حکمتِ تہذیب : ازمنہ وسطیٰ کا تاریخی سچ

دانستہ، منظم انداز میں، صدیوں تک، اور صدیوں تاریخ کا یہ باب فراموش کیا گیا، ازمنہ وسطیٰ کا عہدِ زریں ’دورِ ظلمت‘ قرار دیا گیا، اور علوم کی عظیم ترین تشکیل وترویج اور اشاعت کا عہد ’نامبارک‘ ٹھیرایا گیا۔ ایسا کیوں ہوا؟ کس نے کیا؟ جبکہ اس کا بیشتر زمانہ تہذیبوں کی حیاتِ نو اور عروج کا تھا۔ اس عہد کی مکمل تعریف وتشریح سے کسے کیا خدشہ لاحق تھا؟ اس دور کی تفصیلات پر’اندھیروں‘ کے مہیب سائے کیوں ڈالے گئے؟ دبیز پردے کیوں گرائے گئے؟ گو کہ اس عہد پر چیدہ چیدہ درست تحقیق مشرق اور مغرب میں سامنے آئیں، مگر ان کی تعداد اور اثرات انتہائی کم ہیں، اور خاصی بے اعتنائی کا شکار ہیں۔ جبکہ یہ انسانی تاریخ کا وہ اہم باب ہے جس کی بڑے پیمانے پر تکرار اور اظہار اتنا ہی ضروری ہے، جتنا اسے چھپانے اور مسخ کرنے والوں نے ضروری سمجھا۔
ازمنہ وسطیٰ پانچویں سے پندرہویں صدی عیسوی کا دور کہلاتا ہے۔ اس دور کے بارے میں دو گمراہیاں عام ہیں۔ ایک یہ کہ مذہب نے سائنس اور عیسائیت کی جنگ میں شکست کھائی۔ یہ صریح جھوٹ ہے۔ دوسری گمراہی یہ کہ جدید سائنسی علوم کی پیدائش اٹلی میں ہوئی۔ مغرب کے معتبر نقاد حسن عسکری مضمون ’’ازمنہ وسطیٰ‘‘ میں واضح کرتے ہیں کہ ’’مغرب میں ازمنہ وسطیٰ کی وہ تصویر کھینچی جاتی ہے جو پروٹسٹنٹ مصنفوں، عقلیت پرستوں اور لادینوں نے کھینچی ہے، ان لوگوں نے اس زمانے کا نام ’ظلماتی دور‘ رکھا ہے۔ یہ لوگ کہتے ہیں کہ اس دور میں بادشاہوں، نوابوں، اور پادریوں نے مل کر عوام کو اپنے شکنجے میں کس رکھا تھا۔ پادری علم کے ٹھیکیدار بن بیٹھے تھے، اور عوام کو علم سے محروم کردیا تھا… یہ تصویر بڑی حد تک خیالی ہے۔ (حال میں) ازمنہ وسطیٰ کے بارے میں جو تحقیق ہوئی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض اوقات نواب اور زمیندارکاشت کاروں پر ظلم توضرور کرتے تھے لیکن فی الجملہ انسانی رشتوں کا جو احترام اُس دور میں تھا وہ مغربی معاشرے میں پھر کبھی نہیں رہا۔ یہ بات کمیونزم کے بانی کارل مارکس نے بھی تسلیم کی ہے… اسی طرح یہ کہنا بھی سراسر غلط ہے کہ یہ تاریکی اور جہالت کا دور تھا۔ چونکہ سولہویں صدی سے لوگوں نے ازمنہ وسطیٰ کی کتابیں پڑھنا چھوڑ دی تھیں، اس لیے یورپ کے لوگوں کے لیے اپنا ادب اجنبی ہوکر رہ گیا تھا۔‘‘
جدیدیت کے ماہر نقاد محمد ظفر اقبال ’’اسلام اور جدید سائنس نئے تناظرمیں‘‘ کے باب ’’کلیسا اور سائنس کی دشمنی: ایک چلتا خیال‘‘ میں لکھتے ہیں کہ ’’عام طور پر جدیدیت پسند مفکرین تاریخ سائنس کے عمیق مطالعے کے بغیرچند چلتے ہوئے مشہور افسانے سن کر عوام کو یہ باور کرواتے ہیں کہ کلیسا اور سائنس میں تصادم ہوگیا تھا۔ کلیسا سائنس کا دشمن تھا اور اس سے مذہب بدنام ہوا۔ جبکہ یہ بالکل غلط اور لغو الزام ہے، حقیقت یہ ہے کہ کلیسا منطق، سائنس اور فلسفے کے سائے میں مذہبی تعلیمات اور عیسوی اعتقادات کی عقلی اور سائنسی توجیہات پیش کررہا تھا، یہ سلسلہ انتہائی کامیابی سے اٹھارہ سو سال تک چلتا رہا۔ سائنس، منطق، فلسفہ، عیسوی مذہب قدم بہ قدم ایک دوسرے کے ہمراہ چلتے رہے… کاپرنیکس اور کلیسا کی جنگ مذہب اور سائنس کی جنگ نہیں تھی، بلکہ یہ جنگ فی الاصل قدیم یونانی فلسفہ و سائنس اور جدید فلسفہ و سائنس کی جنگ تھی۔ کیونکہ مذہبِ عیسوی نے منطق، سائنس و فلسفے کو ایک دینی رویّے کے طور پر اختیار کرلیا تھا، لہٰذا عیسائیت کا گلا جدید سائنس و فلسفے نے کاٹ دیا۔ اگر عیسائیت سائنس کے ساتھ منسلک نہ ہوتی اور فلسفہ کے منطقی دلائل کو اپنے حق میں استعمال نہ کرتی تو سائنس اس پر اثرانداز نہ ہوسکتی۔ عیسائیت کی غلطی یہ تھی کہ اس نے مذہبی منہاج علم کو فلسفیانہ سائنسی اور منطقی یونانی علوم کے منہاج سے مخلوط کردیا تھا۔‘‘
یہ ہے ازمنہ وسطیٰ کی دو تاریخی گمراہیوں کا احوال۔ ایک سرسری سا جائزہ ہزار سال کی تاریخ کا ضروری ہے، تاکہ تصویر کسی قدر واضح ہوسکے۔ بلاشبہ ازمنہ وسطیٰ کا ابتدائی زمانہ تہذیبوں کی زبوں حالی کا ہے۔ ساتویں صدی میں اسلام کی آمد سے بتدریج مغرب میں نہ صرف تہذیبوں کو حیاتِ نو ملی، بلکہ وہ اسلام کے سائے میں طویل عرصہ فلاحی اور اصلاحی نعمتوں سے بہرہ مند ہوئیں۔ سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ شاندار تصنیف ’’انسانی دنیا پر مسلمانوں کے عروج وزوال کا اثر‘‘ کے باب ’’بعثتِ محمدیؐ سے پہلے‘‘ میں مسیحی دنیا کا حال یوں سناتے ہیں:
’’چھٹی صدی مسیحی بلا اختلاف تاریخِ انسانی کا تاریک ترین اور پست ترین دور تھا، صدیوں سے انسانیت جس پستی و نشیب کی طرف جارہی تھی، اس کے آخری نقطے کی طرف پہنچ گئی تھی۔ روئے زمین پر اُس وقت کوئی طاقت نہ تھی جو گرتی ہوئی انسانیت کا ہاتھ پکڑسکے… رومی وایرانی اُس وقت مشرق ومغرب کی قیادت کے اجارہ دار بنے ہوئے تھے۔ وہ دنیا کے لیے کوئی اچھا نمونہ ہونے کے بجائے ہرقسم کی خرابی اور فساد کے علَم بردار وذمے دار تھے…‘‘
ایرانی اور رومی سلطنتوں کی خاک سے ازمنہ وسطیٰ کا عہدِ زریں نمودار ہوا، مسلم بغداد اور مسلم اندلس نے نہ صرف ڈوبتی تہذیبوں کو سہارا دیا، بلکہ معاشرہ بندی کی اعلیٰ تعلیم دی، یونانی و دنیا کے دیگر علوم کی یورپ میں ترویج عام کی۔ اسلام کی آمد سے مغرب میں جو انقلاب برپا ہوا، اس کی علمی و سائنسی نوعیت پر برطانوی ماہر سماجیات و بشریات ڈاکٹر رابرٹ بریفالٹ کی منفرد اور اہم کتاب Making of Humanityکے باب ’’دارالحکمت‘‘ سے رجوع کرتے ہیں، وہ لکھتے ہیں:
’’جس سامی قوم نے اسلام کا علَم بلند کیا، وہ بھی یورپ کی طرح دینی عقیدے سے سرشار تھی۔ اسی کا نام لے کر وہ اپنے خیموں سے اٹھی، اور حیرت انگیز طور پر قلیل مدت کے اندر ایک سلطنت کی بانی بن گئی جو رومن سلطنت سے زیادہ وسیع تھی… یورپ کی حقیقی نشاۃ ثانیہ پندرہویں صدی میں نہیں، بلکہ موروں اور عربوں کے احیائے ثقافت کے زیراثر وجود میں آئی۔ یورپ کی نئی پیدائش کا گہوارہ اٹلی نہیں بلکہ اندلس میں تھا۔ یہ براعظم سفاکی کے گڑھوں میں گرتے گرتے جہالت و تنزل کی تاریک تریں گہرائیوں میں پہنچ چکا تھا۔ حالانکہ اسی زمانے میں عرب دنیا کے بغداد، قاہرہ، قرطبہ، طلیطلہ تہذیب اور ذہنی سرگرمی کے روزافزوں مرکز بن چکے تھے۔ وہیں وہ زندگی نمودار ہوئی، جسے آئندہ چل کر انسانی ارتقاء کی ایک نئی منزل کی شکل اختیار کرنا تھا۔‘‘
جدیدیت پرستوں کی منظم بددیانتی، اور اس کا کافی کچھ سبب مذکورہ اقتباسات میں واضح ہے۔آگے ایک مقام پر رابرٹ بریفالٹ لکھتے ہیں: ’’بغداد، شیراز، اور قرطبہ کے حکمرانوں کی سرپرستی میں علوم و فنون نے حیرت انگیز ترقی کی… اس امر کی نہ کوئی مثال پہلے موجود تھی، نہ اب تک ہے کہ کسی وسیع سلطنت کے طول وعرض میں حکمران طبقے اتنے بڑے پیمانے پر حصولِ علم کی مجنونانہ خواہش سے سرشار ہوگئے ہوں۔ خلفاء، امرا اپنے محلوں سے اٹھ کرکتب خانوں اور رصد گاہوں میں جاگھسے تھے… اہلِ علم کے خطبات سننے اور ریاضی کے متعلق مذاکرات کرنے میں ہرگز کوتاہی نہ کرتے، مسودات و مخطوطات اور نباتاتی نمونوں سے لدے ہوئےکارواں بخارا سے دجلہ تک، اور مصرسے اندلس تک رواں دواں رہتے تھے… اس حقیقت کو بار بار پیش کیا جاچکا ہے، لیکن بعض لوگوں نے اس سے ہمیشہ تغافل کیا ہے، اور اس کی اہمیت کم کرنے کی پیہم کوششیں کی ہیں۔ یورپ کیسے کسی ’کافر کتے‘ کا شرمندۂ احسان ہو! اس اعتراف کو مسیحی تاریخ میں کوئی مقام حاصل نہیں ہوسکتا تھا۔ اور بعد کے تمام تصورات پر دروغ گوئی اورغلط بیانی کا غلبہ رہا۔ روایاتِ قدیم کی گرفت ان کے شدید مخالف پر بھی قائم رہتی ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ خود گبن (معروف مؤرخ) بھی اسلام کو بنظر استخفاف دیکھتا ہے۔ گزشتہ صدی تک عربوں کی تاریخ وثقافت کا اتنا علم بھی موجود نہ تھا جو صحت وحقیقت سے قریب ہو (یہ تحریر1919ء کی ہے)… یہ بالکل تصور نہیں کیا جاسکتا کہ سفاکی میں ڈوبی ہوئی آبادیوں کے پہلو بہ پہلو رہنے اور ان سے مسلسل رابطہ رکھنے والی ایک درخشاں اور پُرقوت تہذیب تخلیقی قوت سے بھرپور بھی ہو، اور پھر ان آبادیوں کی نشو وارتقاء پرگہرا اور اہم اثرنہ ڈالے۔ ظاہر ہے کہ اسلام اور یورپ کے رابطے میں قانونِ فطرت معطل وملتوی نہیں ہوگیا تھا۔ اور اب اس کے گراں قدر ثبوت مہیا ہوچکے ہیں۔ حالانکہ اس رابطے کی یادداشتوں کو دبانے، بگاڑنے، اور محو کردینے کی سازشیں برابر جاری رہی ہیں۔ اس کی وسعت واہمیت بلاشبہ اس قدر زیادہ تھی کہ آج کل اس کی تفصیل کے ساتھ اس کا اظہار بھی ممکن نہیں۔ اگر ان حالات کو ذہن میں رکھا جائے، تواس میں کوئی شبہ نہیں ہوسکتا کہ ہم عربوں کے اثر کے متعلق جو کچھ بھی بیان کریں گے، وہ کم تو ہوسکتا ہے، زیادہ ہرگز نہیں ہوسکتا۔ یہ خیال غالب ہے کہ اگر عرب نہ ہوتے تو زمانۂ حاضر کی یورپی تہذیب پیدا ہی نہ ہوئی ہوتی، اور یہ قطعی و یقینی ہے کہ یورپی تہذیب ایسی نوعیت اختیار نہ کرسکتی جس کی وجہ سے وہ ارتقا کی ماقبل منزلوں سے آگے بڑھ گئی ہے، کیونکہ یورپ کی نشوونما کا کوئی ایک پہلو بھی ایسا نہیں، جس میں ثقافتِ اسلامی کے قطعی اثرکا سراغ نہ مل سکے۔ جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ یورپ میں وہ قوت پیدا ہوگئی جو اس کی کامیابی کا سب سے بڑا سرچشمہ ہے، یعنی طبعی سائنس اور سائنسی روح‘‘۔ یہ اقتباس طویل ہے، مگر مغرب کے علمی اور تحقیقی نوادرات میں سے ایک ہے۔
یہی وہ واضح وجوہات تھیں جو جدیدیت سے ہضم نہ ہوسکیں۔ تمام ترآزاد خیالی اور تعلیمی وتحقیقی پیش رفت کے باوجود آج تک مغرب کی تاریخ مذہب دشمنی میں تعصب و تنگ نظری کی بدترین مثال ہے۔ اگر جدید مغرب اور سائنس پرست ان دو باتوں کا اعتراف کرلیں، مذہب اور تہذیب کی بنیادی اور تخلیقی حیثیت مان لیں، اور مسلم اندلس کو جدید سائنس کی جائے پیدائش تسلیم کرلیں، تو جدیدیت کی ساری عمارت ڈھے جائے، کیونکہ سائنس پرستوں کی ساری تاریخ کا اثبات ہی ان باتوں کی نفی میں ہے۔ ازمنہ وسطیٰ تاریخ کا وہ پہلا عہد ہے جب مذہب کے خلاف پہلی بار منظم حملوں کا سلسلہ شروع ہوا، جو آج تک جاری ہے۔ یہ ماقبل جدیدیت، اور روایتی عہد کی بامعنی اصطلاحوں میں پیش کیا جاتا رہا ہے، تاہم اب ماہرینِ حیاتیات نے اسے ’زرعی دور‘ کی سی دیہاتی بے چارگی میں پہنچادیا ہے، جہاں اس عہد کی منظرکشی دیہی زندگی کی سی ہے، جیسے انسان براہِ راست جنگل سے میدانوں میں نکل آئے ہوں، کھیتی باڑی شروع کردی ہو، پھرطوفانوں اور دیگر آفات سے گھبرائے ہوں، اور طرح طرح کے خدا گھڑ لیے ہوں، ازخود خدائی احکامات تخیل کرلیے ہوں، صحیفے وضع کرلیے ہوں، پھرکیتھولک کلیسا نے ظلم کا بازار گرم کیا، علمی سرگرمیوں پر پہرے بٹھائے، سائنس اورعقلی علوم کی راہیں روک دیں، پھر لوگوں نے بغاوت کی، پروٹسٹنٹ باغیوں نے کلیساؤں کی فرعونیت ڈھادی، فرد کوآزادی مل گئی، وہ تقریر و تحقیق کے میدان میں کود پڑا، اور سائنسی انقلاب برپا کردیا، اور یوں اس دورِ جہالت سے انسانوں کونجات ملی… اور پھر عثمانیوں نے پندرہویں صدی میں قسطنطنیہ پرحملہ کیا، اور یونانی علماء یورپ بھاگے، وہاں یونانی فلسفے کو فروغ دیا، یوں یونانیوں کی انسان پرستی پہلی بار یورپی فکر پرفیصلہ کن اثر مرتب کرسکی، یوں رومی اور یونانی علوم اوررومی انتظامی وراثتیں زندہ ہوگئیں، اور پھر جدید سائنس کا زریں سنہرا دور شروع ہوا، جو آج تک غالب ہے۔
وہ گمراہ کن تاریخ ہے، جس میں صرف ایک یورپی باب ہی گم نہیں ہوا، بلکہ مستقبل کی تاریخ کا پورا تناظر ہی بدل گیا، بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ پورا فلسفۂ حیات ہی الٹ گیا۔ انسانی تہذیبوں کی اعلیٰ ترین حالتیں منوں مٹی تلے دبادی گئیں۔ ازمنہ وسطیٰ کا دور انسانی ترقی کا سب سے سنہرا دور ہے، یہ عیسائیوں کا بھی سنہرا دور ہے، یہ یہودیوں کا بھی سب سے سنہرا دور ہے، اور مسلمانوں کی گولڈن ایج بھی یہی ہے۔ یہ اس عہد کے بعد تینوں تہذیبوں کو پھر اس سے بہتر دور نصیب نہیں ہوا۔ یہ یونانی علوم کی ترویج وتراجم اور سائنسی سرگرمیوں کا بھی پہلا سنہرا دور ہے۔ (ملالہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی اس دنیا میں) قدیم ترین زندہ جامعہ (یونیورسٹی) مراکش کی شہزادی فاطمہ الفرحی نے 859ء میں قائم کی تھی، ان کی بہن مریم نے درس گاہ کے ساتھ مسجد القراوین تعمیر کروائی تھی۔ یہ یونیورسٹی بارہ صدیوں بعد آج بھی طلبہ وطالبات کوتعلیم دے رہی ہے،یہ قدیم ترین درس گاہ ہے۔ یہ بہنیں آج بھی دنیا بھر کی خواتین کے لیے فروغِ علم کا زندہ پیغام ہیں۔ طب، طبیعیات، کیمیا، ریاضی، اور علم فلکیات ایک طرف، اسلام کی آمد نے یورپ کی روزمرہ زندگی میں جس نفاست اور تہذیب کی بنا ڈالی، اس کی علمی ونفسیاتی تاثیر مسلّم ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مسواک (ٹوتھ برش) اور صابن کا استعمال مسلمانوں نے یورپ کو سکھایا۔ اکثر مسلمان یہ جانتے ہیں کہ مسواک سنتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے، مگر شاید کچھ ہی لوگ جانتے ہوں کہ یہ عربی مسواک یورپ میں دانتوں کی صفائی کا پہلا طریقہ تھا، جسے اپنایا گیا۔ عیسائیت میں نہانا اور صفائی گناہ تصور کیے جاتے تھے، یہ کام مسلمانوں نے سکھائے۔ سن ہزار عیسوی کے آس پاس ابن الہیثم نے پہلی بار نظر کی کمزوری کی درست تشخیص اور علاج متعارف کروایا۔ اسپتال کا سب سے پہلا نمونہ مسلم مصر میں ملتا ہے، قاہرہ میں 872 عیسوی میں احمد بن طولون اسپتال قائم کیا گیا تھا، یہ فلاحی اسپتال تھا۔ غریبوں کے مفت علاج کا یہ نمونہ مسلم اندلس سمیت پوری مسلمان دنیا میں پھیلادیا گیا۔ یہ روزمرہ کی وہ چند ضرورتیں ہیں جو آج بھی انسانی معمولات کا بنیادی اور لازمی حصہ ہیں۔
ریاضی، الجبرا، اور جیومیٹری مسلمانوں کی عنایتیں ہیں۔ صفر کا عدد مسلم ریاضی کی ایجاد ہے۔ ایلگوریتھم، جس پر آج کی سائنس کا خاصا انحصار ہے، محمد بن موسیٰ الخوارزمی کا کارنامہ ہے جو عہدِ عباسی کے ماہرِ فلکیات و ریاضی تھے۔ آج کی دنیا میں فلاح اور علوم کی جتنی صورتیں ہیں، وہ عہدِ ازمنہ وسطیٰ ہی کی عنایتیں ہیں۔ اگر تاریخِ انسانی سے ازمنہ وسطیٰ کا عہد نکال دیا جائے، تو سوائے جہالت اور گمراہیوں کے کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ یہ انسانی تہذیب کی معنوی صور ت گری کا عہدہے۔ اگر کوئی سمجھنا چاہے کہ آج کی دنیا میں عالمگیر اصلاح اور فلاح کی کیا صورت ممکن ہوسکتی ہے، تو وہ مسلم اندلس کی ابتدائی صدیوں کی گلیوں میں نیک نیتی سے چہل قدمی کرلے، نشانِ منزل مل جائے گا۔ اسلامی، عیسائی، اور یہودی تہذیبیں، جن کے پیروکاروں کی تعداد آج تک دنیا کی غالب ترین آبادی ہے، اگر مسلمان، عیسائی اور یہودی آج بھی عالمی معاشی سرگرمیوں سے قطع تعلق کردیں، جن پر سرمایہ دارمغرب کی نظریاتی بنیادیں کھڑی ہیں، تو سارا ڈھچر زمیں بوس ہوجائے۔ اس مالی خدائی کی قوت یہ ہے کہ اگر خدا پرایمان رکھنے والے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے بہ یک وقت سرمایہ نکال لیں، تو سرمایہ دار سامری کا جادو پلک جھپکتے میں اوجھل ہوجائے۔ عالمی فساد کی حقیقت عیاں کرنے کے لیے صرف عالمی مالی نظام کا انکار درکار ہے۔ مگر صد افسوس کہ مذہبی اکثریت اس سود وزیاں کی حقیقت سے آگاہ نہیں۔ یہ جملۂ معترضہ تھا۔ تاریخ کا رخ کرتے ہیں۔
غرض، ازمنہ وسطیٰ کے باب میں تاریخ کی مذہبی منہاج پر دجل کے پردے ڈالے گئے۔ لہٰذا جعلی نشاۃ ثانیہ کا آغاز ہی دھوکے وفریب سے ہوا۔ اس عہد کی سائنسی وعلمی ترقی کی بنیادیں صدیوں قبل پڑچکی تھیں، صرف منہاج بدل دی گئی تھی۔ خداپرستی عقل پرستی میں ڈھل گئی تھی، اور انسان پرستی میں منتقل ہوگئی تھی۔ اس میں چھاپہ خانہ کی ایجاد نے جو رفتار اور پھیلاؤ پیدا کیا، اُس نے اس عہد کی ’ترقی‘ پر مبالغہ آرائی کا بھرپور مگر ناجائز جواز مہیا کیا۔ بالکل اس طرح جیسے ایل گوریتھم کی دریافت محمد بن موسیٰ الخوارزمی کا کارنامہ تھا، مگر کمپیوٹرسائنس کی آمد نے وہ جست لگائی کہ ایلگوریتھم کے طالب علم الخوارزمی کے نام سے بھی واقف نہیں، یہ محض تیز رفتاری کا دھوکا ہے جو علمی بنیادوں کو بھی معلومات کی دنیا میں نامعلوم بنادیتا ہے۔ غرض جعلی نشاۃ ثانیہ کی منہاج کہتی ہے کہ وحی پر مبنی علوم اور نقل پرقائم روایتیں ناقابل قبول ہیں، عقلیت اور انسان پرستی ہی سب کچھ ہے۔ یعنی انسان کی عقل نعوذباللہ عقلِ کُل ہے، اور انسان کی اہمیت ہر ثانوی شے پر مقدم ہے، گویا انسان ہی اب اس زمین کا خدا ہے۔ ابتدا میں مذہب کا یکسر رد نہیں کیا گیا، بلکہ حیثیت گھٹادی گئی، جدیدیت کا یہی طریقہ واردات آج بھی ہے۔ یہ مذہبی معاشروں میں بتدریج مذہب کی اہمیت کم کرتے کرتے ختم کرتی ہے، اور پھرانسان پرستی کی فرعونی صورت اختیار کرلیتی ہے (پاکستان سمیت مسلم ممالک میں یہ صورت حال واضح ہے)۔ مغربی اخلاقیات کی یہ پُرفریب صورت مادی طاقت کے اصول پر آگے بڑھتی ہے۔ جیسا کہ اطالوی دانشور میکیاولی نے طاقت کے اصول کی تاکید کی، اور مغرب سمیت دنیا کا ہر جابرنظام اسی اصول پرکاربند ہے (آج مسلمان عوام طاقت کے اس سیاق وسباق میں بری طرح جکڑے ہوئے ہیں)۔ انیسویں صدی میں چارلس ڈارون کی تھیوری نے جیسے جدیدیت میں جان ڈال دی، جہاں جہاں اسے قبولیت حاصل ہوئی، وہاں مذہب اور تہذیب کی زندگی محال ہوگئی۔ نوآبادیاتی نظام کی چاندی ہوگئی۔ وہ لوٹ مار، وہ قتل عام، ملکوں کی وہ بندر بانٹ ہوئی کہ تہذیبوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ عالمی جنگوں نے جدیدیت کا بھرکس نکال دیا۔
لہٰذا ازمنہ وسطیٰ کا یہ تاریخی سچ نہ صرف تاریخ کی درستی کے لیے ناگزیر ہے بلکہ تاریخ کی منہاج کی درستی کے لیے بھی لازم ہے۔ جدیدیت اور سائنس پرستی نے جس رخ پر لے جاکر تباہی وبربادی کا سامان کیا ہے، اس رخ کو سیدھا صراطِ مستقیم پر لانا ہوگا، کیونکہ انسانی تہذیب کی منہاج رب کائنات کی خدائی اور اس کی عقلِ کُل کے سوا کہیں نہیں۔
تہذیبوں کایہ گم گشتہ باب دوبارہ کھلنا چاہیے، اوراسی حکمتِ تہذیب پرنئے باب رقم ہونے چاہئیں۔ موجودہ عہد کی ضرورت ہے کہ مسلم اندلس کے سنہرے عہد کی تہذیبی زندگی کا احیاء کیا جائے۔ عالمگیر تہذیب کا یہ نمونہ اختیار کیا جائے جہاں یہودی بھی سنہرے دور میں جی رہے تھے، جہاں عیسائی طلبہ بھی نئے علوم سے مستفید ہورہے تھے، جہاں انسانی زندگی کی فلاح اورنفس کے اطمینان کا کافی و شافی سامان سب کے لیے یکساں تھا۔