فرائیڈے اسپیشل کے 19سال

محترم یحییٰ بن زکریا صدیقی صاحب
ایڈیٹر ’’ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل ‘‘کراچی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ !
مجھے یہ جان کردلی مسرت ہوئی کہ آپ کی ادارت میں شائع ہونے والا فرائیڈے اسپیشل اپنے سفر کے 19 سال مکمل کرچکاہے۔ میری طرف سے آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو دلی مبارک باد! بلاشبہ یہ آپ کی محنت، لگن اور جدوجہد کا ثمر ہے کہ انتہائی ناموافق حالات میں بھی فرائیڈے اسپیشل دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتا رہا اورآج ملک کے کثیر الاشاعت میگزین کے طور پر اپنی ایک شناخت رکھتا ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ خطیر سرمائے، بڑے جوش وخروش اور تجربہ کار ٹیم کے بل بوتے پر اشاعت شروع کرنے والے میگزین بھی چند ماہ یا دوچار سال کے بعد دم توڑ دیتے ہیں۔ صحافت ایک مقدس پیشہ ہی نہیں، قلم کے ذریعے جہاد کا نام ہے۔ ’’صحافت‘‘ انسانیت کی ہدایت کے لیے نازل کیے گئے صحیفوں سے اخذ کیا گیاہے۔ قلم کی حرمت کی قسم خالقِ کائنات نے اٹھائی ہے۔ موجودہ دور میں صحافت عبادت سے کم نہیں۔ حق وباطل کی باہمی کشمکش میں حق کی آواز بلند کرنے میں ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے جس جرأت اور بے باکی کا مظاہرہ کیاہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔ صحافت کا بنیادی مقصد ہی یہ تھاکہ انسانیت کو گمراہی اور خالق و مالک کی نافرمانی سے بچاتے ہوئے اللہ کی رضا کے راستے کی طرف راہنمائی کرکے اس کی زندگی کو دنیاوی و اخروی فلاح کا ضامن بنائے۔ تمام انبیائے کرام کی دعوت بھی اسی اعلیٰ و ارفع مقصد کی تکمیل کے لیے تھی، مگر بدقسمتی سے میڈیا اپنے اس کردار کے علی الرغم چل رہا ہے جس سے معاشرتی اصلاح کا وہ خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکا۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے بلاشبہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترجمانی کا ہر دور میں حق ادا کیا ہے۔ آمریت اور نام نہاد جمہوری حکومتوں کے ادوار میں فرائیڈے اسپیشل نے اپنے اعلیٰ صحافتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور جابر سلطان کے سامنے کلمۂ حق کہنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ جب انسان حق کو اپنا نصب العین بنا لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے راستے کی تمام رکاوٹیں، مشکلات ا ور مصائب ختم کردیتا ہے اور اس کا حامی و مددگار بن جاتا ہے۔
میری دعا ہے کہ رب العزت ’’فرائیڈے اسپیشل‘‘ اور اس کی پوری ٹیم کو اپنے مشن میں لازوال کامیابیوں سے نوازے اور ’’فرائیڈے اسپیشل‘‘ کو چار دانگ عالم پھیلانے میں کارکنان کی شب و روز کی محنت کو شرفِ قبولیت بخشے۔ ہماری نیک خواہشات اور تعاون آپ کو ہر وقت حاصل رہے گا۔
والسلام
سینیٹر سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان

پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ پریس کی آزادی کے لیے آواز بلند کی، ہم آئین کے تابع رہ صحافتی کردار ادا کرنے والے اداروں کی قدر کرتے اور ان کی حمایت کرتے ہیں، انہیں ملک کے لیے نعمت سمجھتے ہیں۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی مکمل اصلاح کی جائے تاکہ ملکی ترقی میں اپنا ہاتھ بٹا سکیں۔فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
شہباز شریف
صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی

پاکستان میں آزادئ صحافت اور صاف ستھری صحافت کے حوالے سے ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ میرے لیے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ ایک تعمیری ہفت روزہ نے اپنی اشاعت کے 19سال مکمل کرلیے ہیں۔ یہ ہفت روزہ آئندہ بھی تعمیری صحافت کرتا رہے گا۔ میڈیا قانون کے دائرے اور آئین کے تابع رہ کر قوم کی رہنمائی کرکے اس ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ تنقید کرتے وقت اصلاحِ احوال کی تجویز بھی دی جانی چاہیے۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ کی مبارک باد۔
سید خورشید احمد شاہ
رکن قومی اسمبلی پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین

میرے لیے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے اپنی اشاعت کے 19 سال مکمل کرلیے ہیں۔ اس ہفت روزہ نے ملک کی سلامتی اور معاشرے کی اصلاح کے لیے مفید کردار ادا کیا۔ امید کرتے ہیں کہ یہ ہفت روزہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اور ہر طرح کے حالات میں آئندہ بھی تعمیری صحافت کرتا رہے گا۔ آج کے دور میں میڈیا کو مشکلات کا خود اندازہ کرنا چاہیے۔ دنیا اب تبدیل ہورہی ہے اور میڈیا ہاؤسز کو بھی خود پر نظر ثانی کرنی چاہیے کہ وہ مستقبل میں اپنے اداروں کے استحکام کے لیے خود کیا کرسکتے ہیں۔ آج ملک میں جمہوریت ہے اور آئین کے مطابق اظہارِ رائے کی بھی آزادی ہے۔ پاکستانی میڈیا قانون کے دائرے اور آئین کے تابع رہ کر قوم کی رہنمائی کرے۔ میڈیا کی تنقید سے نہیں گھبراتے، لیکن تنقید اصلاح کے لیے ہونی چاہیے۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
فواد حسین چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

پاکستان مسلم لیگ نے اپنی حکومت کے دوران اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہمیشہ پریس کی آزادی کے لیے آواز اٹھائی ہے، ہم آئین کے تابع رہ کر صحافتی کردار ادا کرنے والے اداروں کی قدر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ہم اعلیٰ صحافتی اقدار کو ملک کے لیے نعمت سمجھتے ہیں۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی ہر شعبے میں مکمل اصلاح کی جائے، انہیں مکمل رہنمائی دی جائے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا ہاتھ بٹا سکیں۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک۔
پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال
رہنماء پاکستان مسلم لیگ(ن)

میرا ملک کے سیاسی کارکنوں اور میڈیا سے بہت پرانا تعلق اور پختہ رشتہ ہے، یہ تعلق کبھی ختم نہیں ہوا۔ اخبارات رائے عامہ کی تشکیل میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں اور فرائیڈے اسپیشل جیسا میگزین خبر دیتا ہے اور خبر لیتا بھی ہے۔ آج کے دور کے حوالے سے ایک گزارش کرنا چاہتا ہوں، تنقید سے کوئی نہیں گھبراتا، لیکن یہ تنقید اصلاح کے لیے ہونی چاہیے، اور تنقید کرتے وقت اصلاحِ احوال کی تجویز بھی دی جانی چاہیے۔ بہرحال فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
شیخ رشید احمد
وفاقی وزیر ریلوے

پاکستانی صحافت میں بدقسمتی سے لبرل ازم اور ابن الوقتی پر مبنی شعار کا دور دورہ ہے، حالات نے بعض اہلِ صحافت کو بالائی طبقات کی صف میں شامل کرلیا ہے، جلبِ منفعت اور طلبِ زَر مقصودِ اعلیٰ بن کر رہ گیا ہے، دینی وملّی ترجیحات اور اَقدار پسِ پشت چلی گئی ہیں۔ اوراب تو مفادات کے غلبے کے زیرِ اثر غیر محسوس اور غیر مرئی طریقے سے آزادیِ صحافت بھی عَنقا ہوتی جارہی ہے۔ ایسے ماحول میں ہفت روزہ ’’فرائیڈے اسپیشل ‘‘ جیسے جرائد کا وجود غنیمت ہے کہ کوئی تو فورم ہے جہاں نظریات اور دینی وملّی حمیت اور حقیقی قومی مفادات کو ترجیحِ اوّل کا درجہ حاصل ہے۔ ہر ایک کو معلوم ہے کہ نظریاتی اخبارات وجرائد ہمیشہ دم بلب رہتے ہیں، انہیں اشتہار نہیں ملتے، بظاہر دیندار مالکان کی بڑی بڑی کاروباری اور صنعتی سلطنتیں ہیں، لیکن اس حوالے سے ان کی سوچ بھی خالص مادّی ہوتی ہے اور وہ ان نظریاتی اخبارات وجرائد کو اشتہار دینے کے روادار نہیں ہوتے۔ ایسے حالات میں ان کا جاری رہنا اور ان سے وابستہ کارکنان اور اہلِ صحافت کا کم پر گزارہ کرنا اور قناعت پر آمادہ ہونا بسا غنیمت ہے۔ میری دعا ہے کہ ’’فرائیڈے اسپیشل‘‘ ہمیشہ تسلسل کے ساتھ جاری وساری رہے، اس کی اشاعت، قارئین، نظریاتی مُربّیان اورفکری اثرات میں اضافہ ہوتا رہے۔
مفتی منیب الرحمن

فرائیڈے اسپیشل صاف ستھری صحافت اور معیاری تحریروں کے ساتھ شائع ہوتا ہے۔ ہمارے ملک کے میڈیا کو قومی سلامتی اور ملکی ترقی کے لیے ہمیشہ فرنٹ فٹ پر آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
محمد صادق سنجرانی
چیئرمین سینیٹ آف پاکستان

پاکستان میں آزادئ صحافت اور صاف ستھری صحافت کے حوالے سے ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اس جریدے نے نہ صرف حب الوطنی کو فروغ دیا بلکہ قومی صحافت کو اچھے صحافی بھی دیے۔ مجھے یہ جان کر بڑی مسرت ہوئی کہ فرائیڈے اسپیشل کا 19 واں یوم تاسیس ہے۔ فرائیڈے اسپیشل جیسے نظریاتی ہفت روزہ کے لیے اپنے مشن پر کاربند رہنا ایک کارنامہ ہے۔ میں ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنان کو اس کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
راجا محمد ظفرالحق
قائد حزبِ اختلاف سینیٹ آف پاکستان

میں طالب عملی کے زمانے میں فرائیڈے اسپیشل کا قاری رہا ہوں، بعد میں یہ سلسلہ جاری نہ رکھ سکا۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج کے دور میں جب کہ ملک بہت سی مشکلات کا شکار ہے، تعمیری صحافت ہی قوم کی رہنمائی کرسکتی ہے اور ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل بخوبی یہ فریضہ انجام دے رہا ہے۔ آج ملک میں جمہوریت ہے اور آئین کے مطابق اظہارِ رائے کی بھی آزادی ہے، پاکستانی میڈیا قانون کے دائرے اور آئین کے تابع رہ کر قوم کی رہنمائی کرکے اس ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، ان شاء اللہ ہماری قوم دنیا کی بہترین قوم بنے گی اور ہمارا ملک دنیا میں ایک باوقار مقام حاصل کرے گا۔ فرائیڈے اسپیشل جیسے میگزین آج کے دور میں کسی غنیمت اور نعمت سے کم نہیں ہیں۔
اسد قیصر
اسپیکر قومی اسمبلی

پاکستان کو قائم ہوئے 71 سال ہوچکے ہیں، ہمیں آج تک ملک میں اس کے بنیادی نظریے کی حامی صحافت کے فروغ کے لیے وہ اقدامات نظر نہیں آرہے جو ضروری تھے۔ سچ اور حق کے ساتھ بات کرنا، کہنا اور شائع کرنا ایک قومی فریضہ ہے، جو صحافتی ادارے یہ کام کررہے ہیں انہیں ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ ملّی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل بھی ملک میں شائع ہونے والے ان جرائد شامل ہے جن کے بارے میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ صرف اور صرف پاکستانیت کے لیے کام کررہے ہیں۔ یہ بات ہمیں اپنے پیش نظر رکھنی چاہیے کہ ہمیں اقوام عالم میں بہت سے چیلنج درپیش ہیں، ملّی ذمہ داریاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم ملک میں ذمہ دار صحافت کی حمایت کریں اور صرف سچ کو فروغ دیا جائے، کیونکہ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ آج بھی نمرود آگ کے الاؤ جلارہا ہے۔ ملّتِ کفر، اسلام کی اساس کوکھوکھلا کرنے کے لیے مسلم حکمرانوں کوکٹھ پتلی بنائے ہوئے ہے۔ امتِ مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام کو متحد ہوکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ اسلامی انقلاب کے لیے نوجوانوں اور معاشرے کے ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
جنرل (ر)مرزا اسلم بیگ

مجھے بہت خوشی ہے کہ فرائیڈے اسپیشل اپنے 19سال مکمل کرکے بیسویں سال میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپ کا ادارہ ایک متوازن طرزِعمل اور مثبت رجحان پروان چڑھانے کا کام انجام دے رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت دو قسم کے انتہا پسندانہ گروہ کارفرما ہیں۔ ایک تو ملّاؤں پر مبنی گروہ ہے اور دوسرا گروہ اُس نام نہاد سیکولر لابی کا ہے جو ہر چیز کو توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں، اور یہ تو اب پاکستان کی افواج کے سامنے بھی کھڑے ہوگئے ہیں۔ ان دونوں انتہاپسند گروہوں کو شہہ دینے والے اور ان کی پشت پناہی اور مالی امداد کرنے والے مغربی ممالک ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کسی طور ترقی نہ کرسکے، یہاں کسی طور امن و امان نہ ہوسکے، ہماری ترقی کا وہ ماڈل جو چین کے ساتھ تجارتی معاہدوں اور سی پیک کے ساتھ جڑا ہوا ہے، جو اسلامی ممالک کی یک جہتی کے ساتھ جڑا ہوا ہے اُسے ختم کیا جائے۔ جن معلومات، حالات و واقعات کی بنیاد پر میں یہ جو کچھ سوچتا ہوں مجھے یہ لگتا ہے کہ آپ کے ادارے کی پالیسی بھی اسی فکر کی ترجمان ہے۔ہم اس پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یہی متوازن طریقہ ملک و قوم کو بہتری کی جانب لے جا سکتا ہے۔سب سے بڑی بات یہ ہے کہ قیام پاکستان کے سلسلے میں قائداعظم علیہ رحمہ نے دونوں ہی انتہا پسند قوتوں کے درمیان کا راستہ تلاش کیا، اور ملت کے متحد ہونے کے نتیجے میں ایک معجزے کے طور پر پاکستان جیسا ملک وجود میں آیا۔آپ کا ادارہ اسی سمت میں کام کررہا ہے جس کے لیے میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
جسٹس (ر) وجیہ الدین

فرائیڈے اسپیشل اپنے بیسویں اشاعتی سال میں داخل ہوگیا، نہایت خوشی کی بات ہے، کیونکہ یہ ایک بڑا عرصہ ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہر دس سال میں ایک نئی نسل آجاتی ہے، تو اس اعتبار سے فرائیڈے اسپیشل نے کم از کم دو نسلوں کی نظریاتی و فکری تربیت کی ہے۔میں نے دیکھا ہے کہ اس رسالے میں خاصا تنوع ہوتا ہے ، معیاری مضامین ہوتے ہیں اور بعض بحثیں ایسی ہوتی ہیں جن کے جاری رہنے سے قاری کے لیے بہت سارے مسائل کی تفہیم بھی ہوتی ہے۔میں فرائیڈے اسپیشل کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔
سحر انصاری
معروف شاعر