نام: اُچارن جو کتاب (سندھی زبان میں)
Book of pronunciations
مصنف: استاد، سگھڑ گل حسن گل ملک
بی ایس سی، بی ایڈ، ایم اے سندھی ادب
صفحات: 64 قیمت 80روپے
ناشر: مہران اکیڈمی، واگنودر، شکارپور
فون : 0726-5121122-520012
معروف سندھی سُگھڑ شاعر اور ماہر تعلیم استاد گل حسن المعروف گل ملک ضلع جیکب آباد کے گوٹھ کرم پور میں 1967ء میں پیدا ہوئے، جو اب تعلقہ کندھ کوٹ ضلع کشمور کی حدود میں واقع ہے۔ موصوف کے ایامِ بچپن میں ان کے بزرگ تعلقہ ٹھل کے گائوں مبارک پور میں نقل مکانی کرکے آگئے تھے جہاں وہ تاحال رہائش پذیر ہیں۔ گل ملک نے اپنی افتادِ طبع کے مطابق سندھی ادب میں ایم اے بدرجہ فرسٹ کلاس پاس کیا، اور آج کل بہ طور ہائی اسکول ٹیچر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ زیر تصبرہ کتابچہ انہوں نے سندھی زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے بڑی محنت اور تحقیق کے بعد ترتیب دیا ہے تاکہ وہ انگریزی حروف کے تلفظ اور استعمال سے باآسانی آگاہ ہوسکیں۔ یہ کتابچہ بچوں کی نفسیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لکھا گیا ہے جس میں لگ بھگ ہر پہلو کا احاطہ ہوگیا ہے۔ نہ صرف یہ کہ ملبوسات، مہینوں، ایام، موسموں، جانوروں، بلکہ حروف اور اعداد کا تلفظ بھی دیا گیا ہے۔ معروف سگھڑ شاعر عاجز رحمت اللہ لاشاری، نامور ادیب اور معروف محقق ڈاکٹر نبی بخش بلوچ، نامور اسکالر ڈاکٹر پروفیسر غلام نبی سدھایو، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد سومرو چیئرمین شعبۂ ایگرونومی سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے کتابچہ کے بارے میں تحریر کردہ اپنے تبصروں میں اسے تعلیمی اور تدریسی تقاضوں کے معیار کے مطابق قرار دیا ہے اور گل ملک کی اس کاوش کو بے حد سراہا ہے۔ یہ کتابچہ طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور عام افراد کے لیے بھی بے حد کارآمد ہے۔ صاف ستھرے انداز میں شائع ہونے والے اس کتابچے کی قیمت اتنی زیادہ نہیں ہے۔