ڈاکٹر پرویز محمود شہید نہ صرف اپنے حلقے؍ ٹائون بلکہ سماجی، سیاسی حلقوں میں ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ وہ انتہائی خوش مزاج، دردمند دل رکھنے والے انسان تھے۔ ہر وقت بلا امتیاز لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے۔ وہ ساری زندگی اپنے اُصولوں پر کاربند رہے۔ لیاقت آباد ٹائون میں غریب آباد کے قریب بننے والا کراچی کا پہلا ’’انڈر پاس‘‘ آپ کی یادگار ہے۔ وہ 14 اگست 2001ء سے 2005ء تک ٹائون ناظم کے عہدے پر فائز رہے۔
کراچی پریس کلب میں احباب و رفقاء کی جانب سے ڈاکٹر پرویز محمود کے یوم شہادت کے حوالے سے شہادت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں احباب و رفقاء کے علاوہ معروف سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی زندگی اور شہادت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کراچی کے عوام کو بھتہ خوروں اور قاتلوں سے نجات دلانے کی جدوجہد اور اس شہر میں قیامِ امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے نہایت جرأت اور بہادری سے کراچی کا امن تباہ کرنے والوں اور اسے کھنڈر بنانے والوں کے چہروں کو بے نقاب کیا، اور اس شہر میں امن کے حصول کے لیے اپنی جوانی کھپادی۔ ایسے عظیم رہنما کو یاد رکھنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ ہمیں ڈاکٹر پرویز محمود شہید کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ان کے مقاصد کو پورا کرنا ہوگا۔ کراچی میں امن و امان کی بحالی میں شہدا کا لہو بھی شامل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک اور اس شہر کی تعمیر و ترقی کی خاطر شہید ڈاکٹر پرویز محمود کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے کہا کہ پرویز محمود انفرادی شخصیت کے حامل جرأت مند اور بہادر انسان تھے، وہ ایک گم نام سپاہی تھے جنہوں نے کراچی کے مظلوم اور نہتے شہریوں کی حفاظت کی، اور بلا تمیزِ رنگ و نسل اور تعصب اتحاد و اتفاق کا پیغام عام کیا، ہمیں بھی شہید کے مشن کو آگے بڑھانا ہوگا تاکہ شہر کی رونقیں بحال ہوسکیں۔ سابق نائب سٹی ناظم طارق حسن نے کہا کہ پرویز محمود شہید شہری حکومت میں ہماری ٹیم کا حصہ رہے۔ وہ تمام ٹائون ناظمین میں واحد رہنما تھے جو ہر وقت عوام کی فلاح و بہبود اور شہر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے سرگرم عمل رہتے، اور نہ صرف شہید بلکہ جماعت اسلامی کی پوری ٹیم نے شہر کی تعمیر و ترقی میں ہمارا ساتھ دیا۔ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید نے شہر کی مذہبی شناخت کو مٹانے، شہری وسائل اور شہر میں قبضہ کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کی اور فرعونیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں شہر پر دعویٰ کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے لیکن ڈاکٹر پرویز محمود شہید آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ احمد ملک نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید ظالموں کے سامنے آخری وقت تک ڈٹے رہے۔
تقریب سے سہیل عابدی، پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل شیخ، چیئرمین مہاجر قومی لیگ فرید خان، وائس چیئرمین وسطی مولانا سلطان محمود، جامعہ ربانیہ ناظم آباد کے مہتمم مولانا شمس الہدیٰ و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت مرزا فرحان بیگ نے کی۔