نام کتاب: نور ِقرآن (چالیس دروسِ قرآن)
تصنیف : بیگم صفیہ خیالی
صفحات: 224
قیمت: 275روپے
ناشر: ادارہ معارف اسلامی، منصورہ لاہور
ٹیلی فون نمبر: 042-35252475-35252194
برقی پتا: islami1979@gmail.com
ویب گاہ: www.imislami.org
تقسیم کنندہ: مکتبۂ معارف اسلامی، منصورہ، ملتان روڈ،
لاہور۔ پوسٹ کوڈ نمبر: 54790
فون نمبر: 042-35419520-24
ہمارے یہاں ’چہل احادیث‘ کی جمع و تدوین اور اشاعت کی روایت قدیم سے چلی آرہی ہے، جس کا جواز اس حدیثِ رسولؐ سے فراہم کیا جاتا ہے جس میں چالیس احادیثِ نبویؐ کو یاد کرنے یا انہیں آگے پہنچانے والوں کے لیے جنت کی بشارت دی گئی ہے۔ مختلف شائقین نے اپنے اپنے مزاج کے مطابق مختلف حوالوں سے چہل احادیث کے مجموعے مرتب کیے ہیں جن کا بنیادی مقصد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی ترویج و اشاعت ہے۔ اسی نہج پر زیر نظر مجموعہ ’’نورِ قرآن‘‘ چالیس دروسِ قرآن حکیم پر مشتمل ہے، جس کا انتساب قرآن مجید کے اُن طالب علموں کے نام کیا گیا ہے جو اس کی تعلیمات کو دنیا بھر میں پھیلانے کا عزم رکھتے ہیں۔
اس مجموعہ دروسِ قرآن کی مرتبہ محترمہ بیگم صفیہ خیالی صاحبہ ہیں جن کے میاں ڈاکٹر رفیق خیالی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے طب کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کم و بیش نصف صدی قبل امریکہ کو اپنا مسکن بنایا۔ بیگم صفیہ خیالی بھی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ وہیں مقیم ہیں، تاہم امریکہ جیسے آزاد خیال اور مذہب بیزار ماحول اور معاشرے میں طویل عرصہ گزارنے اور وہاں کا شہری بن جانے کے باوجود انہوں نے نہ صرف اپنے افکار و خیالات اور کردار کو وہاں کی آلودگیوں سے محفوظ رکھا بلکہ اپنے قرب و جوار میں موجود مسلمان خواتین اور بچیوں کو بھی امریکی معاشرے کی بے راہ روی کا شکار ہوکر بھٹک جانے سے بچانے کے لیے وہاں دروسِ قرآن کا سلسلہ شروع کیا، اور زیر نظر مجموعہ دراصل ان کے ان ہی دروس کے قلمی نوٹس ہیں۔ حافظ محمد ادریس نے انہیں اپنے ادارے کے رفقائے علمی شیخ افتخار احمد اور پروفیسر ظفر حجازی کے تعاون سے ضروری ادارت کے بعد کتابی شکل دی ہے۔ کتاب کا چار صفحات پر محیط دیباچہ ممتاز داعیِ قرآن، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور ادارہ معارف اسلامی منصورہ لاہور کے ڈائریکٹر محترم حافظ محمد ادریس نے تحریر کیا ہے جس میں کتاب اور اس کے موضوعات و مضامین کا تعارف کراتے ہوئے وہ یوں رقم طراز ہیں:
’’زیر نظر کتاب میں قرآن کے مفہوم و مطالب کی تفہیم کی کوشش کی گئی ہے۔ سورۃ البقرۃ سے لے کر سورۃ الہمزہ تک 39 دروس میں 145 عنوانات کے تحت قرآن مجید کے مطالب بیان کرنے کی یہ کاوش بیگم ڈاکٹر رفیق خیالی کے لیے ان شاء اللہ توشۂ آخرت ثابت ہوگی۔
کتاب کے دروسِ قرآن کا مرکزی نقطہ توحید کا بیان ہے۔ اللہ کی اطاعت اس کے نبیوں اور رسولوں کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق مطلوب ہے۔ عقائد میں پختگی ، عمل میں مداومت اور معاملات میں صفائی و ستھرائی، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔ زندگی کسی ایک عمل کا نام نہیں، زندگی کے تمام شعبوں کے سبھی اعمال کے لیے بہترین نمونہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات ِمبارکہ کی صورت میں موجود ہے۔ ہمارے لیے اتنا علم حاصل کرنا ضروری ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے پوری طرح باخبر ہوں۔ دنیا کا کوئی بھی کام کامل رسوخ کے بغیر پایہ تکمیل کو نہیں پہنچتا۔ دینِ اسلام کے احکام معلوم کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے لیے رسوخ فی العلم کی ضرورت ہے۔
فرائض کی ادائیگی تو وہ کم سے کم نصاب ِعمل ہے جو دین میں داخل ہوتے ہی ایک مسلمان سے متوقع ہے۔ ان کے علاوہ اخلاقیات کی تفصیلات سے پورا قرآن مجید معمور ہے۔ اخلاقی، تاریخی، تخلیقی اور پیغمبروں کی اپنے اپنے وقت کے جابر حکمرانوں سے آویزش کی تفصیلات کا مطالعہ بھی ضروری ہے کہ آج دنیا بھر کی جہالتیں اور باطل طاقتیں اسلام کے مقابلے پر کھڑی ہیں۔ جدید سائنسی علوم و فنون، مغربی الحادی تہذیب ان مغربی طاقتوں کی پشت پر ہے۔ ان کے نزدیک آئندہ تہذیبوں کا تصادم ہی نتیجہ خیز ہو گا۔
کتاب میں قرآن مجید کی تفہیم کے لیے اتنا عمدہ اسلوبِ بیان اختیار کیا گیا ہے کہ سامع سنتا اور قاری بس پڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ کوئی ابہام نہیں، کوئی لفظی و معنوی تعقید نہیں۔ ایسا سادہ سلیس، سہل اور دل کش بیان کہ بات دل میں اترتی چلی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس سلسلۂ درس قرآن مجید کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ شائقینِ علومِ قرآن زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔‘‘
حافظ محمد ادریس نے اپنے پیش لفظ میں نہایت جامع اور خوبصورت الفاظ میں کتاب کا تعارف کرایا ہے ۔ تاہم بہت بہتر ہوتا کہ محترمہ صفیہ خیالی خود بھی کتاب کا مقدمہ تحریر فرماتیں جس میں وہ اس مجموعہ کے دروس کی ترتیب اور مختلف قرآنی آیات اور سورتوں کے انتخاب کے وقت اپنے پیش نظر اسباب و وجوہ اور مقاصد پر زیادہ وضاحت سے روشنی ڈال دیتیں تو قارئین اس مجموعہ سے مزید بہتر انداز میں استفادہ کرسکتے۔
کتاب ادارہ معارف اسلامی نے اپنی روایات کے مطابق اعلیٰ معیارِ طباعت اور عمدہ کاغذ پر شائع کی ہے۔ حروف خوانی بھی نہایت توجہ سے کی گئی جس کے باعث کتاب بڑی حد تک غلطیوں سے مبرا ہے۔ کتاب کا سرورق رنگین اور بامقصد ہے اور مضبوط جلد سے مزین ہے… اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرتبہ کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور دنیا و آخرت میں ان کے لیے اور ان کے سامعین و قارئین کے لیے نفع بخش بنا دے…!!!