فرائیڈے اسپیشل کے 19سال

یہ جان کر بہت مسرت ہوئی کہ آپ کی ادارت میں شائع ہونے والا ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل اپنی زندگی کی 19 بہاریں دیکھ چکا ہے، اللہ تعالیٰ اسے مزید عوامی پذیرائی بخشے اور آپ کی محنتوں کو قبول فرمائے، میری طرف سے آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو دلی مبارک باد۔ فرائیڈے اسپیشل کا جاذب نظر گیٹ اپ اور بہترین مضامین کا انتخاب آپ کے صحافتی ذوق اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ رسالہ نکالنا اور اسے کامیابی سے شائع کرنا انتہائی محنت طلب اور صبرآزما کام ہے، آپ جس استقامت اور جانفشانی کے ساتھ یہ کام سرانجام دے رہے ہیں وہ واقعی قابلِ ستائش ہے۔ صحافت کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ انسانیت کو گمراہی اور خالق و مالک کی نافرمانی کے راستے سے بچاتے ہوئے اللہ کی رضا کے راستے (صراطِ مستقیم) کی طرف راہنمائی کی جائے اور اس کی زندگی کو شیطان کی پیروی اور گناہوں کی آلائشوں سے بچاتے ہوئے دنیوی و اخروی فلاح کا ضامن بنایا جائے۔ انبیاء کرام کی دعوت بھی اسی اعلیٰ و ارفع مقصد کی تکمیل کے لیے تھی مگر بدقسمتی سے میڈیا آج اپنے اس مقصد کو فراموش کرچکا ہے اور اپنے اصل کردار کو صحیح طور پر ادا نہیں کررہا جس سے معاشرتی اصلاح کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکا۔ مجھے امید ہے کہ آپ ہمیشہ حق کا پرچم سربلند رکھنے کی کوشش کریں گے اور میڈیا کے موجودہ اسلوب کے بجائے سابقہ روایت کو زندہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ فرائیڈے اسپیشل کے سیاسی و صحافتی مضامین دیکھنے کے بعد میں یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ آنے والے وقت میں فرائیڈے اسپیشل مقبولیت کی بلندیوں کو چھوئے گا! ان شاء اللہ۔
لیاقت بلوچ
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان

ہفت روزہ جریدہ فرائیڈے اسپیشل نوجوان نسل سمیت ہر طبقے کے لیے ایک جامع رسالہ ہے جس میں سیاست، سماج، تعلیم، صحت سمیت تمام موضوعات کا احاطہ ہوتا ہے۔ میں اس ہفتہ وار میگزین کا اکثر مطالعہ کرتا ہوں۔ وہ موضوعات جو خبروں کی زد میں نہیں ہوتے اُن کو بھی اس رسالے میں جگہ دی جاتی ہے۔ ممتاز اور معتبر شخصیات کے انٹرویوز بھی اس میں شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ مذہبی، ثقافتی و سماجی موضوعات کا بھی اچھے انداز سے احاطہ کیا جاتا ہے۔ میں اس رسالے کی پوری ٹیم کو جو اس رسالے کو ترتیب دیتے ہیں، انٹرویوز کرتے ہیں، تحریر دیتے ہیں اور اس کی اشاعت میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، اس موقع پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔
این ڈی خان، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہوئی کہ ایک معیاری ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل اپنی اشاعت کے 19 سال مکمل کررہا ہے، یہ اہم سنگِ میل اس کے قارئین کے لیے خوشی کا باعث ہے، اور جس طرح کا معیار اس میگزین نے اپنے لیے طے کر رکھا ہے یہ اسی کی خوبی ہے۔ میری جانب سے اس کی انتظامیہ اور کارکن مبارک باد کے مستحق ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی
اسپیکر پنجاب اسمبلی

فرائیڈے اسپیشل ایک علمی،سیاسی سماجی کے ساتھ ایک منفرد جریدہ ہے اس نے عمومی مزاج سے ہٹ کر سنجیدہ اور بامقصد نظریاتی صحافت کو پروان چڑھایا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ کراچی سے جاری ہونے والا ملکی و بین الاقوامی منظر نامہ کو پوری طرح کور کرنے والا حالات حاضرہ کایہ سب سے مقبول رسالہ بن چکا ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ یہ ترقی کی نئی منازل طے کرے اور قارئین کے ایک وسیع حلقہ کو نظریاتی بنیادوں پر جوڑ کر رکھے یہ معاشرے اور سماج کو اس کی ضرورت ہے۔میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں منتظمین اور ادارتی ٹیم کو جو سخت حالات میں بھی یہ صداقت کی شمع روشن رکھے ہیں۔
محمد حسین محنتی
امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ

مجھے یہ جان کر دلی مسرت ہوئی کہ فرائیڈے اسپیشل، مسلسل اشاعت کے 19سال بحمداللہ مکمل کررہا ہے۔کیا خوبصورت ہفت روزہ ۔۔۔کیا اچھے لکھنے والے۔۔۔ وقیع، جامع اور ذمہ دارانہ صحافت کا بے باک ترجمان۔ ہمیں موجودہ حالات میں وطنِ عزیز کے کئی شعبوں میں خاصے لمبے عرصے سے زوال دیکھنا پڑ رہا ہے۔ کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم زوال پرست ہونے کے ساتھ ساتھ ہمہ وقت زوال پر آمادہ بھی ہوچکے ہیں۔ ایسے پریشان کن ماحول میں ذہنوں کو جلا بخشنا، ملک و ملت کے مفاد کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا، اور خلوصِ نیت کے ساتھ عوام کی جرأت مندانہ رہنمائی، فرائیڈے اسپیشل کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔میں فرائیڈے اسپیشل کے لیے دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس وقیع علمی پرچے کے ذریعے قوم کی صحیح رہنمائی فرمائے اور وہ افراد جو اس پرچے کی اشاعت سے منسلک ہیں اُنہیں مزید ہمت اور طاقت سے سرفراز کرے۔آمین
ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی
چیئرمین، ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس

ہفت روزہ ’’فرائیڈے اسپیشل‘‘ کے 19سال مکمل ہونے پر میں جریدے کے ذمہ داران، پوری ٹیم اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ اس موقع پر فرائیڈے اسپیشل کی جانب سے خصوصی ایڈیشن کی اشاعت خوشی کی بات ہے۔ یہ فرائیڈے اسپیشل کے مدیر اور ان کی ٹیم ہے جس نے اپنی پختہ نظریاتی فکر ، بے لوث محنت و خدمت، ایثار اور پیشہ ورانہ مہارت سے اس جریدے کو پاکستان کے واحد مستند سیاسی و سماجی جریدے کی حیثیت سے منوایا ہے۔
فرائیڈے اسپیشل نے ہمیشہ ظالم و جابر حکمرانوں اور فوجی طالع آزماؤں و آمروں کے سامنے کلمۂ حق بلند کیا ہے۔ ملک کے اندر آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی، جمہوریت اور جمہوری اقدار و روایات کے فروغ میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، اور یہ پاکستان میں اسلامی تحریک کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شریک ہے۔ فرائیڈے اسپیشل نے اسلام، پاکستان، نظریۂ پاکستان کے تحفظ اور آزادئ صحافت کی جدوجہد کی ہے۔ ملک کے اندر لبرل ازم، سیکولرازم اور سرمایہ داری کے فروغ کی کوششوں اور نظریاتی جنگ میں اسلام کی حقانیت، اسلامی تعلیمات و احکامات اور شریعتِ محمدی کے پہلوؤں کو اُجاگر کیا ہے۔ مذہبی، لسانی،گروہی، علاقائی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر ایک سچے مسلمان اور پاکستانی کی حیثیت کو نمایاں کیا ہے اور قومی وحدت اور اتحاد و یک جہتی کو فروغ دیا ہے۔ امید ہے کہ یہ جریدہ مستقبل میں بھی اپنا یہ کردار جاری رکھے گا اور کامیابی و ترقی کی لازوال منازل طے کرتا رہے گا۔ (ان شاء اللہ)
حافظ نعیم الرحمن
(امیر جماعت اسلامی کراچی )

مجھے یہ جان کر دلی مسرت ہوئی کہ جسارت میڈیا گروپ نے اپنے زیر انتظام ہفت روزہ ’فرائیڈے اسپیشل‘ کی اشاعت کو بہتر سے بہتر انداز کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ بات بھی اہمیت اور خراجِ تحسین کی حامل ہے کہ یہ اشاعت کوئی چند ماہ یا سال پر محیط نہیں بلکہ اب کوئی دو دہائیوں کا سفر ہونے جا رہا ہے۔ گزشتہ 19سال کے اس طویل صحافتی سفر کی تکمیل پر میں دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
میں نے جسارت یا فرائیڈے اسپیشل کی ٹیم میں ہمیشہ ایسے باکردار، علمی و ادبی سنجیدہ لوگوں کو ہی دیکھا جنہوں نے صحافت کو مشن اور ایک ریاستی ستون کی مانند احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کی ہے۔ شاہنواز فاروقی ہوں، یحییٰ بن زکریا ہوں، اطہر ہاشمی، عبدالکریم عابد مرحوم، سید شاہد ہاشمی ہوں، پروفیسر امان اللہ، معوذ اسد، اجمل سراج، علاالدین خانزادہ، سلمان عابد سے لے کر میاں منیر احمد۔۔۔آپ جس کا نام لیں وہ بلاشبہ دنیائے علم، ادب و صحافت کا ایک انمول ستارہ ہے۔
احمد شاہ
صدر، آرٹس کونسل آف پاکستان

ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کے مضامین اور مواد کودیکھ کر یہ تاثر بنتا ہے کہ آج کے سوشل میڈیا کے دور میں یہ رسالہ اپنے قارئین کو ایک سنجیدہ، عملی فکر کے ساتھ معاشرے کے زندہ مسائل کے حل کی جانب متوجہ کرتا ہے۔ قومی ایشوز پر تواتر سے اور بلوچستان کے حوالے سے ہر ہفتہ ایک تحریر ان کے شمارے میں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اس نوعیت کا واحد رسالہ ہے جس نے بلا امتیاز قومی یک جہتی کی مثبت سوچ کو پروان چڑھایا ہے۔ یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ انہوں نے پرنٹ کے ساتھ ساتھ ویب ایڈیشن کا بھی مؤثر استعمال شروع کیا ہے۔ ہماری نوجوان نسل اس وقت کتاب سے دور ہورہی ہے اور سوشل میڈیا کے سحر میں مبتلا نظر آتی ہے۔ اس سحر نے مجموعی طور پر خیر پھیلانے کے بجائے پروپیگنڈے، جھوٹی، بے بنیاد خبروں کا ایک بڑا دائرہ کار وضع کرلیا ہے۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ مستند، مؤقر اور ذمہ دارانہ صحافت کے کلچر کو پروان چڑھایا جائے تاکہ اس طوفان کا سامنا کیا جا سکے۔ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے اب19سال مکمل کرلیے ہیں، جس پر میں ان کی تمام ادارتی و انتظامی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
ظہور احمد بلیدی
وزیر اطلاعات، بلوچستان

ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل پڑھنے کو دل کرتا ہے۔ یہ صاف ستھری صحافت اور معیاری تحریروں کے ساتھ شائع ہوتا ہے اور پڑھنے والے پر اپنے اثرات چھوڑتا ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت میڈیا حکومتوں کے لیے چیلنج بنا ہوا ہے مگر ہمارے ملک میں اسے مشکلات ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں، ہمارے ملک کے میڈیا کو قومی سلامتی اور ملکی ترقی کے لیے ہمیشہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
سجاد سرور چودھری
وائس چیئرمین سارک ایس ایم ای کمیٹی اسلام آباد

میرے لیے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ ایک نظریاتی اور تعمیری ہفت روزہ نے اپنی اشاعت کے 19 سال مکمل کرلیے ہیں۔ یقینی طور یہ سفر کٹھن بھی رہا اور آزمائش سے بھرپور بھی، لیکن فرائیڈے اسپیشل نے ملک کی سلامتی، معاشرے کی اصلاح اور نوجوانوں کو مثبت سماجی سرگرمیوں کی طرف راغب کیے رکھا۔ یہ ہفت روزہ آئندہ بھی تعمیری صحافت کرتا رہے گا۔
عبداللہ گل
صدر انجمن نوجوانان پاکستان

میرے لیے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے اپنی اشاعت کے انیس سال مکمل کرلیے ہیں، یہ ہفت روزہ ماضی کی طرح ہر طرح کے حالات میں آئندہ بھی تعمیری صحافت کرتا رہے گا۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو انیسویں سالگرہ مبارک ہو۔
سید عمران حسین بخاری
سینئر نائب صدر پاکستان بزنس فورم

فرائیڈے اسپیشل نے اپنے آپ کو ایک مکمل اور جامع میگزین کے طور پر قارئین کے لیے پیش کیا ہے۔ اس میں آپ کو روایتی مصالحہ دار خبروں کے بجائے ملکی، بین الاقوامی منظرنامے پر سنجیدہ اور اہم موضوعات پر معیاری مضامین ملتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ملکی صحافتی منظرنامے پر فرائیڈے اسپیشل نے اس طویل اشاعتی سفر میں اپنا سنجیدہ اور منفرد مقام اپنی تحاریر کی بنیاد پر قائم کیا ہے۔اس کے لیے میں پوری ٹیم اور انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ یہ میگزین معاشرے میں مثبت تبدیلی کی جانب ایک اہم کردار ادا کرے۔
راشد احمد صدیقی
چیئرمین عفیف گروپ آف کمپنیز، صدر کراچی بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک

کراچی ایک طویل عرصہ امن وامان کے مسائل سے دوچار رہا۔ یہ بنیادی طور پر ملک بھر کے عوام کے لیے روزگار کا معاشی حب ہے۔ فرائیڈے اسپیشل کراچی سے جاری ہونے والا، ایسا رسالہ ہے جس نے سخت حالات میں بھی اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کیا ہے۔میں آج بھی دیکھتا ہوں کہ ایسے ہی کچھ حالات صحافت پر وارد ہیں۔ صحافت شاید آج بھی آزادی سے سانس نہیں لے پا رہی۔ ایسے کڑے وقت میں یہ خبر کانوں کو بھی بھلی لگتی ہے کہ کراچی سے شائع ہونے والے ایک سنجیدہ، فکر انگیز، نظریاتی، محب وطن رسالے نے اپنی اشاعت کے 19سال مکمل کرلیے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس رسالے نے اپنے آپ کو کسی بھی طرح محدود نہیں کیا۔ قومی و بین الاقوامی ایشوز سے لے کر علاقائی ایشوز کو اجاگر کرنے سے لے کر سماجی مسائل پر ماہرین کے ساتھ فورمز کا انعقاد کرتا ہے، صحتِ زبان و ادب کا بھی خیال رکھتا ہے۔ ایسا رسالہ اپنی ٹیم کے ساتھ یقیناًقابلِ مبارکباد ہے۔ اس کا اپنا ایک معیار ہے اور اس نے گزرتے وقت کے ساتھ اپنے آپ کو مضبوط اور قارئین کے مزاج کے مطابق ڈھالا ہے۔
میری جانب سے فرائیڈے اسپیشل کی 19ویں سالگرہ پر نیک تمنائیں اور ترقی کی پُرخلوص دعائیں۔
رفیق سلیمان
چیئرمین،آر بی انٹرنیشنل۔سابق چیئرمین رائس ایکسپورٹر ایسو سی ایشن آف پاکستان

میرے لیے یہ بات خوشی کا باعث ہے کہ ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل نے اپنی اشاعت کے 19 سال مکمل کرلیے ہیں۔ یہ ہفت روزہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اور ہر طرح کے حالات میں آئندہ بھی تعمیری صحافت کرتا رہے گا۔ آج کے دور میں میڈیا کو مشکلات ہیں، پاکستانی میڈیا قانون کے دائرے اور آئین کے تابع رہ کر قوم کی رہنمائی کرے۔ فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو 19ویں سالگرہ مبارک ہو۔ فرائیڈے اسپیشل صاف ستھری صحافت اور معیاری تحریروں کے ساتھ شائع ہوتا ہے۔ میڈیا کو قومی سلامتی اور ملکی ترقی کے لیے ہمیشہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ایک بار پھر فرائیڈے اسپیشل کی انتظامیہ اور کارکنوں کو 19ویں سالگرہ مبارک ہو۔
میاں محمد اسلم
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان