یہ سہولت فراہم کرنا یقیناً زیادہ بہتر ہوگا۔ گوگل کے مطابق اسمارٹ کمپوز میں کی جانے والی اپ ڈیٹ تمام اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں دستیاب ہے، جبکہ آئی او ایس سپورٹ جلد پیش کی جائے گی۔ جہاں تک جی میل میں ای میل شیڈول کا فیچر ہے جو جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، اس میں چند ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔